(DICE-CAM 2018 (Distinguished Innovations Collaboration and Entrepreneurship – Creative Arts & Media)
کراچی میں دو روزہ ڈائس کیم کانفرنس 2018 آرٹس کونسل میں کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئی۔
پروگرام کا پہلا دن فلم، ٹی وی، ڈاکیومنٹری، اینیمیشن اور سی جی آئی اسپیشل افیکٹس سے متعلق ورکنگ سیشنز پر مبنی تھا جس کا آغاز صبح سے ہوا اور شام تک جاری رہا۔ شرکاء کو اُن کے شعبوں کے حساب سے ٹیموں میں تقسیم کیا گیا جنھوں نے باہمی مشاورت کے ساتھ اپنے تجربات کی بنیاد پر آئیڈیاز اور تجاویز پیش کیں۔ سیشنز کی نگرانی امریکی فلم ‘جِن’ کے پروڈیوسر اجمل ظہیر احمد نے کی۔
شام کے سیشنز میں ڈائس کے بانی اور چئیرمین ڈاکٹر خورشید قریشی نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے ڈائس کا نظریہ اور بنیادی مقاصد بیان کیے جس کے بعد ڈائس بورڈکے ارکان، ماہرین تعلیم اور انڈسٹری سے جڑی اہم شخصیات نے تقاریر کیں۔ ڈِنر کے بعد زیشانے ملک نے کلاسیکل رقص جب کہ عثمان مظہر نے اسٹینڈ اپ کامیڈی پرفارمنس پیش کی۔آئی ایم کراچی سے وابستہ فنکاروں نے بِیٹ باکسنگ کا مظاہرہ کیا۔ زہرہ اور علیشا ڈیاس نے اپنی میوزیکل پرفارمنس سے شرکاء کو محظوظ کیا۔
کانفرنس کا دوسرا دن طلبہ کی بنائی گئی مختصر فلموں اور آرٹ کے نمونوں کی نمائش پر مشتمل تھا جبکہ شام کے سیشن میں تقسیم ایوارڈز کی تقریب منعقد کی گئی۔
ڈائس فاونڈیشن ایک غیر منافعہ بخش اور ٹیکس سے مستثنی تنظیم ہے جو امریکی ریاست مشیگن میں رجسٹرڈ ہے۔ ڈائس کریئیٹو آرٹ اینڈ میڈیا (کیم) کے قیام کا مقصد ڈیزائن، فن ،مواصلات اور فلم کی طاقتور اصناف کو اساتذہ، فنکاروں اور تخلیقی ذہن رکھنے والی کاروباری شخصیات کے لیے فائدہ مند اور آسان تربنانا ہے۔