مدارس کے نصاب میں تبدیلی کے لیے تیار ہیں ۔ وفاق المدارس

وفاق المدارس العربیہ نے دینی مدارس کے دفاع کے لیے طویل المیعاد منصوبے کا اعلان کردیا

وفاق المدارس کے جنرل سیکرٹری مولانا محمد حنیف جالندھری نے منصوبے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ دینی مدارس کے بارے میں عوام الناس میں شعور اجاگر کرنے اور اہل مدارس کے باہمی روابط وتعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے بیداری مہم شروع کی جارہی ہے۔

اس مہم کے دوران ملک بھر میں 16مقامات پر ڈویژنل کنونشنز انعقاد پذیر ہوں گے اور 20 مارچ 2016 کو لاہور میں مینار پاکستان پر مقصد پاکستان اجتماع کا انعقاد اس مہم کا نقطہ عروج ہوگا-اسلام آباد،لاہور،کراچی،پشاور اور کوئٹہ میں وفاق المدارس کے دفاتر قائم کیے جائیں گے-

مدارس کے ذمہ داران اور اساتذہ وطلباءکو درپیش قانونی مسائل اور جھوٹے مقدمات کی پیروی کے لیے نامور ماہرین قانون پر مشتمل لیگل کمیٹی تشکیل دی جائے گی-

میڈیا میں مدارس کے کردار وخدمات کو اجاگر کرنے اور روابط بڑھانے کے لیے مرکزی میڈیا سیل کے تحت چاروں صوبائی مقامات پرصوبائی میڈیا سنٹرز قائم کیے جائیں گے-

مولانا محمد حنیف جالندھری نے بتایا کہ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ دینی مدارس کے نظام ونصاب میں دینی اور ملی ضروریات وترجیحات کو مقدم رکھتے ہوئے جو تبدیلیاں ناگزیر ہوں گی صرف وہی کی جائیں گی اور اس حوالے سے کسی قسم کا بین الاقوامی یا حکومتی دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا-

انہوں نے کہا کہ مدارس کے داخلی نظم وضبط کو بہتر بنانے کے لیے وفاق المدارس کی طرف سے مدارس کے الحاق کی تجدید کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اورآئندہ مدارس کے اساتذہ اور منتظمین ومہتممین کے لیے ٹیچرز ٹریننگ کے شارٹ کورسز بھی کروائے جائیں گے-

جنرل سیکرٹری وفاق المدارس العربیہ پاکستان نے بتایا کہ دینی مدارس کی امیج بلڈنگ اور مدارس کے کردار وخدمات کا دائرہ وسیع کرنے اور زیادہ موثر بنانے کے اس منصوبے پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے ایک ملکی سطح کی کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں مولانا عبیداللہ خالد، مولانا قاضی عبدالرشید، مولاناامداد اللہ،مولانا حسین احمد،مولانا زبیر احمد،اصلاح الدین حقانی، مولانا قاری مطیع اللہ، مولانا صلاح الدین ،مولانا محمد ابراہیم اور قاری عبدالرشید شامل ہوں گے مولانا محمد حنیف جالندھری جنرل سیکرٹری وفاق المدارس العربیہ پاکستان اس کمیٹی کے سربراہ ہوں گے-

وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس وفاق المدارس کے مرکزی دفتر میں صدر وفاق مولانا سلیم اللہ خان کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر،مولانا مفتی محمد رفیع عثمانی،مولانا انوار الحق اور مولانا محمد حنیف جالندھری کے علاوہ ملک کے چاروں صوبوں،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ممتاز علمائے کرام اور مشائخ عظام پر مشتمل مجلس عاملہ کے اراکین نے شرکت کی-

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے