کرونا وائرس کی عالمی وبا نے نظام زندگی معطل کر کے رکھ دیا ہے اور لوگ اس وبا کی روک تھام اور اس کے بعد پیدا ہونے والے حالات کے تحت نئے سماجی تشکیلاتِ زندگی منظم کر رہے ہیں۔ کرونا کی وبا کے بعد سب سے زیادہ خطرہ طب سے وابستہ افراد کی فرنٹ لائن کو پیدا ہوا ہے جو کہ انسانی زندگیوں کو بچانے میں پیش پیش ہیں جبکہ موجودہ معروضی حالات میں انسانی خدمت کا جذبہ بھی مزید ابھر کر سامنے آیا ہے اور لوگ خدمت خلق کے تحت بڑھ چڑھ کر ایک دوسرے کی مدد کر رہے ہیں، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ملک میں سب سے پہلے ٹیلی میڈیسن کے تصور کو اجاگر کیا اور اس سے ناصرف موجودہ حالات میں موثر تدبیر سامنے آئی ہے بلکہ معاشرے کے وہ نچلے طبقات جن کی آمدن انہیں کسی ماہرِ امراض کے پاس جانے کی اجازت نہ دیتی وہ بھی گھر بیٹھے ایک کال کر کے مفت مشورہ حاصل کر سکتے ہیں۔پنجاب بھر میں اب تک درجن بھر سے زائد ٹیلی میڈیسن ہیلپ لائن سنٹر قائم کیے جا چکے ہیں تاہم جنوب مغربی اضلاح کیلئے کوئی ایسی سہولت ناں تھی جس پر سرگودھا یونیورسٹی نے آگے آ کر اس کا ذمہ لیا اور ٹیلی میڈیسن ہیلپ لائن قائم کر دی جس کا افتتاح گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے آن لائن بٹن دبا کر کیا۔
اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے وڈیو لنک کے ذریعے اپنے خطاب میں کہا کہ ٹیلی میڈیسن سنٹر سرگودہا یونیورسٹی کا قیام نہ صرف سرگودہا بلکہ دور دراز علاقوں ملک سمیت دنیا بھر میں سنٹر آف ایکسی لینس بنے گا اور یہ ہیلپ لائن مریضوں کے لئے دست شفاء ثابت ہوگی جس کا کریڈٹ وائس چانسلر ڈاکٹر اشتیاق احمد اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈیکل سٹاف اور طبی عملہ بھرپور خراج تحسین کا مستحق ہے جو اس مشکل اور کڑے وقت میں اپنی قوم کی لازوال خدمت سر انجام دے رہا ہے۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ پنجاب میں پہلا سنٹر 18 مارچ کو کھولا گیا اور اب تک پنجاب میں ہیلپ لائن سنٹرز پر 15ہزار سے زائد لوگوں نے مفت طبی معاونت حاصل کی جو کہ ایک ریکارڈ ہے اور ایسی طبی معاونت کا یورپ اور دیگر ترقی یافتہ ممالک میں تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے حوالہ سے ہمیں ان قوموں سے سبق سیکھنا ہے جنہوں نے اس وباء سے نجات حاصل کی جس میں چین سرفہرست ہے اور ہمیں کورونا سے لڑنے کے لئے گھروں میں رہنا ہوگا۔ ہمیں چاہئے کہ ہم گھروں میں رہیں اور ڈاکٹرز کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور اس ٹیلی میڈیسن ہیلپ لائن سے بھرپور استفادہ حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس مشکل وقت میں ضرور سرخرو ہوں گے اور انہیں پتہ ہے کہ سرگودہا ایک پسماندہ علاقہ ہے۔طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے سرگودہا ہماری ترجیحات میں سرفہرست ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اس بحران کو مواقع میں بدلنے کیلئے پوری طرح پرعزم ہیں۔
اس موقع وائس چانسلر ڈاکٹر اشتیاق احمد نے کہا کہ سرگودہا یونیورسٹی میں ٹیلی میڈیسن سنٹر سہولت مرکز یونیورسٹی میں قائم کیا گیا ہے جب کہ یونیورسٹی ویب سائٹ کے ذریعے بھی لنک کرکے طبی سہولیات سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرگودہا میڈیکل کالج کے ڈاکٹرز روزانہ 12 گھنٹے اپنی گرانقدر خدمات سرانجام دیں گے اور کڑے وقت میں ڈاکٹرز کا کردار انتہائی اہم اور قابل تعریف ہے جو فرنٹ لائن پر کھڑے ہیں اور ہم اپنے ڈاکٹرز کو بھرپور سپورٹ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیلی میڈیسن سنٹر مریضوں کو مفت طبی سروسز فراہم کرے گا۔
ٹیلی میڈیسن سنٹر میں تمام امراض کے ماہر ڈاکٹرز مریضوں کو موبائل فون واٹس ایپ اور سکائپ کے ذریعے فری مشورہ دیں گے جبکہ ہیلپ لائن سنٹر سے تشخیص اور ای نسخہ بھی تجویز کیا جائے گا۔ ٹیلی میڈیسن سنٹر صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک کھلا رہے گا۔ ٹیلی میڈیسن سنٹر سہولت سنٹر سرگودہا یونیورسٹی میں قائم کیا گیا ہے جس میں ٹیلی میڈیسن 0304-1112101،ٹیلی میڈیسن سرجری کے لئے موبائل واٹس ایپ نمبر 0301-9267158، ٹیلی میڈیسن(میڈیکل) کے لئے واٹس ایپ نمبر 0301-9267159، امراض بچگان کے لئے واٹس ایپ نمبر 0307-6628472، ٹیلی میڈیسن کورونا کے لئے 0307-6628473 جبکہ ٹیلی میڈیسن دیگر امراض کے لئے 0307-6628471کے واٹس ایپ نمبروں پر مقررہ اوقات میں رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ اسی طرح سکائپ آئی ڈی Telemedicine Surgery، Telemedicine Medicine، Telemedicine Others، Telemedicine Peads، Telemedicine Coronaپر بھی مقررہ اوقات میں کال کی جاسکتی ہے جس پر تمام امراض کے ماہر ڈاکٹرز مریضوں کو مشورہ، تشخیص اور ای نسخہ تجویز کریں گے جبکہ سرگودہا یونیورسٹی کی آفیشل ویب سائٹ www.su.edu.pkکے ذریعے بھی ٹیلی میڈیسن سنٹر سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ سرگودہا میڈیکل کالج کے ڈاکٹرز پر مشتمل ٹیموں نے ٹیلی میڈیسن سنٹر میں اپنے فرائض سر انجام دینا شروع کردئیے ہیں۔انچارج ٹیلی میڈیسن سنٹر ڈاکٹر سیف اللہ گورائیہ نے بریفنگ میں بتایا کہ ٹیلی میڈیسن سنٹر سرگودہا یونیورسٹی سے لوگ گھر بیٹھے سکائپ، واٹس ائپ کے ذریعے مفت طبی مشورے حاصل کرسکیں گے اور اس سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی بھی روک تھام بھی ہوسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب لوگوں کی زندگی کی حفاظت ان کے اپنے ہاتھ میں ہے۔اس موقع پر پرنسپل سرگودہا میڈیکل کالج ڈاکٹر حمیرا کرم، ڈائریکٹر ایمپلیمنٹیشن مبشر طارق، پروفیسر ڈاکٹر ہاشم عمران سمیت دیگر ڈاکٹرز، طبی عملہ، نرسزاور سٹاف بھی موجود تھا۔ سرگودھا یونیورسٹی کی جانب سے قائم کردہ ہیلپ لائن پر اب تک ہزاروں افراد ماہرین طب سے رابطہ کر کے مفت طبی مشورے اور کرونا وائرس سے تحفظ کیلئے رہنمائی اور بیماریوں کے علاج کیلئے نسخے حاصل کر چکے ہیں۔