بھارتی طالب علموں کی پاک بھارت امن کے فروغ کے لئے انڈیا گیٹ سے واہگہ پارڈر تک سائیکل ریلی
بھارتی طالب علموں کی پاک بھارت امن کے فروغ کے لئے انڈیا گیٹ سے واہگہ پارڈر تک سائیکل ریلی
نئی دہلی،بھارت(ڈی این ڈی): مختلف بھارتی یونیورسٹیوں سے تعلق رکھنے والے 25طلبا کے ایک گروپ نے پاکستان اور بھارت کے مابین تعلقات اور دوطرفہ امن کے فروغ کے لئے جمعہ کے روز انڈیا گیٹ سے سائیکل ریلی نکالی جو کہ 15جنوری کو واہگہ بارڈرپہنچی گی۔
ایک سابق طالب علم اور سماجی کارکن پروین سنگھ کی قیادت میں نئی دہلی کی مختلف یو نیورسٹیوں سے تعلق رکھنے ولے 25طلبا پر مشتمل ’’پیپل فار پیس‘‘نامی گروپ کی انڈیا گیٹ سے واہگہ بارڈر تک سائیکل ریلی کا مقصد پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کی ضرورت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔
سینئر صحافی کلدیپ نیئر اور ایڈوکیٹ پرشانت بھوشن نے یکم جنوری برو ز جمعہ کو انڈیا گیٹ سے سائیکلسٹس کو رخصت کیا۔حیدر آباد سے تعلق رکھنے والی چھ لڑکیاں بھی سائیکل ریلی میں حصہ لے رہی ہیں۔
اس موقع پر پروین سنگھ نے پاک بھارت تعلقات کی بہتری کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہا کہ دونوں ہمسایہ ممالک ہتھیاروں کی دوڑ میں ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کے لئے اربوں روپے ضائع کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اپنی غریب عوام کو درپیش مسائل کو حل کرنے کی بجائے ہتھیاروں کی فروخت میں زیادہ پیسہ خرچ کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمیں علاقائی سے لیکر عالمی سطح تک بہت سے سماجی و معاشی مسائل درپیش ہیں جن میں غربت میں اضافہ، ہسپتالوں کی کمی، پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی، طلباء کے لئے ہوسٹلز کی کمی، امن و امان کی مخدوش صورتحال، سرحدی تنازعا ت اور جنوب مشرقی ایشیائی خطے میں عدم معاشی استحکام وغیرہ شامل ہیں۔ پروین سنگھ نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ان مسائل کو جلد از جلد حل کیا جائے ۔
واضح رہے کہ یہ تیسرا موقع ہے کہ یہ گروپ پاک بھارت تعلقات کے فروغ کے لئے سائیکل ریلی کا اہتمام کر رہا ہے ۔اس سے پہلے 2013میں کنیاکماری سے واہگہ بارڈر تک پہلی بار سائیکل ریلی نکالی گئی جبکہ 2014میں دوسری بار ڈی یو شمالی کیمپس سے واہگہ بارڈر تک ریلی کا اہتمام کیا گیا۔