دل والے کامیاب فلموں میں شامل

شاہ رخ خان کی نئی فلم دل والے اپنے پانچویں ہفتے میں داخل ہونے کے بعد بھارت میں ایک سو اننچاس کروڑ بھارتی روپے اور دنیا بھر میں تین سو اکیاسی کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔ فلم کی تیاری میں سوکروڑ کی لاگت آئی تھی۔

اس فلم میں شاہ رخ خان کے مقابل کاجول ہیں، اور فلمی دنیا کی اس طلسماتی اور مشہور رومانوی فلمی جوڑی کے پانچ سال بعد دوبارہ یکجا ہونے کی وجہ سے فلم اپنی تشہیری مہم کے دوران بھی فلم بینوں کی توجہ کا مرکز بنی رہی اور وہ اس کی ریلیز کا بے چینی سے انتظار کرتے رہے۔ اس فلم میں کاجول اور شاہ رخ خان نے ساتویں بار ایک ساتھ کام کیا ہے۔

فلم کی ہدایات روہیت شیٹھی نے دی ہیں جبکہ فلم کی پروڈیوسر گوری خان ہیں۔ فلم ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ اور روہیت شیٹھی پرڈکشن کے بینر تلے ریلیز کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ شاہ رخ خان اور روہیت شیٹھی اس سے قبل 2013 میں بلاک بسٹر فلم چنائے ایکسپریس بھی بنا چکے ہیں۔

Dilwale-poster

دل والے کی کہانی بلغاریہ کے دو مخالف گینگ وار ڈان رندھیر بخشی (ونود کھنہ) اور ملک (کبیر بیدی) کی دشمنی کے گرد گھومتی ہے۔ رندھیر بخشی کا منہ بولا بیٹا راج ( شاہ رخ خان) جو اس کا دایاں بازو بھی ہے اور ملک کی چہیتی بیٹی میرا ملک (کاجول) واقعتا ایک دوسری کی محبت میں گرفتار ہوجاتے ہیں اور یہ حقیقت جاننے کے بعد بھی کہ ان دونوں کے باپ ایک دوسرے جانی دشمی ہیں، ایک دوسرے سے شادی کرنےکا فیصلہ کرتے ہیں۔ راج اپنے باپ کو میرا کا رشتہ لے اس کے باپ کے پاس جانے پر راضی کر لیتا ہے لیکن میرا کا باپ اس دن راج کے باپ کے ساتھ دھوکہ کرتا ہے اور ایک لڑائی کا آغاز کردیتا ہے اور مارا جاتا ہے۔ اس واقعے کے بعد میرا راج سے بددل ہوجاتی ہے اور راج کے باپ کو اپنے باپ کا قاتل مان کر اس سے نفرت کرنے لگتی ہے اور تعلق ختم کردیتی ہے۔ ادھر راج بھی اس واقعے کے بعد بدمعاشی کی زندگی کو چھوڑ کر گاڑیوں کا ورک شاپ کھول لیتا ہے اور اپنے ماضی کو کہیں پیچھے چھوڑ کو ایک شریف انسان بننے کی کوشش کرتا ہے۔

Dilwale_(2015)_album_cover

یہ تعلق پندرہ سال بعد اس وقت جڑنے کی کوئی امید نظر آتی ہے جب راج کا چھوٹا بھائی ویر (ورن دھون) اور میرا کی چھوٹی بہن اشیتا ( کریتی سینن) ایک دوسرے سےمحبت کرنے لگتے ہیں۔ ان دونوں کی محبت راج اور میرا کے درمیان غلط فہمیوں کو ختم کرنے میں کامیاب ہوجاتی ہے اور تمام باقی دیگر بھارتی فلموں کے اختتام کی طرح سب ہنسی خوشی رہنے لگتے ہیں۔

ناقدین سے اس فلم کو پانچ میں سے چار سے لے کر دو سٹار تک بھی دئے ہیں۔ مختلف آرا سامنے آنے کے باوجود یہ فلم شاہ رخ خان اور کاجول کے مداحوں کے لیے مکمل تفریح ہے ۔

Dilwale

کاجول اس فلم میں بہت خوبصورت لگ رہی ہیں جبکہ شاہ رخ خان نے اپنے تجربے کے لحاظ سے بھرپور اداکاری کی ہے ۔ گوکہ انھوں نے پوری کوشش کی ہے کہ نئے فنکاروں کو اداکاری کا زیادہ سے زیادہ موقع دیاجائے لیکن سکرین پر ان کی شخصیت کا سحر ہی ناطرین کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔ ورن دھون نے اچھی اداکاری ہے لیکن کریتی سینن کو ابھی مزید محنت کی ضرورت ہے۔ فلم میں بومن ایرانی نے کنگ اور جونی لیورنے مانی بھائی کے کرداروں سے انصاف کیا ہے۔

اس فلم کی عکسبندی بھارت کے شہروں حیدرآباد اور گویا کے علاوہ بلغاریہ اور آئس لینڈ میں بھی کی گئی ہے۔

فلم 18 اکتوبر کو دنیا بھر میں ریلیز کردی گئی جبکہ متحدہ عرب امارات میں اسے ایک دن قبل ریلیز کیا گیا۔ یہ فلم دنیا بھر میں 3100 سکرینوں پر لگائی گئی۔

برطانیہ میں فلم کو درمیانے درجے کا تشدد دکھانے والی فلم کی کیٹیگری میں شامل کرنے کے لئے اس میں سے 13 سیکنڈ حذف کردئے گئے۔

فلم کے تمام گانے امیتابھ بھٹہ چاریہ نے لکھے ہیں، جن کی دھنیں پریتم چکربورتی نے ترتیب دی ہیں۔ جبکہ فلم کا میوزک امر موہالی نے کمپوز کیا ہے۔

فلم کا مشہور گانا ’گیروا‘ ریلیز سے ایک ماہ قبل 18 نومبر کا جاری کردیا گیا جبکہ دوسرا گانا ’من ما اموسن جاگے‘ بھی قبل از ریلیز پیش کردیا گیا۔ فلم میں کل سات گانے شامل ہیں جن کا دوارانیہ کل 30 منٹ ہے۔

فلم کے البم کے حقوق سونی میوزک کو 19 کروڑ روپےمیں اور فلم کی ریلیز کے حقوق بھی سونی پکچر نیٹ ورک کو 60 کروڑ روپےمیں بیچے گئے۔

دل والے اپنے پہلے ویک اینڈ پر 8۔6 ملین ڈالر کا بزنس کرنے کے بعد 2015 میں بیرون ملک سب سے زیادہ بزنس کرنے والی بھارتی فلموں میں شامل ہوگئی ہے۔ یہ بات بھی قابل زکر ہے کہ دل والے شاہ رخ خان کی اب تک بھارت سے باہر ریلیز ہونے والی فلموں میں سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم بن گئی ہے۔

فلم نے پاکستان میں بھی ریلیز کے پہلے تین دنوں میں 6ء5 کروڑ روپے کا ریکارڈ بزنس کیاہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے