حکمران کرپشن چھپانے کے بجائے نیب کو پنجاب میں کام کرنے دیں ۔ سراج الحق

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ہم پاکستان کو ہر طرح کی کرپشن سے پاک ملک بنانا چاہتے ہیں ۔ پاکستانی عوام آج کرپشن میں ڈوبی ہوئی ہے ۔ کرپشن کوختم کر لیا جائے تو ترقیاتی بجٹ دوگنا ہو جائے گا ۔ آئین پاکستان کے مطابق ہر غریب آدمی کے بچوں کو تعلیم، علاج ، ہر بے گھر فرد کو شیلٹر اور مکان دینا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے دو دو بار حکومت کی ہے ۔ دونوں مرتبہ کرپش کی وجہ سے ان کی حکومتیں ختم ہوئی ہیں ۔ آج بھی کرپشن کا وہی دور دورہ ہے ۔ جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام کرپشن سے پاک پاکستان سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ماضی میں ایسے حکمران گزرے ہیں جن پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں ہے ۔ قائد اعظم ؒ اور لیاقت علی خان ؒ کا دامن کرپشن سے پاک تھا ۔ اپنے اور غیروں نے قائد اعظم اور لیاقت علی خان کو کرپشن سے پاک قرار دیا ہے آج حکومتوں میں رہنے والے لوگ حکومت ختم ہونے پر سرکاری بنگلوں میں لگے گملے بھی اپنے ساتھ گھروں کو لے جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ان کرپٹ لوگوں کے گریبانوں میں غریبوں کا ہاتھ پہنچے گا تو لوٹی ہوئی دولت قوم کو واپس کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ نیب کی کارکردگی مایوس کن ہے ۔ ان کے اوپر اٹھنے والے اخراجات بہت بھاری ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ترک لیڈر کی بیوی نے غریب یتیم بچی کو سونے کا ہار دیا، وہ ہار یتیم بچی سے وزیر اعظم گیلانی کی بیوی نے اپنے پاس رکھ لیا ۔ انہوں نے کہاکہ حکمران سر سے پاﺅں تک کرپشن میں لتھڑے ہوئے ہیں ۔ کرپٹ اشرافیہ نے قومی دولت لوٹ کر باہر بھیجی ہے ۔ روزانہ 12 ارب کی کرپشن اور سالانہ4380 ارب سے زائد کی کرپشن ہورہی ہے ۔

سراج الحق نے کہاکہ اسلام آباد میں سیاسی رشوت کے طور پر پچاس ہزار ایکڑ زمین تقسیم کی گئی ہے ۔ ٹیکس غریب لوگ دیتے ہیں ۔ اٹھارہ کروڑ عوام میں سے دس لاکھ لوگ ٹیکس دیتے ہیں ۔ اس قوم کے پاس ایک ہی آپشن ہے کہ وہ اپنے حقوق کے لیے خودہی اٹھیں ۔ انہوں نے کہاکہ ایک جمہوری ملک میں غربت کے ہاتھوں لوگ خود کشیاں کررہے ہیں ۔ میرٹ کی پامالی ، اخلاقی ، انتخابی کرپشن ہے ۔ کرپٹ سیاستدان رنگ، جھنڈے اور پارٹیاں بدل کر نئے انداز سے عوام پر مسلط ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اب احتساب ہونا چاہیے اور سر عام احتساب ہوناچاہیے ۔ انہوں نے اورنج ٹرین کے حوالے سے عامر لطیف کی گرفتاری کے پس پردہ حقائق سامنے لائے جائیں ۔

سراج الحق نے کہاکہ قوم سے معاملات چھپائے نہ جائیں ۔ حکومت ہمت کرے اپنے شہریوں کو حقائق سے آگاہ کرے ۔ احتساب بلا تخصیص ہونا چاہیے ۔نیب کا ادارہ اگر کراچی میں کام کررہاہے تو اسے پنجاب اور دیگر صوبوں میں بھی اسی طرح کام کرنے دیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ کرپٹ لوگوں کا سوشل بائیکاٹ کیا جائے ہم نے کرپشن کے خلاف پورے ملک میں دھرنوں کا اعلان کر رکھاہے ہم عوامی حمایت سے کرپٹ حکمرانوں سے عوام کو نجات دلائیں گے ۔

سیمینار سے جے یو آئی کے رہنما حافظ حسین احمد ، معروف کالم نگار حامد میر ، ماہر معاشیات ڈاکٹر شاہد حسن صدیقی ، نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم اور امیر جماعت اسلامی اسلام آباد زبیر فاروق خان نے بھی خطاب کیا ۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے