گورنر پنجاب رفیق رجوانہ کا کہنا ہے کہ مسلمانوں پر جتنے مظالم ڈھائے جا رہے ہیں اس مناسبت سے صرف یوم القدس نہیں ، بہت سے دن منانے چاہئیں، دہشتگردی اور جرائم کو روکنے کیلئے ہمیں خود میں تبدیلی لانا ہوگی۔
میر خلیل الرحمن میموریل سوسائٹی اور امامیہ آرگنائزیشن کے تحت لاہور میں سیمینار منعقد کیا گیا۔
مہمان خصوصی گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے خطاب میں کہا کہ مسلمانوں پر ہونے والے مظالم اور اتحاد کی کمی مسلم امہ کی بدحالی اور بڑے مسائل کا باعث ہے۔
بیت المقدس کی حفاظت مسلمانوں کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے۔
مسلم ممالک اپنے مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے متحد ہو جائیں اور بیت المقدس کا مسئلہ اقوام متحدہ میں اٹھائیں.
گورنر پنجاب نے کہا کہ فرقہ واریت اور دہشتگردی نے پاکستان کو بہت نقصان پہنچایا تاہم دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاک فوج کی کاوشیں قابل قدر ہیں۔
چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ صدیق الفاروق نے کہا کہ مسلم امہ کی نا اتفاقی ان کی اقتصادی اور دفاعی کمزوری کی وجہ ہے ۔
سیمینار سے ایم کے آر ایم ایس کے چیئرمین واصف ناگی، امامیہ آرگنائزیشن کے سربراہ لعل مہدی، ناصر شیرازی ، بادشاہی مسجد کے خطیب مولانا عبدالخبیر آزاد ، سینئر صحافی سہیل وڑائچ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔