گورنر سندھ محمد زبیر کی میزبانی میں کراچی فلم سوسائٹی کے تحت پاکستان انٹرنیشنل فلم فیسٹول کے لئے تعارفی تقریب گورنر ہاﺅس میں منعقد کی گئی جس میں جرمنی ، جاپان ، ایران ،مراکش کے قونصل جنرلز اور کراچی فلم سوسائٹی کے بانی عہدیداروں نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب میں گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی میں ثقافتی سرگرمیاں روز بروز بڑھتی جارہی ہیں اور انٹرنیشنل فلم فیسٹول کا انعقادوقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مارچ 2018 ء میں کراچی میں پاکستان انٹرنیشنل فلم فیسٹول کے انعقاد سے نہ صرف ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ میں مدد ملے گی بلکہ فلم انڈسٹری سے وابستہ ملکی اور غیر ملکی افراد بھی ایک دوسرے کے مزید قریب آئیں گے جس سے پاکستانی فلمسازوں ، اداکاروں اور دیگر متعلقہ افراد کو دنیا میں مختلف موضوعات پر بننے والی فلموں سے بھی سیکھنے کا موقع ملے گا اورتمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل بیٹھنے سے آئیڈیاز ،تصوراور اسٹوریز کے تبادلوں سے فلم انڈسٹری کو تقویت حاصل ہوگی۔
گورنر سندھ جو کراچی فلم کے سوسائٹی کے سرپرست بھی ہیں نے کہا کہ فیسٹول کے بعد کراچی بھی فلم کی بڑی انڈسٹری کے طور پر سامنے آئے گا جس سے فلم بنانے والوں کے کام میں بھی مزید نکھار آئے گا اور ایک بار پھر شہر میں فلم انڈسٹری کو فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان انٹر نیشنل فلم فیسٹول کے زیر اہتمام مختلف ایونٹس کے انعقاد میں سینما کے عظیم لیجنڈز کو خراج تحسین پیش کرنا بھی ہے ۔
گورنر سندھ نے کراچی فلم سوسائٹی کے عہدیداروں کی کا وشوں کو سراہتے ہوئے ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ کراچی لٹریچر فیسٹول کی طرح پاکستان انٹر نیشنل فلم فیسٹول بھی ہر سال منعقد کیا جائے گا۔
پاکستان انٹرنیشنل فلم فیسٹول میں دنیا بھر سے شریک ہونے والے فلمسازوں کی مختلف موضوعات پر بنائی جانے والی محدود دورانیہ کی فلم، ڈاکیومنٹری اور فیچر فلم شہر کے مختلف سینما گھروں، فریئرہال اور موبائل سینماؤں میں دکھائی جائیں گی۔
تقریب سے خطاب میں ڈاکٹر عشرت حسین نے کہا کہ شہریوں کی جانب سے عالمی سطح پر پاکستان بالخصوص کراچی کے اصل تاثر کو اجاگر کرنے کی یہ ایک بڑی کاوش ہے۔
ہم نیٹ ورک اور کراچی فلم سوسائٹی کی صدر سلطانہ صدیقی نے کہا کہ ہماری سوسائٹی کے ساتھیوں کی یہ ایک اہم کاوش ہے اور مجھے اس ٹیم کا حصہ ہونے پر فخر ہے کیونکہ یہ ایونٹ نئے فلم سازوں کو عالمی سطح پر کام کرنے ضمن میں اہم مواقع فراہم کرے گا۔
کراچی فلم سوسائٹی اپنے شعبوں میں نمایا ں خدمات انجام دینے والے افراد پر مشتمل ہے جن میں پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ یافتہ ہم نیٹ ورک لمیٹڈ کی صدر سلطانہ صدیقی (صدر)، اسٹیٹ بنک کے سابق گورنر ڈاکٹرعشرت حسین، آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کی منیجنگ ڈائریکٹرامینہ سید، رائٹر، فلمساز، پالیسی ساز، سابق وفاقی وزیراورسینیٹر جاوید جبار، حبیب میٹرو پولیٹن بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹیو سراج الدین عزیز، اسپیشل اولمپکس پاکستان کی چیئر پرسن رونق لاکھانی، نیوپلیکس سینما کے ثیف ایگزیکٹوآفیسر جمیل بیگ، اور آسکر ایوارڈ یافتہ پاکستانی ڈائریکٹراور پروڈیوسر شرمین عبید چنائے شامل ہیں۔