سلمان ربانی
کراچی
۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
پاکستان ائیرفورس کی جانب سے جنید جمشید کا تیار کیا جانے والا ملی نغمہ 6 ستمبر کو ریلیز کیا جائے گا
سابق پاپ سنگرجنید جمشیداپنے ماضی کے خاص انداز کے ملی نغموں کی وجہ سے لوگوں کے دلوں میں بسے ہوئے ہیں
دل دل پاکستان ،
قسم ہے اس وقت کی اور
اونچی بہت اونچی جیسے ترانے تو آج بھی لوگوں کے ذہنوں میں محفوظ ہیں،
حال ہی میں 14اگست کے لئے بنوریہ میڈیا کی جانب سے ریلیز کیے گئے ملی نغمے میں جنید جمشید ایک نئے اور منفرد انداز میں نظر آئے،
یہ نغمہ بے حد پسند کیا گیا،جس پر پاکستان ائیر فورس کے سینئر افسران نے جنید جمشید سے رابطہ کرکے پاک وطن ملی نغمے کو خراج تحسین پیش کیا اور ساتھ ساتھ یوم دفاع پاکستان کے موقع کی مناسبت سے پاک وطن کے کانسپٹ کے مطابق اسی طرح کا ہی ایک ملی نغمہ پاکستان ائیر فورس کے لئے تیار کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا، جیسے جنید جمشید بخوشی قبول کرکے اس پر کام شروع کردیا
جنید جمشید اپنا پرانہ ملی نغمہ اونچی بہت اونچی کا انتخاب کیا ہے جو ماضی میں پاک فضائیہ کے لیے ہی تیار کیا گیا تھا ۔
جنید جمشید اس ملی نغمے کو مختلف گائیکوں کے ساتھ مل کر اسے دوبارہ ریکارڈ کر رہے ہیں اور اسے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر جاری کیا جائے گا ۔
آئی بی سی اردو سے گفت گو میں جنید جمشید کا کہنا تھا کہ اگست میں چاند ستارہ اور پاک وطن کا تحفہ قوم کو دیا تھا اب یوم دفاع پر ایک اور منفرد تحفہ دوں گا ۔
جنید جمشید کا مزید کہنا تھا کہ ملک کی موجودہ صورتحال جس نہج پر پہنچ چکی ہے کہ یہاں بھائی بھائی کا گلا کاٹنے پر تلا ہوا ہے، قومیت عصبیت، لسانیت اور فرقہ واریت اتنی زیادہ پھیل چکی ہے پاکستانیت اور مسلمانیت تو ختم ہوتی جارہی ہے ، ایسے موقع پر ضروری ہے کہ اس ملک کا ہر فرد اپنی اپنی حیثیت کے مطابق متحد کرنے کی کوشش کرے،
جنید جمشید کا کہنا تھا کہ انہوں نے عہد کیا ہے مستقبل میں حمد و نعت کے ساتھ ساتھ وقتا فوقتا قوم کو ملی نغموں اور ترانوں کے تحفے بھی پیش کرتا رہوں گا۔