کراچی: منظور کالونی میں نامعلوم افراد نے میاں بیوی اور 2 بچوں کو تیز دھار آلے کی مدد سے قتل اور ایک بچے کو زخمی کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق نامعلوم افراد نے منظور کالونی میں جدون چوک کے قریب واقع گھر میں گھس کر میاں بیوی اور 2 بچوں کو قتل جب کہ ایک بچے کو زخمی کردیا اور پھر گھر کو آگ لگا کر فرار ہو گئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد نے چاروں کو تیز دھار آلے کی مدد سے قتل جب کہ ایک بچے کو زخمی کردیا اور پھر گھر کو آگ لگا دی۔ واقعہ میں قتل ہونے والے افراد کی شناخت 45 سالہ محمد طارق، 40 سالہ ثمینہ، 15 سالہ رومیسا اور 13 سالہ سعد کے ناموں سے ہوئی جب کہ 8 سالہ حماد زخمی ہوا۔
امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے واقعہ میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے بچے کو جناح اسپتال منتقل کیا جہاں اسے طبی امداد دی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔