کراچی میں درجہ حرارت 42 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ سمندری ہوائیں بھی رک گئیں ، ہیٹ سٹروک کی وجہ سے دو افراد جاں بحق ہو گئے ہیں ۔
ڈی جی میٹ ڈاکٹر غلام رسول کے مطابق کراچی کے جن علاقوں میں درخت کم ہیں وہاں 45 درجہ سینٹی گریڈ پہنچنے کا امکان ہے ۔ ہوا کا کم دباؤ بحیرہ عرب میں موجود ہے اور کراچی میں سمندری ہوا بند ہے ۔ڈی جی میٹ کے مطابق اگلے تین دن تک گرمی رہنے کا امکان ہے ۔ اسی طرح بلوچستان کے علاقے چمن اور شمالی علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے ۔
ڈاکٹروں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گھروں سے باہر نہ نکلیں ، باہر نکلیں تو پانی زیادہ پئیں ، سر پر ٹوپی یا کپڑا رکھیں ۔ چھتری اپنے پاس رکھیں ۔ چائے ، کافی اور اور کولڈ ڈرنکس سے پرہیز کریں ۔ پوری آستیوں والے کھلے کپڑے پہنیں اور پانی زیادہ استعمال کریں ۔ جب تک اشد ضرورت نہ ہو ، گھر سے باہر نہ نکلیں ۔
دوسری جانب بلوچستان میں لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے شہری پریشان ہیں ۔ کمشنر کراچی نے کراچی الیکٹرک سے رابطہ کر کے اگلے تین روز تک لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی اپیل کی ہے ۔