ڈائریکٹر جنرل حج پاکستان ابو عاکف نے کہا ہے کہ سانحہ منیٰ کے بعد سے اب تک 316 پاکستانی لاپتہ ہیں، سعودی حکومت نے پاکستانی حکام کو اسپتالوں تک رسائی نہیں دی۔
ڈی جی حج ابو عاکف نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستانی حکام کو مردہ خانوں تک رسائی دے دی گئی ہے، ہمارے ڈاکٹرز وہاں موجود ہیں، اسپتالوں میں موجود میتوں کا ڈیٹا اکٹھا کیا جارہا ہے، تفصیلات کچھ دیر میں سامنے آجائیں گی۔منیٰ سانحے میں سات پاکستانی جاں بحق ہوئے۔
ڈی جی حج ابو عاکف کا کہنا تھا کہ ابتدا میں 402 پاکستانیوں کی گمشدگی کی اطلاع تھی، 86 حجاج سے رابطہ ہو گیا، سعودی حکومت تمام شہدا کے کوائف اکٹھا کر کے اب حتمی اعلان کرے گی۔
سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کےبھانجے اسد مرتضیٰ گیلانی منیٰ حادثےکےبعد سے لاپتہ ہیں۔اسد مرتضیٰ کے اہل خانہ نے اس حوالے سے سفارت خانہ سے رابطہ کرلیا۔
اسد مرتضیٰ کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ منیٰ حادثہ کے بعد سے اسد مرتضیٰ سےاب تک رابطہ نہیں ہوا، وہ اپنا تیسرا حج ادا کرنے کیلئے سعودی عرب گئے تھے۔ واضح رہے کہ اسدمرتضیٰ گیلانی رکن قومی اسمبلی بھی رہ چکےہیں۔