سوئی دھاگہ: ہمت نہیں ہارنی

انوشکا شرما اور ورن دھون کی نئی رومانوی فلم ’’سوئی دھاگہ: میڈ ان انڈٰیا‘‘ فلم بینوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ یش راج فلمز کے بینر تلے بننے والی فلم کے مرکزی کردار ایک درزی موجی (ورون دھون) اور سلائی کڑھائی میں ماہر اس کی بیوی ممتا (انوشکا شرما) ہیں جو دوسروں کی نوکری کرنے کی بجائے اپنا زاتی کاروبار شروع کرنے کو ترجیح دیتے ہیں اور بھرپور محنت سے معاشرے کے تمام افراد کے لیے روشن مثال بن جاتے ہیں۔ جدوجہد کی اس کہانی میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ اپنے ہنر کو محنت سے کس طرح کمال تک پہنچایا جاسکتا اور اس کی حفاظت کیسی کی جاتی ہے۔ جذبات اور احساسات سے مزین یہ کہانی جہاں فلم بینوں کے دلوں کو چھوجاتی ہے وہیں یہ انہیں مسلسل محنت اور خوداری کا پیغام بھی دیتی ہے۔

ایک مخصوص بالی وڈ پیرائے میں بنائی گئی اس فلم میں مزاح اور جزباتیت کا پہلوتو نمایاں ہے لیکن گلیمر تقریبا نہ ہونے کے برابرہے جس کی وجہ سے یہ ایک کمرشل اور آرٹ فلم کے درمیان کی ایک صنف کہلائی جاسکتی ہے۔ سوئی دھاگہ اس صنف کی پہلی فلم نہیں بلکہ گزشتہ کئی سالوں سے بالی وڈ میں اس صنف کی فلموں کا رحجان دیکنھے میں آرہا ہے جس میں ہندی میڈیم، ٹوائلٹ ایک کتھا اور پیڈ مین قابل زکر ہیں۔

فلم کے مصنف اور ہدایت کار شرت کتاریہ ہیں جو اس سے قبل "بھیجا فرائی” اور "بے فکرے” جیسی فلموں کی کہانیاں لکھ چکے ہیں۔ بطور ہدایت کار "سوئی دھاگہ” شرت کی تیسری فلم ہے۔ فلم کی موسیقی انو ملک نے تتیب دی ہے جو فلم کی کہانی اور مزاج کے مطابق ہے۔

فلم میں انوشکا شرما کی اداکاری حقیقت سے بھرپور ہے۔ اپنی پچھلی کئی فلموں میں انوشکا گلیمر سے عاری کردار ادا کررہی ہیں اور لگتا ہے کہ اپنی شناخت بطورایک سنجیدہ اداکارہ بنانا چاہتی ہیں اور سوئی دھاگہ کی کامیابی کے بعد وہ اس کوشش میں کسی حد تک کامیاب بھی نظر آتی ہیں۔ اس فلم میں بھی گو کہ ورون دھون کی مزاحیہ اداکاری کی جھلک ہے لیکن جہاں جذباتی مناظر اور تاثرات سے کام لینا ہے وہاں وہ اپنی میں زمہ داری پوری کرتے نظر آتے ہیں۔

سوئی دھاگہ کی کامیابی فلم پنڈتوں کے لیے بھی حیرانی کا باعث ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نان کمرشل موضوع ہونے کے باوجود فلم کو ملنے والی پذیرائی اس حقیقت کی عکاس ہے کہ اگر فلم کی کہانی معیاری ہو تو گلیمر نہ ہونے کے باوجود بھی شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتی ہے۔

فلم سے لطف اندوز ہونے والے شائقین کا کہنا ہے کہ’موجی‘ اور’ممتا‘ کی جدوجہد بھری کہانی میں پاکستان اور بھارت سمیت دنیا کے ہر معاشرے کے فرد کی لیے آگے بڑھنے کا پیغام موجود ہے ۔

فلم کی ریلیز سے قبل تشہیر کے لیے منفرد آئیڈیا ’’سوئی دھاگہ چیلنج‘‘ بھی بالی وڈ کے ستاروں کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔ ۔ چیلنج کا آغاز انوشکا شرما نے شاہ رخ خان کو دس سیکنڈ سے کم وقت میں دھاگہ کو سوئی میں ڈالنے کا چیلنج کرکے کیا جسے کنگ خان نے کامیابی سے مکمل کر لیا تھا۔ شاہ رخ خان کے بعد اکشے کمار، عالیہ بھٹ، رنبیر کپور، کرن جوہر، مادھوری ڈکشت جھانوی کپو راور راج کمار راؤ چیلنج میں حصہ لیا۔ لیکن صورتحال اس وقت مضحکہ خیز بن گئی جب ڈانسنگ کوئین مادھوری ڈکشت دھاگے کو سوئی میں ڈالنے میں ناکام رہیں۔

"سوئی دھاگہ‘‘ ڈسٹری بیوشن کلب کے زیر اہتمام لاہور، کراچی اور اسلام آباد سمیت پاکستانی سرکٹ میں 60 سے زائد سنیما گھروں میں نمائش کیلئے پیش کی گئی ۔

سوئی دھاگہ نے ریلیز کے پہلے دن ہی بھارتی مارکیٹ میں تقریبا ساڑھے آٹھ کروڑ کی کمائی کی جبکہ پاکستانی مارکیٹ میں بھی فلم کے شوز ہاؤس فل گئے۔ فلم اب تک دنیا بھرمیں 114 کروڑ سے زائد کا بزنس کرچکی ہے اور تا حال سینماؤں کی زینت بنی ہوئی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے