علماٗ پر لازم ہے کہ وہ مسلم معاشروں کو استعمار کے مکروہ عزائم سے بچائیں ۔ آیت اللہ محسن اراکی

ابوالخیر ارکانی

ملی یکجہتی کونسل کے زیر اہتمام اپنے اعزاز میں دیے گئے استقبالیے سے خطاب کر تے ہوئے مجمع تقریب بین المذاہب اسلامی ایران کے سربراہ آیت اللہ محسن اراکی نے کہا ہے کہ مسلمانوں کے مابین تکفیر اور تقتیل سامراجی ایجنڈا ہے ۔ علماٗ کو چاہیے کہ وہ مسلم معاشروں کو ایسے عناصر سے خبردار کریں ۔ شیخ محسن اراکی اپنے خطاب میں قرآنی آیات اور مکتب اہل سنت اور اہل تشیع کی مشترکہ احادیث کی تلاوت کر کے علماٗ پر زور دیا کہ قرآن و حدیث ہمیں فرقہ وارانہ کشیدگی اور منافرت کے خاتمے کی تعلیم دیتے ہیں ۔

myc

آیت اللہ محسن اراکی نے کہا کہ مجمع تقریب کی دعوت یہی ہے کہ ہم خدا و رسول کی جانب پلٹ جائیں تاکہ ہم ایک حقیقی قوم بن سکیں اور نعمات الہی سے مستفید ہو سکیں۔پاکستان عالم اسلام کا ایک اہم ملک ہے اور اس کے علماء کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔ تمام مسالک کے علماٗ کے درمیان بہترین ہم آہنگی کی فضا قائم ہونی چاہیے جس کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے۔

آیت اللہ محسن اراکی

استقبالیے کے خطاب کر تے ہوئے ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابو الخیر محمد زبیرنے کہا کہ مجمع تقریب اور ملی یکجہتی کونسل کا مشن ایک ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کونسل کے قیام کا مقصد مختلف مسالک کے مابین اتحاد اور ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے یہی کام مجمع تقریب عالمی سطح پر کر رہا ہے

مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی نے کہا کہ دشمن مسلمانوں کو مسلمانوں کا حلیہ اختیار کر کے لڑا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام سلامتی کا دین ہے لیکن اس دین میں لوگ ایک دوسرے کو قتل کرکے نعرہ تکبیر لگاتے ہیں جو انتہائی افوسناک فعل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علماٗ کو سنجیدگی کے ساتھ علمی اختلافات کو فسادات میں بدلنے والے عناصر کے خلاف عملی میدان میں کام کرنا ہوگا ۔

myc1

استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کونسل کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل ثاقب اکبر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کونسل میں تمام مسالک کی نمائندگی موجود ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس کونسل کو حکومت کی سرپرستی حاصل نہیں ہے لیکن کونسل نے وہ کام کر دکھایا جو ریاستوں کے لیے بھی مشکل ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے رہ نما لیاقت بلوچ نے کہا کہ امن اور اتحاد باہمی برداشت اور میانہ روی سے ہی قائم ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیرت منانے کے ساتھ ساتھ اپنانے کی بھی ضروت ہے ۔ملی یکجہتی کونسل کے نائب صدر آصف لقمان قاضی نے کہا مجمع تقریب کی کوششیں واقعا لائق تحسین ہیں تاہم ان کوششوں کا دائرہ کار عالمی سطح تک مسلم معاشروں میں بڑھانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔

لیاقت بلوچ ابوالخیر

تقریب سے تحریک فیضان اولیاء کے سینئر نائب صدر پیر سید ہارون علی گیلانی،تنظیم اسلامی کے مرکزی راہنما خالد محمود عباسی،تحریک اسلامی کے سیکریٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی،تحریک نوجوانان پاکستان کے سربراہ عبد اللہ گل،جماعت اسلامی جموں کشمیر کے امیر عبد الرشید ترابی،اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن علامہ افتخار حسین نقوی،جے یو پی کے رہ نما پیر ناصر جمیل ہاشمی ،جماعت اہل حرم کے سربراہ مفتی گلزار احمد نعیمی کے علاوہ ایرانی وفد کے رکن مولوی نظیر احمد سلامی سمیت دیگر علماٗ نے خطاب کیا ۔

مقررین نے مسالک کے درمیان تعامل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علماٗ کے درمیان رابطے مساجد اور مدارس کی سطح پر پھیلائے جائیں ۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے