فلم مور ۔ آسکر نامزدگی پر غور کے لیے بھیج دی گئی

پاکستان کی اکیڈمی سلیکشن کمیٹی نے 88 ویں اکیڈمی ایوارڈز میں آسکر نامزدگی پر غور کے لئے فلم ‘مور’ کا انتخاب کرلیا ہے۔

فلم کو ’غیر ملکی زبان کی فلم‘ کی کیٹگری کے لیے بھیجا گیا ہے۔
فلم کا انتخاب خفیہ ووٹنگ کے ذریعے کیا گیا جس میں کمیٹی کے زیادہ تر ارکان نے فلم ’مور‘ کے حق میں ووٹ دیا۔

طریقہ کار کے مطابق ہر ملک کی اکیڈمی سلیکشن کمیٹی ایک فلم کا انتخاب کرنے کے بعد اسے ہالی وڈ میں موجود اکیڈمی کو بھیجتی ہے، جہاں سکریننگ ، شارٹ لسٹنگ اور ووٹنگ کے بعد آسکر کے لئے نامزد فلموں کے ناموں کا حتمی اعلان کیاجاتا۔

2013 میں پچاس سال میں پہلی مرتبہ پاکستان کی اکیڈمی سلیکشن کمیٹی نے فلم ‘زندہ بھاگ’ کو ‘غیر ملکی زبان کی فلم‘ کی کیٹیگری میں نامزدگی پرغور کے لئے بھیجا تھا۔ گذشتہ سال فلم ‘دختر’ کو اس کیٹیگری کے لیے چنا گیا تھا۔

88 ویں اکیڈمی ایوارڈ کی تقریب 28 فروری 2016 کو منعقد ہوگی۔ اس کے لیے اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹ اینڈ سائنس تمام کیٹیگریز میں نامزد کی جانے والی فلموں کا انتخاب آٹھ جنوری 2016 کو کرلے گی۔ جبکہ نامزدگیوں کی حتمی فہرست 14 جنوری 2016 کو جاری ہوگی۔
گذشتہ سال بہترین غیر ملکی زبان کی فلم کی کیٹیگری میں 83 فلمیں جمع کرائی گئی تھیں جو اب تک ایک ریکارڈ ہے۔

MOOR

مور ’جامی‘ کے نام سے شہرت رکھنے جمشید محمود رضا کی فلم ہے۔ فلم کے پروڈیوسر، ہدایتکار اور رائٹر جامی ہی ہیں۔مور پشتو زبان کا لفظ ہے جس کے معنی ’ماں‘ کے ہیں۔ یہ فلم بلوچستان میں زوال پذیر ہوتے ریلوے نظام کی کہانی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ ایک خاندان ریلوے نظام میں کرپشن اور بدلتے ہوئے ناگزیر حالات کی وجہ سے کس طرح بکھر جاتاہے۔ فلم کو بلوچستان کے برف پوش پہاڑوں، اور پتھریلےمیدانوں کے درمیان فلمایا گیا ہے ۔

جامی کا کہناہے کہ ’سفر ہی ہماری منزل ہے اور آسکر کے لیے نامزدگی کے ساتھ ہماری منزل امیدوں سے بھی آگے چلی گئی ہے کیونکہ ہمیں معلوم ہے کہ ہم نے درست سمت میں قدم اٹھالیاہے۔‘

پاکستان کی اکیڈمی سلیکشن کمیٹی کی چیئر پرسن ایمی اور اکیڈمی ایوارڈ یافتہ ڈاکومینٹری فلم میکر شرمین عبید چنائےہیں۔ باقی ممبران میں معروف موسیقار روحیل حیات، سینئر ڈیزائنر ماہین خان، اداکارہ آمنہ شیخ، فلمساز ستیش آنند، پاکستانی نژاد بین الاقوامی اداکار فاران طاہر، بھارتی فلموں اور پاکستانی ڈراموں کےاداکار علی خان، فلم ڈائرکٹر عافیہ ناتھانیل، صحافی اور فلمساز مظہر زیدی، اورپاکستانی نژاد امریکی مصنف دانیال معین الدین شامل ہیں۔

فلم مور ۱۴ اکست ۲۰۱۵ کو پاکستان بھر کے تمام بڑے سینمائوں میں لگائی گئی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے