[pullquote]متحدہ عرب امارات کے نئے قوانين، شہريت کا حصول ممکن[/pullquote]
متحدہ عرب امارات نے نئے قوانين متعارف کرائے ہيں، جن کے تحت غير ملکيوں کے ليے اس خليجی ملک کی شہريت کا حصول اب ممکن ہو گيا ہے۔ دبئی کے رہنما اور متحدہ عرب امارات کے نائب صدر شيخ محمد بن راشد المکتوم نے ايک ٹوئٹر پيغام کے ذريعے مطلع کيا کہ ملکی کابينہ، اماراتی عدالتيں اور ايگزيکيٹو کونسلز اس کا فيصلہ کريں گے کہ کون شہريت کا اہل ہے۔ شہريت کی يہ اسکيم سرمايہ کاروں اور خصوصی پيشوں سے وابستہ افراد کے ليے ہے، جن ميں سائنسدان، ڈاکٹر وغيرہ اور ان کے اہل خانہ شامل ہيں۔ قوانين کے تحت مذکورہ افراد اپنے آبائی ملکوں کی شہريت بھی رکھ سکتے ہيں يعنی انہیں دوہری شہريت کی اجازت ہو گی۔
[pullquote]ايران ميں بلوچ جنگجو کو سزائے موت دے دی گئی، عالمی برادری برہم[/pullquote]
ايران ميں بلوچ جنگجو جاوید دهقان خلاد کی سزائے موت پر آج صبح عمل در آمد کر ديا گيا۔ ايرانی عدليہ کی ويب سائٹ پر جاری کردہ بيان کے مطابق خلاد کو قتل، اغواء اور دہشت گردوں کے ساتھ روابط کے جرائم پر يہ سزا دی گئی۔ محمد عمر کے نام سے پہچانے جانے والا یہ شخص 2015ء ميں ايرانی پاسداران کے انقلات کے دو اہلکاروں کے قتل ميں بھی ملوث تھا۔ تہران کے مطابق اس کا تعلق جيش العدل سے وابستہ ايک دہشت گرد گروہ سے تھا۔ اقوام متحدہ نے جمعے کو ہی ايرانی حکومت سے اپيل کی تھی کہ مذکورہ مجرم کو سزائے موت نہ دی جائے۔ ايمنسٹی انٹرنيشنل کے مطابق اس کے خلاف چلايا گيا مقدمہ شفاف نہ تھا اور تشدد کی مدد سے اس سے اعتراف جرم کرايا گيا۔
[pullquote]سخت گير ايرانی قانون سازوں کی تجويز، اسرائيل مخالف عسکری اتحاد[/pullquote]
ايرانی قانون سازوں کے ايک گروپ نے ايک تجويز پيش کی ہے، جس کے مسودے ميں اسرائيل مخالف عسکری اتحاد قائم کرنے کی بات کی گئی ہے۔ قانون ساز ابو الفضل ابوترابی کے مطابق اس بل کو پارليمان کے 290 ميں سے 34 ارکان کی حمايت حاصل ہو گئی ہے۔ اس بل کے مسودے ميں کہا گيا ہے کہ اگر اسرائيل نے اس ممکنہ عسکری اتحاد کے رکن ممالک پر حملہ کيا يا ان کے خلاف کوئی قدم اٹھايا، تو جوابی کارروائی کی جائے گی۔ فی الحال يہ بل بحث کے ليے پارليمان ميں پيش نہيں کيا گيا ہے۔ اسرائيل شام ميں باقاعدگی سے ايرانی اہداف کو نشانہ بناتا ہے۔
[pullquote]ننگرہار ميں فوجی بيس پر حملہ، متعدد فوجی ہلاک[/pullquote]
افغان صوبے ننگرہار ميں آج ہفتے کی صبح ہونے والے ايک کار بم دھماکے ميں چودہ فوجی ہلاک اور چار ديگر زخمی ہو گئے۔ صوبائی کونسل کے ایک رکن اجمل عمر نے بتايا کہ ضلع شير زاد ميں ايک خود کش بمبار نے گاڑی کی مدد سے ايک فوجی اڈے کو نشانہ بنايا۔ افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اس خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ مجاہد نے دعوی کيا کہ دھماکے میں مجموعی طور پر 50 افغان فوجی ہلاک و زخمی ہوئے۔ افغانستان کے مشرقی صوبہ ننگر ہار ميں ’اسلامک اسٹيٹ‘ اور افغان طالبان دونوں ہی متحرک ہيں اور اکثر سکيورٹی فورسز کو نشانہ بناتے رہتے ہيں۔
[pullquote]بھارت ميں کسانوں کی بھوک ہڑتال[/pullquote]
بھارت ميں دو ماہ سے زائد عرصے سے سراپا احتجاج کسان آج بھوک ہڑتال کر رہے ہيں۔ منتظمين کے مطابق مہاتما گاندھی کی وفات کے دن بھوک ہڑتال کرنے کا مقصد دنيا کو يہ دکھانا ہے کہ ان کی تحريک پر امن ہے۔ ايسی اطلاعات بھی ہيں کہ داراحکومت ميں انٹرنيٹ سروس روک دی گئی ہے اور پوليس کی بھاری نفری تعينات ہے۔ بھارت ميں 26 جنوری کو ری پبلک ڈے منايا گيا اور اس دن احتجاجی کسانوں نے نئی دہلی کے لال قلعے میں داخل ہو کر وہاں اپنا پرچم نصب کر دیا تھا۔ اس وقت سے اب تک پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں ايک فرد ہلاک اور درجنوں ديگر زخمی ہو چکے ہيں۔ کسان زراعت کے شعبے ميں اصلاحات کے خلاف احتجاج کر رہے ہيں۔
[pullquote]اسقاط حمل کے سخت قوانين، پولينڈ ميں مظاہرے جاری[/pullquote]
پولينڈ ميں گزشتہ تين راتوں سے اسقاط حمل پر پابندی کے خلاف مظاہرے جاری ہيں۔ دارالحکومت وارسا ميں جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب مظاہرين اور پوليس اہلکاروں کے درميان جھڑپوں کے بعد کم از کم چھ افراد کو حراست ميں لے ليا گيا۔ پولينڈ ميں اسقاط حمل پر پہلے ہی پابندیاں عائد ہیں مگر تازہ ترميم کے بعد اس قانون کو اور بھی سخت کر ديا گيا۔ نئے ترميم شدہ قانون پر اسی ہفتے عملدرآمد شروع ہوا۔ نتيجتاً تين دنوں سے ملک گير سطح پر مظاہرے جاری ہيں۔ اس ملک ميں اسقاط حمل کی اجازت صرف ان صورتوں ميں ہے جب ماں کی جان کو خطرہ لاحق ہو يا حمل کسی جرم کا نتيجہ ہو۔
[pullquote]شام سے 27 ہزار بچوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کيا جائے، اقوام متحدہ[/pullquote]
اقوام متحدہ ميں محکمہ انسداد دہشت گردی کے سربراہ نے کہا ہے کہ شورش زدہ ملک شام سے قريب ستائيس ہزار بچوں کو کہيں اور منتقل کيا جائے۔ ولاديمير ورونکوف نے جمعے کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ايک غير رسمی اجلاس ميں يہ بات کہی۔ شمال مشرقی شام ميں الحول ملک کا سب سے بڑا کيمپ ہے، جہاں اس وقت باسٹھ ہزار سے زائد افراد پناہ ليے ہوئے ہيں۔ ان ميں سے ستائيس ہزار نابالغ بچے ہيں اور زيادہ تر داعش اور ديگر جنگجو گروپوں سے وابستہ افراد کے بچے ہيں۔ ورونکوف کے مطابق يہ بچے نازک صورتحال سے دو چار ہيں اور اگر مناسب ديکھ بھال نہ کی گئی، تو يہ جنگجو گروپوں کے چنگل ميں پھنس سکتے ہيں۔
[pullquote]فرانس نے يورپی يونين سے باہر کے مسافروں کے ليے دروازے بند کر ديے[/pullquote]
فرانس نے يورپی يونين سے باہر کے ملکوں کے شہريوں کے ليے اپنے دروازے بند کر ليے ہيں۔ وزير اعظم نے جمعے کی شب اعلان کيا کہ اتوار اکتيس جنوری سے يورپی يونين سے باہر کے ملکوں اور فرانس کے درميان سفر پر پابندی عائد ہے۔ ان کے بقول پابندی سے استثنیٰ خصوصی کيسوں ميں ديا جائے گا۔ يہ قدم کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کيسز کے تناظر ميں اٹھايا گيا ہے اور يہ عارضی ہے۔ دريں اثناء فرانس ميں اتوار سے بڑے شاپنگ سينٹرز وغيرہ بھی بند رہيں گے اور صرف ضروری اشياء کی دکانيں کھليں گی۔ فرانس ميں ملک گير سطح پر شام چھ بجے سے کرفيو نافذ ہے۔
[pullquote]کورونا ويکسين کی برآمد، يورپی يونين نے قوانين سخت کر ديے[/pullquote]
کورونا وائرس سے پچاؤ کی ويکسين کی سپلائی سے متعلق جاری مسائل کے تناظر ميں يورپی يونين نے ويکسين کی برآمد کے حوالے سے سخت تر قوانين پر اتفاق کر ليا ہے۔ برطانيہ کے ساتھ طے شدہ بريگزٹ ڈيل ميں ايک شق بروئے کار لاتے ہوئے، يورپی بلاک اب ويکسين کی برطانيہ کو برآمد روک بھی سکتا ہے۔ اس پيش رفت پر شمالی آئرلينڈ اور برطانوی حکومت نے شديد رد عمل ظاہر کيا اور اس کی مذمت کی۔ اس سے قبل سويڈش برطانوی دوا ساز کمپنی ايسٹرا زينيکا نے جنوری سے مارچ تک صرف 31 ملين ويکسين فراہم کرنے کا کہا تھا جبکہ توقع 80 ملين کی تھی۔ برسلز کو خدشہ ہے کہ بلاک کو فراہم کرنے کی بجائے ویکسین کہيں اور برآمد نہ کر دی جائے۔
[pullquote]عالمی ادارہ صحت کی ٹيم ووہان ميں، وائرس کے بارے میں تحقیقات جاری[/pullquote]
عالمی ادارہ صحت کے ماہرين کی ايک ٹيم نے آج چينی شہر ووہان ميں اس ہسپتال کا دورہ کيا، جہاں کووڈ انيس کے ابتدائی مريضوں کو داخل کيا گيا تھا۔ ماہرين نے وارڈز کا معائنہ کيا اور عملے کے ارکان سے ملاقاتيں کيں۔ جنينتان ہسپتال ہی ميں کووڈ انيس کے اولين مريضوں کو داخل کيا گيا تھا۔ ڈبليو ايچ او کی ٹيم وبا کی ابتداء اور اس کے پھيلاؤ کی تفتيش کے سلسلے ميں چين ميں ہے۔ اس ٹيم کو جنوری کے وسط ميں چين کا دورہ کرنے کی اجازت ملی۔ ساتھ ہی ڈبليو ايچ او کے ايمرجنسيز ڈائريکٹر مشائل رائن نے خبردار کيا ہے کہ تفتيش سے توقعات کم رکھی جائيں۔ کورونا وائرس کی نئی قسم 2019ء کے اواخر ميں ووہان ہی سے پھيلی تھی اور کئی ممالک کا الزام ہے کہ چينی حکام نے وائرس کی اطلاع دينے ميں تاخير سے کام ليا۔
[pullquote]دوسری عالمی جنگ کے بم ناکارہ نانے کی کوشش، ہزاروں رہائشی محفوظ مقامات پر منتقل[/pullquote]
وسطی جرمنی کے شہر گوئٹنگن ميں آج آٹھ ہزار افراد کو اپنے مکانات چھوڑ کر کہيں اور جانا پڑا۔ ماہرين دوسری عالمی جنگ کے دوران گرائے گئے چار بموں کو ناکارہ بنانے کی کوششوں ميں ہيں اور اسی سبب رہائيشيوں کو حفاظتی تدبير کے طور پر کہيں اور منتقل ہونے کے ليے کہا گيا ہے۔ جن لوگوں کے ليے کوئی اور بندوبست نہيں، ان کے ليے ايک مرکز قائم کيا گيا ہے۔ يہ کام آج شام تک مکمل ہو سکتا ہے۔ جرمنی ميں تعميری کاموں کے دوران اکثر اوقات دوسری عالمی جنگ کے دوران گرائے گئے بم ملتے ہيں۔