مشہور لاطینی پاپ اسٹار انریک اگلیشس کے کانسرٹ کے دوران کچھ خواتین مداحوں کے رویے پر برہم سری لنکن صدر نے کہا ہے کہ شو کے منتظمین کو ‘کوڑوں کی سزا ملنی چاہیے۔’
بی بی سی کے مطابق، صدر متھری پالا سریسینا نے کانسرٹ کے دوران انریک کو بوسہ دینے کیلئے لڑکیوں کے اسٹیج پر چڑھ دوڑنے اور گلوکار پر اپنا زیر جامہ پھینکنے کو ’انتہائی غیر مہذب‘ قرار دیا ہے۔
[pullquote]صدر سریسینا نے بتایا کہ انہیں یہ جان کر بہت دھچکا پہنچا کہ کانسرٹ کے دوران مقامی خواتین نے سر عام اپنے براز اتارے، پاپ اسٹار پر اپنے زیر جامہ پھینکے اور گلوکار کو بوسہ اور گلے لگانے اسٹیج پر پہنچ گئیں۔[/pullquote]
انہوں نے 20 دسمبر کو کولمبو میں ہوئے اس کانسرٹ کے دوران ہوئی حرکات کو ’معاشرے کے خلاف انتہائی غیر مہذب رویہ ‘ قرار دیا۔
’میں یہ تو نہیں کہوں گا کہ ایسا کرنے والی غیر مہذب خواتین کو کوڑے مارے جائیں، لیکن کانسرٹ کے منتظمین کو یہ سزا ضرور ملنا چاہیئے‘۔
سری لنکن صدر نے کانسرٹ میں مہنگے ٹکٹوں کی بھی شکایت کی۔ صدر کے بیان پر ردعمل دینے کیلئے شو کے منتظمین سے رابطہ نہیں ہو سکا۔
خیال رہے کہ کولمبو کے ایک رگبی سٹیڈیم میں ہونا والا یہ کانسرٹ لاطینی پاپ سٹار کے ’ لو اینڈ سیکس‘ ورلڈ ٹور کا حصہ تھا۔