نئی دہلی: بھارت میں سابق طالب علم کی جانب سے نذر آتش کی جانے والی خاتون پرنسپل چل بسیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فیل ہونے پر ناراض سابق طالب علم اشوتوش سری واستو نے چند روز قبل اندور شہر کے مقامی کالج کی پرنسپل ویمکتا شرما کو آگ لگا دی تھی۔ پرنسپل کونازک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے پرنسپل ویمکتا شرما پر سابق طالب علم نے پہلے تیز دھار آلے سے حملہ کیا اور پھر تیل چھڑک کر آگ لگا دی تھی۔ اشوتوش سری واستو کو واقعہ کے بعد گرفتار کرلیا گیا تھا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق اشوتوش شری واستو بی فارمیسی کا طالب علم تھا اور 7 ویں سیمسٹر میں فیل ہوگیا تھا۔ وہ پرنسپل اور کالج کے دیگر اسٹاف کو مسلسل دھمکیاں دے رہا تھا جس کی شکایت بھی درج کروائی گئی تھی۔