نئی دہلی: بھارت میں بیوی نے طلاق سیٹلمنٹ کے طور پر شوہر سے ایک کروڑ روپے کا مطالبہ کیا تھا جس پر شوہر نے 2 لاکھ روپے سپاری دے کر خاتون کو ہی قتل کرا دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی کے ایک گھر سے 35 سالہ خاتون کی لاش ملی تھی۔ جنھیں تیز دھار چھری کے وار کر کے قتل کیا گیا تھا تاہم پولیس نے اس اندھے قتل کیس کو سلجھادیا۔
بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ چالاک ملزم نے قتل کے بعد خاتون کا موبائل فون اور نقدی بھی چرائی۔ پورے گھر میں سامان اور فرنیچر کو پھیلا دیا تاکہ ڈکیتی کا رنگ دے سکے۔
تاہم جلد پولیس قاتل اور مقتولہ کے شوہر کے درمیان تعلق ثابت کرنے میں کامیاب ہوگئی اور اس طرح یہ کیس حل ہوگیا۔ قاتل کو حراست میں لے لیا گیا جس نے پوری کہانی بتادی۔
ایس کے گپتا نے خاتون سے دوسری شادی کی تھی تاکہ وہ اس کے معذور بیٹے کا خیال رکھ سکے تاہم خاتون نے ایسا نہ کیا تو گپتا نے طلاق دینے کی دھمکی دی۔
خاتون نے کہا کہ اگر طلاق دی تو مجھے ایک کروڑ دینے ہوں گے جو شادی سے قبل لکھوائے گئے تھے۔ جس پر شوہر نے بیوی کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا۔
گپتا نے قتل کی سازش میں معذور بیٹے کو اسپتال لے جانے والے ملازم کو شامل کیا اور اسے دس لاکھ روپے کی پیشکش کی جسے قاتل نے قبول کرلیا اور خاتون کو قتل کردیا۔
ایس کے گپتا نے ملزم کو دو لاکھ روپے ایڈوانس بھی دیئے تھے۔