افغان قونصل جنرل کی سفارتی آداب کی سنگین خلاف ورزی؛افغان قونصلیٹ کا بیان

وزیراعلیٰ کے پی کی دعوت پر آئے افغان قونصل جنرل کی سفارتی آداب کی سنگین خلاف ورزی

پشاور: افغان قونصلیٹ کے عہدیداروں کو وزیراعلٰی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے آج رحمت العالمین کانفرنس پر پشاور میں دعوت دی تھی جس میں افغان قونصل جنرل محب اللہ شاکر پاکستان کے قومی ترانے کے دوران سفارتی پروٹوکول کی دھجیاں اڑاتے ہوئے بے شرمی کے ساتھ اپنی سیٹ پر بیٹھے رہے۔

قومی ترانے کا احترام نہ کر کے افغان قونصل جنرل محب اللہ شاکر نے اعلان کیا ہے کہ اسکو پاکستان اور پاکستانی قوم کا کوئی احترام نہیں یہ غیر معمولی واقع ہے اور سفارتی آداب کے بالکل برخلاف ہے کسی مہذب معاشرے میں ایسی حرکت خلاف تہذیب ہوتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس شخص کو ناپسندیدہ شخص قرار دے کر پاکستان سے بھیجا جائے اس کے علاوہ دعوت دینے والی خیبرپختونخوا حکومت پر بھی سوال اٹھتا ہے کہ کیا انہیں پاکستان کی عزت اور سفارتی آداب کا کوئی خیال نہیں ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ محکمہ خارجہ کو اس واقع کا نوٹس لینا چاہیے اور سفارت کاری اصولوں کی خلاف ورزی پر ڈیمارش دینا چاہیے۔

افغان قونصل جنرل کی سفارتی آداب کی سنگین خلاف ورزی پرکے پی حکومت کا موقف سامنے آگیا

پشاور: پاکستان کے قومی ترانے کے احترام میں افغان سفارت کاروں کے کھڑے نہ ہونے پر حکومت خیبرپختونخوا نے موقف دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں صورتحال سے آگاہ کردیا گیا ہے مناسب طریقہ یہی ہے کہ وہ خود جواب دیں۔

ترجمان حکومت خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ سیرت النبیﷺ کانفرنس میں افغان سفارتکار قومی ترانے کے احترام میں کھڑے نہیں ہوئے، میراافغان سفارتکاروں سے رابطہ ہوا ہے، مناسب طریقہ یہی ہے کہ وہ خود جواب دیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے افغان سفارت کاروں کو صورتحال سے آگاہ کردیا ہے، :وہ کل اس پر اپنا موقف جاری کریں گے، کل تک انتظارکرلیاجائے ان کا جواب قونصلیٹ سے آجائے گا۔

بیرسٹر سیف کا مزید کہنا تھا کہ افغان سفارت کاروں کے اس عمل کو اچھا نہیں کہا جاسکتا، مگر ان پرتنقیدنہیں کرناچاہتے کیونکہ وہ ڈپلومیٹ ہیں، صوبائی حکومت ان کی جانب سے کوئی بیان جاری کرے گی تونامناسب ہوگا، بہتر ہوگا کہ جواب وہ خود دیں۔

افغان قونصل جنرل کی قومی ترانے کی بے حرمتی پر پاکستان کی شدید مذمت

اسلام آباد: دفتر خارجہ نے پشاور میں ایک تقریب کے دوران افغانستان کے قائم مقام قونصل جنرل کی جانب سے قومی ترانے کی بے حرمتی پر شدید ردعمل جاری کردیا۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے پشاور میں ایک تقریب کے دوران افغانستان کے قائم مقام قونصل جنرل کی جانب سے پاکستانی قومی ترانے کی بے حرمتی کے حوالے سے میڈیا کے سوالات کے جواب میں کہا کہ میزبان ملک کے قومی ترانے کی بے حرمتی سفارتی آداب کے خلاف ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کے قائم مقام قونصل جنرل کا یہ اقدام قابل مذمت ہے، ہم اس معاملے پر اپنا شدید احتجاج اسلام آباد اور کابل میں افغان حکام تک پہنچا رہے ہیں۔‘‘

وزیراعلی کی شرمناک حرکت کے باعث ملک کی بدنامی ہوئی ہے، فیصل واؤڈا

اسلام آباد: سینیٹر فیصل واؤڈا نے افغان قونصل جنرل کے قومی ترانے کے احترام میں نہ کھڑے ہونے کا ذمہ دار تحریک انصاف اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو قرار دے دیا۔

پشاور میں پیش آئے واقعے پر سینیٹر فیصل واؤڈا نے کہا کہ پی ٹی آئی کے وزیر اعلی خیبرپختونخوا کی شرمناک حرکت کے باعث ملک کی بدنامی ہوئی، تحریک انصاف اپنے اقتدار کیلیے ملک توڑنے کی ڈگر پر ہے۔

واضح رہے کہ پشاور میں منعقدہ تقریب کے دوران افغان قونصل جنرل اور قونصلیٹ کے دیگر عہدیداران پاکستان کا قومی ترانے کے احترام میں کھڑے نہیں ہوئے تھے۔

دفتر خارجہ نے پشاور میں منعقدہ ایک تقریب میں افغانستان کے قائم مقام قونصل جنرل کی جانب سے قومی ترانے کی بے حرمتی کے سوال پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’’میزبان ملک کے قومی ترانے کی بے عزتی سفارتی اصولوں کے خلاف ہے، افغانستان کے قائم مقام قونصل جنرل کا یہ فعل قابل مذمت ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ہم اسلام آباد اور کابل دونوں مقامات پر موجود افغان حکام کو اپنا شدید احتجاج پہنچا رہے ہیں۔

ترانے میں میوزک تھا، اس لیے قونصل جنرل کھڑے نہیں ہوئے: افغان قونصلیٹ کا بیان

پشاور میں تعینات افغان قونصل جنرل محب اللہ شاکر کی جانب سے سفارتی آداب کی خلاف ورزی پر افغان قونصلیٹ کی جانب سے بیان جاری کیا گیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں ترجمان افغان قونصلیٹ پشاور شاہد اللہ کا کہنا تھاکہ پاکستانی ترانے کی بے حرمتی اور بے توقیری ہرگز مقصد نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ ترانے میں میوزک تھا اس لیے قونصل جنرل کھڑے نہیں ہوئے، ہم نے اپنے قومی ترانے پر بھی میوزک کی وجہ سے پابندی لگائی ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ اگر ترانہ بغیر میوزک یا بچے پیش کرتے تو قونصل جنرل لازمی کھڑے ہوتے اورسینے پر ہاتھ بھی رکھتے۔

ترجمان کے مطابق پاکستان یا قومی ترانے کی توہین کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

خیال رہے کہ پشاور میں تعینات افغان قونصل جنرل محب اللہ شاکر کی جانب سے سفارتی آداب کی خلاف ورزی کی گئی۔

قومی رحمت للعالمین ﷺ کانفرنس میں قومی ترانہ شروع ہوتے ہی تمام شرکا احترام میں کھڑے ہوگئے لیکن افغان قونصل جنرل محب اللہ شاکر قومی ترانے کے احترام میں کھڑے نہ ہوئے بلکہ تقریب میں شریک ان کے ساتھی بھی احتراماً کھڑے نہ ہوئے۔

دوسری جانب سرکاری ذرائع کے مطابق افغان ناظم الامورکواحتجاجی مراسلہ دینے کیلئے دفترخارجہ طلب کرلیا گیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے