پہاڑی علاقوں کی سیر. وہ باتیں جو آپ نے نہیں کرنی!

جیسے ہی گرمیوں کا موسم شروع ہوتا ہے، پاکستان کے شمالی علاقے جیسے مانسہرہ، کاغان، ناران، سوات، گلگت بلتستان، کالام اور کشمیر سیاحوں سے بھر جاتے ہیں۔ ہر سال لاکھوں لوگ اپنے خاندانوں کے ساتھ ان خوبصورت وادیوں کا رخ کرتے ہیں تاکہ فطرت کے حسین نظاروں سے لطف اندوز ہو سکیں۔ بیرونِ ملک سیاحت پر ویزہ پابندیاں ہونے کے باعث مقامی سیاحت ہی لوگوں کا بہترین انتخاب ہے۔ مگر جہاں سیاحت خوشی کا ذریعہ بنتی ہے، وہیں اگر احتیاط نہ کی جائے تو یہ خوشی بڑے حادثے میں بدل سکتی ہے۔

حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح: اسباب اور وجوہات
بدقسمتی سے، سیاحت کے سیزن کے آغاز ہی میں کئی حادثات کی خبریں سامنے آ چکی ہیں۔ ان حادثات کی چند بڑی وجوہات درج ذیل ہیں:

1. گاڑیوں کی ناقص مکینیکل حالت
اکثر لوگ بغیر مکمل تیاری کے طویل سفر پر نکل پڑتے ہیں۔ خاص طور پر بریک، ریڈی ایٹر اور کلچ جیسی اہم چیزوں کی جانچ نہیں کی جاتی۔ پہاڑی علاقوں میں یہ پرزے نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں، کیونکہ وہاں کی ڈرائیونگ میدانی علاقوں سے مختلف ہوتی ہے۔

2. نا تجربہ کار ڈرائیورز
زیادہ تر سیاح میدانی علاقوں جیسے پنجاب اور سندھ سے آتے ہیں۔ ان علاقوں کی سیدھی سڑکوں کے برعکس پہاڑوں میں موڑ، چڑھائیاں اور اترائیاں ہوتی ہیں۔ وہاں ڈرائیونگ کے لیے گئیرز کے درست استعمال، خاص طور پر اترائی میں بریک کے بجائے گئیر سے گاڑی قابو میں رکھنے کی تکنیک ضروری ہوتی ہے۔ ناتجربہ کاری اکثر حادثات کا سبب بنتی ہے۔

3. طویل سفر کی تھکان
لمبے سفر کے دوران بغیر وقفہ کیے ڈرائیونگ کرنا خطرناک ثابت ہوتا ہے۔ تھکان اور نیند کے اثرات ڈرائیور کی توجہ کم کر دیتے ہیں، جو بڑے حادثے کا پیش خیمہ بن سکتے ہیں۔ ہر دو گھنٹے بعد وقفہ لینا، چائے یا کافی پینا، اور ممکن ہو تو ایک رات کا سٹے کرنا محفوظ سفر کے لیے ضروری ہے۔

4. ضرورت سے زیادہ افراد اور وزن
ہماری خاندانی روایات میں سفر کے دوران اضافی رشتہ داروں کو ساتھ لے جانا عام ہے، لیکن چھوٹی گاڑی میں اس کی گنجائش نہیں ہوتی۔ زیادہ افراد اور سامان گاڑی کی بیلنس اور بریکنگ سسٹم پر منفی اثر ڈالتے ہیں۔ بعض اوقات بچے گود میں بیٹھے ہوتے ہیں، جو حادثے کی صورت میں سب سے زیادہ خطرے میں ہوتے ہیں۔

سفر سے پہلے اور دوران چند اہم احتیاطی تدابیر
گاڑی کی مکمل سروس کروائیں – خاص طور پر بریک، ٹائر، کلچ اور ریڈی ایٹر کی اچھی طرح جانچ کریں۔

پہاڑی ڈرائیونگ کے بنیادی اصول سیکھیں – چھوٹے گئیر کا استعمال، بریک کے کم استعمال اور گئیر سے گاڑی روکنے کی تکنیک پر عبور حاصل کریں۔

ڈرائیونگ کے دوران وقفہ لازمی لیں – ہر دو سے تین گھنٹے بعد گاڑی روک کر آرام کریں، تاکہ ڈرائیور کی توجہ اور توانائی بحال ہو۔

اوور لوڈنگ سے اجتناب کریں – گاڑی میں صرف اتنے افراد سوار کریں جتنی اس کی قانونی گنجائش ہو۔ سامان بھی ضرورت کے مطابق رکھیں۔

بچوں کے لیے حفاظتی سیٹ یا بیلٹ کا استعمال کریں – گود میں بٹھانے سے بہتر ہے کہ ان کے لیے علیحدہ سیٹ مختص کریں۔

(پہاڑی علاقوں کی سیر. وہ باتیں جو آپ نے نہیں کرنی! یہ ٹائٹل ایک طنز کے طور پر دیا گیا ہے)

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے