انسانی زندگی کی بنیاد صرف سانسوں پر نہیں، الفاظ پر بھی استوار ہے۔ الفاظ انسان کی ظاہری گفتگو سے کہیں بڑھ کر اُس کے باطن، نیت، احساس اور شخصیت کا آئینہ ہوتے ہیں۔ زبان، جو اللہ تعالیٰ نے انسان کو عطا کی، ایک ایسا اوزار ہے جو محبت پیدا بھی کر سکتی ہے اور نفرت بھڑکا بھی سکتی ہے؛ جو دل کو جوڑ بھی سکتی ہے اور توڑ بھی سکتی ہے؛ جو روح کو تسلی دے سکتی ہے یا تڑپا بھی سکتی ہے۔ انسان کے بولے گئے الفاظ محض فضا میں گم نہیں ہو جاتے، بلکہ دوسروں کے شعور، لاشعور اور دل و دماغ پر گہرے نقوش چھوڑ جاتے ہیں۔
اگر الفاظ کوئی معمولی چیز ہوتے، تو اللہ تعالیٰ اپنے بندوں سے مخاطب ہونے کے لیے قرآن جیسے معجزاتی کلام کو منتخب نہ فرماتا۔ لیکن اُس نے ایسا کیا، اور قرآن کو صرف حق اور ہدایت کا ذریعہ ہی نہیں بنایا بلکہ اس میں وہ نرمی، وہ توازن، اور وہ شفقت رکھی جو دلوں کو نرم کرتی ہے، زخموں پر مرہم رکھتی ہے، اور انسان کی تاریک داخلی وادیوں میں چراغ بن کر روشن ہوتی ہے۔ جیسا کہ قرآن میں ہے:
"الرَّحْمٰنُ، عَلَّمَ الْقُرْآنَ، خَلَقَ الْإِنسَانَ، عَلَّمَهُ الْبَيَانَ” (الرحمٰن ۱-۴)
یعنی، رحمان نے انسان کو پیدا کیا، اور اُسے "بیان” یعنی اظہار کی صلاحیت سکھائی۔
یہ "بیان” محض بولنے کی صلاحیت نہیں، بلکہ انسان کی نیت، جذبات، ذہنی کیفیت اور اخلاقی سطح کا اظہار ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جب کوئی انسان بولتا ہے تو وہ دراصل اپنا باطن عیاں کر رہا ہوتا ہے۔ ایک نرم لہجہ، ایک ہمدرد جملہ، یا خاموشی میں بولا گیا ایک خیال انگیز لفظ کسی کی زندگی کا رخ بدل سکتا ہے۔ لیکن یہی زبان جب لاپرواہی سے استعمال ہو تو وہی الفاظ زہر بن جاتے ہیں اور زخم دے جاتے ہیں جو برسوں نہیں بھرتے۔
ہمارے معاشرے میں الفاظ کی بے احتیاطی ایک معمول بن چکی ہے۔ ہم روز دیکھتے ہیں کہ رشتے ٹوٹتے ہیں، خاندان بکھرتے ہیں، دوستیوں میں دراڑیں پڑتی ہیں، اور ان سب کی بنیاد اکثر محض چند تلخ یا غیر محتاط جملے ہوتے ہیں۔ ایک بات جو ماں نے بیٹی سے غصے میں کہہ دی، ایک طنز جو شوہر نے بے دھیانی میں بیوی کو مار دیا، یا ایک مذاق جو دوست نے مزاح سمجھ کر کہا، وہ سالوں کا رشتہ لمحوں میں توڑ دیتا ہے۔ زبان نہ صرف تعلقات بناتی ہے، بلکہ انہیں بگاڑنے کی بھی طاقت رکھتی ہے۔
قرآن ہمیں خبردار کرتا ہے:
"مَا يَلْفِظُ مِن قَوْلٍ إِلَّا لَدَيْهِ رَقِيبٌ عَتِيدٌ” (ق:۱۸)
یعنی انسان کوئی بات زبان سے نہیں نکالتا، مگر ایک نگران فرشتہ اُس کے پاس ہوتا ہے، جو اسے فوراً لکھ لیتا ہے۔
یہاں ایک اہم سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا الفاظ صرف دوسروں پر اثرانداز ہوتے ہیں، یا خود بولنے والے پر بھی؟ ماہرینِ نفسیات کا کہنا ہے کہ جب کوئی شخص بار بار سخت، تلخ یا نفرت بھرے الفاظ استعمال کرتا ہے، تو اس کے ذہن میں ایک مستقل رویہ یا "ذہنی پیٹرن” بننے لگتا ہے۔ وقت کے ساتھ یہ پیٹرن اتنا پختہ ہو جاتا ہے کہ انسان اُس مخصوص اندازِ گفتگو سے باہر نہیں نکل پاتا۔ اس کے خیالات، احساسات، اور ردِ عمل اسی منفی دائرے میں قید ہو جاتے ہیں۔
دماغی سائنس ہمیں بتاتی ہے کہ جب ہم مسلسل ایک خاص قسم کی زبان استعمال کرتے ہیں — مثلاً تنقیدی، غصہ بھری یا مایوس کُن — تو ہمارے دماغ میں مخصوص اعصابی راستے (نیورل پاتھ ویز) مضبوط ہو جاتے ہیں۔ یہی راستے بعد میں ہمارے خیالات، جذبات اور رویے کو کنٹرول کرنے لگتے ہیں۔ اس عمل کو ذہن کی "تشکیلِ نو” (نیورو پلاسٹیسٹی) کہا جاتا ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ ہمارا دماغ وہی بنتا ہے جو ہم بار بار سوچتے اور بولتے ہیں۔
اسی طرح جدید سائنس نے اس بات کو بھی ثابت کیا ہے کہ الفاظ نہ صرف انسانوں پر بلکہ مادی اشیاء پر بھی اثر ڈال سکتے ہیں۔ جاپانی محقق ڈاکٹر مسارو ایموٹو نے پانی پر کیے گئے تجربات میں پایا کہ اگر پانی پر محبت، شکرگزاری یا قرآن کی تلاوت کی جائے، تو اس کے مالیکیولز خوبصورت اور متوازن شکل اختیار کر لیتے ہیں۔ جبکہ نفرت انگیز، غصے بھرے یا بددلی سے بھرے الفاظ پانی کی ساخت کو بگاڑ دیتے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ جب قرآن کو دل سے پڑھا جائے، تو نہ صرف انسان کی روح بلکہ پانی بھی اُس سے متاثر ہوتا ہے۔ وہی پانی اگر کسی کو پلایا جائے تو وہ ایک "شفا بخش مشروب” بن جاتا ہے۔ قرآن خود کہتا ہے:
"وَنُنَزِّلُ مِنَ الْقُرْآنِ مَا هُوَ شِفَاءٌ وَرَحْمَةٌ لِّلْمُؤْمِنِينَ” (بنی اسرائیل: ۸۲)
یعنی ہم قرآن میں وہ چیز نازل کرتے ہیں جو مومنوں کے لیے شفا اور رحمت ہے۔
اس سے معلوم ہوتا ہے کہ الفاظ، چاہے وہ کسی انسان کے دل میں محفوظ ہوں یا پانی جیسے بے جان مادّے میں، اپنی توانائی اور اثر ضرور چھوڑتے ہیں۔ ایک نرمی سے کہا گیا جملہ برسوں بعد بھی کسی کے دل میں اطمینان بن کر یاد کیا جاتا ہے، اور ایک سخت، تند و تیز بات زندگی بھر کا زخم چھوڑ سکتی ہے۔ الفاظ نہ صرف انسانی رشتوں کی عمارت کی اینٹیں ہیں، بلکہ وہ ان عمارتوں کو گرابھی سکتے ہیں۔
نبی کریم ﷺ نے فرمایا:
"انسان کبھی ایک ایسا جملہ کہہ دیتا ہے جسے وہ معمولی سمجھتا ہے، لیکن وہی اسے جہنم میں لے جاتا ہے، اور کبھی وہ ایک ایسا جملہ کہتا ہے جو اسے جنت کے قریب کر دیتا ہے۔” (صحیح بخاری و صحیح مسلم)
یہ حدیث ہمیں بتاتی ہے کہ زبان کا استعمال محض دنیاوی سرگرمی نہیں بلکہ ایک اخلاقی، روحانی اور اخروی آزمائش بھی ہے۔
افسوس کی بات یہ ہے کہ ہمارے معاشرے میں بدگمانی، بدزبانی، اور بےحسی معمول بن چکی ہے۔ ہم بغیر سوچے بولتے ہیں، بغیر سمجھے دل دکھاتے ہیں، اور بغیر تحقیق کیے رائے قائم کر لیتے ہیں۔ ہم دوسروں کی نیت پر شک کرتے ہیں، حالانکہ قرآن ہمیں روکتا ہے:
"اجْتَنِبُوا كَثِيرًا مِّنَ الظَّنِّ، إِنَّ بَعْضَ الظَّنِّ إِثْمٌ” (الحجرات:۱۲)
یعنی بہت سے گمانوں سے بچو، یقیناً بعض گمان گناہ ہوتے ہیں۔
ہمیں شعوری طور پر اپنی گفتگو کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ ہمیں سیکھنا ہوگا کہ زبان سے صرف باتیں نہیں بلکہ دعائیں، تسلیاں اور روشنی بھی نکالی جا سکتی ہے۔ اگر ہم الفاظ کو عبادت بنا لیں، اگر ہمارا ہر جملہ کسی کے دل کا مرہم بن جائے، تو یقین کریں کہ ہم نہ صرف اپنا بلکہ دوسروں کا بھی مستقبل سنوار سکتے ہیں۔
ہمیں فیصلہ کرنا ہے کہ ہم اپنے الفاظ سے زخم دینا چاہتے ہیں یا شفا؟ اندھیرے بڑھانا چاہتے ہیں یا چراغ جلانا؟ کیونکہ انسان کے بعد جو چیز یاد رہتی ہے وہ اُس کی باتیں، اُس کے الفاظ اور اُس کا رویہ ہوتا ہے، نہ کہ اُس کا چہرہ یا مال و دولت۔
لہٰذا، جب بولیں تو شعور سے بولیں۔ جب کسی سے بات کریں تو احساس کے ساتھ کریں۔ اور جب خاموش رہیں تو وہ خاموشی بھی محبت و ادب کی ہو، بے نیازی کی نہیں۔ ہو سکتا ہے آپ کا ایک جملہ کسی کی آخری امید ہو، اور ہو سکتا ہے وہی جملہ کسی کی زندگی کا آخری صدمہ بن جائے۔
الفاظ کو معمولی نہ سمجھیں۔ یہ دعا بھی ہو سکتے ہیں، دوا بھی، اور دُکھ بھی۔ یہ زندگی کی عمارت کے ستون بھی ہو سکتے ہیں اور اس کی بنیاد کو ہلا دینے والے زلزلے بھی۔ اگر ہم واقعی ایک بہتر اور پُرامن معاشرہ چاہتے ہیں، تو ہمیں اپنی زبان کو شعور، محبت اور ہمدردی کا آئینہ بنانا ہوگا — تاکہ جب ہم اس دنیا سے چلے جائیں، تو ہمارے الفاظ لوگوں کے دلوں میں چراغ بن کر روشن رہیں، اور ہماری یاد ایک خوشبو بن کر مہکتی رہے۔