مخلصانہ تعلقات نبھائیں اور بے انتہا اطمینان پائیں

مخلصانہ تعلق انسانی زندگی کا ایک نہایت لازمی حصہ ہے۔ یہ ذاتی ترقی و بہتری، اجتماعی فلاح و بہبود، قلبی تسکین و اطمینان اور بامعنی باہمی روابط کے لیے ایک ٹھوس بنیاد فراہم کرتا ہے۔ یہ ایک طرف ہماری زندگیوں کو تقویت بخشتا ہے اور دوسری طرف ایک ایسے سماج کی تعمیر میں اپنا اثر و رسوخ شامل کرتا ہے جس میں بسا اوقات نامناسب سلوک یا غیر فطری طرزِ عمل کی وجہ سے تعلقات کشمکش کا شکار ہو جاتے ہیں۔ ایسے حالات میں صرف اور صرف خلوص ہی وہ نسخہ ثابت ہوتا ہے جو سماج کو ناچاقی اور کشیدگی سے نکال کر تعاون اور احترام سے بھرپور انداز میں روشناس کرا دے۔

مخلصانہ رشتے اور تعلقات اپنے دامن میں انسانوں کے لیے حد درجہ قدر و قیمت رکھتے ہیں اس سلسلے میں ایک جذباتی تسکین بھی ہے جب بھی ہم دوسروں کے ساتھ گہرے، قریبی اور پر اعتماد تعلقات رکھتے ہیں، تو ہم قدرتی طور پر اپنی خوشیوں میں اضافہ، غموں میں کمی اور نوع بہ نوع چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے کافی حوصلہ پاتے ہیں، یہ احساس بڑا اطمینان دیتا ہے کہ کہیں نہ کہیں ہماری بات سنی جائے گی، سمجھی جائے گی اور بالآخر قبول کی جائے گی۔ یہ جذباتی سہارا سکون کا ایک طاقتور ذریعہ ہے جو ہمیں زندگی کے اتار چڑھاو میں ہموار انداز سے آگے بڑھنے میں مدد کرتا ہے۔

‎جدید تحقیق کے مطابق، مخلصانہ تعلقات نہ صرف ذہنی سکون فراہم کرتے ہیں بلکہ جسمانی صحت پر بھی مثبت اثرات مرتب کرتے ہیں۔ مثلاً یہ تناؤ میں کمی کا باعث ہیں۔ ہارورڈ یونیورسٹی کی ایک تحقیق کے مطابق، گہرے اور پراعتماد رشتے کورٹیسول (تناؤ کا ہارمون) کی سطح کم کرتے ہیں۔ اس طرح بعض تحقیقات کے مطابق خلوص پر مبنی سماجی روابط انسان کی عمر میں اضافے کا سبب بنتے ہیں۔

‎انسانی دماغ کا آکسیٹوسن ہارمون (جس کو عمومی طور پر اعتماد کا ہارمون بھی کہا جاتا ہے) مخلصانہ تعلقات کے دوران خارج ہوتا ہے۔ یہ ہارمون باہمی وابستگی کو مضبوط بناتا ہے اور دھوکے یا خودغرضی کے امکانات کو کم کرتا ہے۔ اس لیے خلوص محض ایک اخلاقی خوبی ہی نہیں، بلکہ انسانی سماج کی فطری ضرورت بھی ہے۔ 

‎تاریخ گواہ ہے کہ جس معاشرے میں انسانوں کے درمیان خلوص پایا جاتا ہے، وہاں پہ جرائم، انتشار، نفرت اور خودغرضی کم ہوتی ہے۔ مثال کے طور پر ہجرت مدینہ کے وقت تاجدار کائنات حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم نے مہاجرین اور انصار کے درمیان اخوت کا رشتہ قائم کر کے ایک مثالی معاشرہ تشکیل دیا، جہاں خلوص نے اجتماعی فلاح و بہبود کی بنیاد رکھی۔ جدید تنظیمیں کامیاب کمپنیاں (جیسا کہ گوگل) ملازمین کے درمیان باقاعدہ اعتماد اور شفافیت کو ترجیح دیتی ہیں، جس سے کارکردگی میں خاطر خواہ اضافہ ہوتا ہے۔ 

مخلصانہ تعلق ذاتی ترقی اور خود آگاہی کو بھی مسلسل فروغ دیتا ہے۔ دوسروں کے ساتھ کھلے اور ایماندارانہ روابط کے ذریعے، ہم نت نئے امکانات حاصل کرتے ہیں، اپنے اپنے احوال اور معروضات کو دوسروں کے ساتھ شیئر کرتے ہیں اور اپنے بارے میں گہری سمجھ بوجھ کو فروغ دیتے ہیں۔ باہمی تعلقات کو نشوونما دینے کا یہ عمل دو طرفہ خود اعتمادی، ہمدردی اور جذباتی اشتراک میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔ یہ وہ قیمتی خصلتیں ہیں جو انسانی تعلقات میں سرایت کرنے والی پیچیدگیوں پر قابو پانے کے لیے ضروری ہیں۔

خلوص اجتماعی احساس کے لیے بے حد اہم چیز ہے۔ جب ہم خود کو دوسروں کے ساتھ خلوص کے دھاگے میں بندھے ہوئے محسوس کرتے ہیں، تو ہمیں تنہائی، اداسی اور بیگانگی کے احساسات کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔ لمحہ موجود کی مادی معاشرت میں درپیش چیلنجز پر قابو پانے کے لیے خلوص سے بڑھ کر کوئی نسخہ ممکن نہیں۔ اپنے آس پاس کے لوگوں کے ساتھ بامعنی روابط استوار کر کے، ہم ایک ایسا برادرانہ نیٹ ورک بنا سکتے ہیں جو کہ ہمارے اجتماعی فلاح و بہبود اور مقصد حیات پانے جیسے اہداف کے حصول میں بے حد معاون و مددگار ہے۔

انسانی اور سماجی اعتبار سے خلوص کی قدر و قیمت تو بلاشبہ سب کو تسلیم ہے لیکن پیشہ ورانہ دائرے میں بھی، مخلصانہ تعلق ناقابل یقین حد تک مفید ثابت ہو سکتا ہے۔ مضبوط باہمی روابط، جو اعتماد اور احترام کی بنیاد پر پروان چڑھے ہو، مثلاً کام کے ماحول میں تعاون، بروقت رابطے اور نوع بہ نوع مسائل پر قابو پانے کے لیے باہمی اشتراک وہ جادوئی آلات ہیں جو کسی بھی مشکل میں سہارا بن سکتا ہے۔ وہ ملازمین جو اپنے رفقاء کار کی طرف سے حقیقی حمایت اور معاونت پاتے ہیں وہ اکثر زیادہ نتیجہ خیز، کامیاب اور اپنے ادارے کے لیے زیادہ مفید ثابت ہوتے ہیں۔

مخلصانہ تعلق کو فروغ دینا بظاہر ایک مشکل لیکن دیرپا نتائج کے اعتبار سے فائدہ مند عمل ہے۔ اس عمل میں ایک دوسرے کے لیے گہری دلچسپی، ہمدردی اور مشکل اوقات میں مددگاری پر آمادہ رہنا شامل ہیں۔ یہ حقیقت تسلیم کرنا ازحد اہم ہے کہ سب کو یکساں طور پر نہیں بلکہ منفرد حیثیت میں دیکھا جائے کیونکہ ہر رشتہ منفرد ہے اور ہر رشتے کو نبھانے کے اپنے تقاضے اور طریقے ہوتے ہیں، جس میں صبر، تحمل، سمجھ بوجھ اور خلوص کے عزم کی ضرورت ہوتی ہے۔

موجودہ گہری اور پیچیدہ کشمکش میں گھری زندگی میں سکون اور اطمینان بھرنے کے لیے مخلصانہ تعلق انسانی برادری کی ایک اہم ترین ضرورت ہے۔ یہ جذباتی تسکین کی فراہمی، ذاتی ترقی کو فروغ دینے اور اجتماعی یک جہتی کے لیے درکار احساس کو پروان چڑھانے میں مددگار عنصر ہے۔ ہماری ذاتی، اجتماعی اور پیشہ ورانہ زندگی میں، ان بامعنی رابطوں کو بڑھانے اور انہیں برقرار رکھنے کی اہمیت سے کوئی بھی انکار نہیں کر سکتا لیکن ان کے عملی تقاضوں سے بسا اوقات لوگ غفلت برت رہے ہیں لیکن خلوص کا احساس اس خلا کو بھرنے میں بے حد کامیاب واقع ہوا ہے بس باقاعدہ مشق کی ضرورت ہے اور بس۔ اپنے تعلقات کی گہرائی، گیرائی اور معیار کو ترجیح دے کر، ہم تکمیل، تعمیر اور تحسین کے وہ بلند و بالا مدارج طے کر سکتے ہیں جن میں حقیقی انسانی عظمت کا راز پنہا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے