پاکستان کا قیام صرف ایک جغرافیائی تقسیم نہیں تھا، بلکہ یہ برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک نظریاتی اور تہذیبی نجات کا اعلان تھا۔ 14 اگست 1947 کو جب یومِ آزادی منایا گیا، تو اس کے پیچھے صدیوں کی جدوجہد، قربانیوں اور عزم کی داستان تھی۔ نواب سراج الدولہ سے لے کر ٹیپو سلطان تک، اور پھر 1857 کی جنگِ آزادی تک، ہر موڑ پر مسلمانوں نے اپنی شناخت کے تحفظ کے لیے بے مثال قربانیاں دیں۔ یہ وہ تاریخی تسلسل تھا جس نے بالآخر دو قومی نظریے کو جنم دیا اور پاکستان کو ایک حقیقت بنایا۔ قائدِ اعظم محمد علی جناح نے اس نظریے کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا تصور اسی دن سے موجود تھا جب برصغیر میں پہلا شخص مسلمان ہوا تھا۔ یہی وہ بنیاد تھی جس پر لاکھوں لوگوں نے اپنا گھر بار چھوڑا اور ایک نئے وطن کی تعمیر کے لیے بے پناہ مصائب برداشت کیے۔
تحریکِ پاکستان کے دوران اسلامی جمہوریہ پاکستان کا مطلب کیا؟ لا الہ الا اللہ کا نعرہ صرف ایک سیاسی نعرہ نہیں تھا، بلکہ یہ عوام کے دلوں کی گہرائیوں سے نکلی ہوئی آواز تھی۔ یہ نعرہ اس بات کی عکاسی کرتا تھا کہ پاکستان محض ایک زمین کا ٹکڑا نہیں، ایک ایسی ریاست ہوگی جہاں اسلامی اصولوں پر عمل کیا جائے گا۔ قائدِ اعظم کی قیادت میں مسلم لیگ نے نہ صرف انگریزوں، بلکہ کانگریس کی مخالفت کے باوجود اپنا مطالبہ منوا لیا۔ یہ ایک ایسی کامیابی تھی جس نے ثابت کیا کہ عوام کی متحدہ قوت کسی بھی طاقت کے سامنے جھک نہیں سکتی۔ مگر سوال یہ ہے کہ کیا آج ہم اسی نظریے پر قائم ہیں؟ کیا ہم نے اپنے آباؤ اجداد کے خوابوں کو پورا کر لیا ہے؟
آج 78 سال بعد جب ہم اپنے سفر کا جائزہ لیتے ہیں، تو کئی تلخ حقائق سامنے آتے ہیں۔ ہماری عدالتیں آج بھی انگریزی قوانین کے تحت فیصلے کرتی ہیں، ہمارا تعلیمی نظام لارڈ میکالے کے وضع کردہ نصاب کا اسیر ہے، اور ہماری معیشت سود جیسی لعنت سے چل رہی ہے۔ کیا یہی وہ اسلامی نظام تھا جس کے لیے پاکستان بنا تھا؟ علامہ اقبال نے جو خواب دیکھا تھا، کیا ہم اس سے کوسوں دور نہیں ہو چکے؟ ہماری قومی پالیسیاں غیر ملکی اثرات سے بھری پڑی ہیں، اور ہماری نوجوان نسل اپنی روایات سے کٹتی جا رہی ہے۔ یہ وہ المیہ ہے جس پر ہمیں سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا۔
معاشرتی سطح پر بھی ہم اپنے بنیادی مقاصد سے بہت دور نکل چکے ہیں۔ رشوت، بدعنوانی، اور اقربا پروری ہمارے نظام کی رگوں میں سرایت کر چکے ہیں۔ جمہوریت کے نام پر سیاست دان عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے اپنے مفادات کے لیے کام کر رہے ہیں۔ میڈیا کی آزادی پر پابندیاں، انصاف کی عدم دستیابی، اور اداروں کی باہمی کشمکش نے ملک کو ایک بحرانی کیفیت میں دھکیل دیا ہے۔ کیا یہی وہ پاکستان تھا جس کی تعمیر کے لیے قائدِ اعظم محمد علی جناح نے انتھک محنت کی تھی؟ کیا ہم اپنی آنے والی نسلوں کے سامنے سر اٹھا کر کہہ سکیں گے کہ ہم نے اپنا فرض پورا کر دیا؟
اسی طرح پاکستان کو آج جن چیلنجز کا سامنا ہے، وہ نہ صرف معاشی اور سیاسی ہیں، بلکہ نظریاتی بھی ہیں۔ دہشت گردی، مہنگائی، بیرونی قرضے، اور توانائی کا بحران عوام کی زندگیوں کو مشکل بنا رہے ہیں۔ حکمرانوں کے وعدے تو ہر سال دہرائے جاتے ہیں، لیکن عملی اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ عوام کا اعتماد دن بدن کم ہوتا جا رہا ہے، اور یہی وہ سب سے بڑا خطرہ ہے جو قومی یکجہتی کو متاثر کر رہا ہے۔ 14 اگست صرف جشن کا دن نہیں، بلکہ اپنے عہد کو تجدید کرنے اور ہر سطح پر خود احتسابی کا موقع ہے۔ ہمیں ایک بار پھر متحد ہو کر اپنے ملک کو درپیش مسائل کا حل تلاش کرنا ہوگا۔
اسی طرح حالیہ برسوں میں پاکستان کو کچھ مثبت پیشرفتیں بھی ملی ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ اگر صحیح سمت میں اقدامات کیے جائیں، تو ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔ معدنی وسائل، خاص طور پر ریئر ارتھ منرلز اور تھر کوئلے کے وسیع ذخائر، ہمارے لیے ایک بڑا موقع ہیں۔ اگر ان وسائل کو شفافیت اور دیانتداری سے استعمال کیا جائے، تو پاکستان اربوں ڈالرز کی آمدنی حاصل کر سکتا ہے۔ اسی طرح، تیل اور گیس کی نئی دریافتوں نے ہمیں توانائی کے بحران سے نمٹنے میں مدد دی ہے۔ لیکن ان مواقع کو ضائع نہیں ہونے دینا چاہیے، کیونکہ یہی وہ ذرائع ہیں جو ہمیں معاشی خودمختاری کی طرف لے جا سکتے ہیں۔
ہمارے سامنے سب سے بڑا چیلنج بیرونی مداخلت اور اندرونی کرپشن ہے۔ بعض عالمی طاقتیں خاص کر ہمارے پڑوسی ملک بھارت پاکستان کو کمزور کرنے کے لیے ہر حربہ استعمال کر رہا ہے۔ وہ ہماری معیشت، سیاست اور حتیٰ کہ ثقافت کو بھی نشانہ بنا رہی ہیں۔ دوسری طرف، لینڈ مافیا، شوگر مافیا اور دیگر کرپٹ عناصر قومی خزانے کو لوٹنے میں مصروف ہیں۔ ان تمام خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں ایک مضبوط قومی پالیسی کی ضرورت ہے، جو ہمیں بیرونی دباؤ اور اندرونی بدعنوانی دونوں سے بچا سکے۔
تعلیم ہی وہ واحد ذریعہ ہے جس کے ذریعے ہم اپنی نئی نسل کو صحیح راستہ دکھا سکتے ہیں۔ موجودہ نصاب میں بنیادی تبدیلیاں لا کر ہمیں اسلامی اقدار اور قومی تشخص کو فروغ دینا ہوگا۔ ہمیں اپنے بچوں کو صرف ڈگریاں دینے کے بجائے، ان میں اخلاقیات، محنت اور جذبہ حب الوطنی پیدا کرنا ہوگا۔ تحقیقی علوم پر توجہ بڑھانے سے ہی ہم جدید ٹیکنالوجی میں خودکفیل ہو سکتے ہیں۔ اگر ہم اپنی تعلیمی پالیسیوں کو درست کر لیں، تو آنے والی نسلیں ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکیں گی۔
معاشی ترقی کے لیے ہمیں اپنی صنعتوں کو فروغ دینا ہوگا۔ خام مال کی برآمد کے بجائے مقامی سطح پر ویلیو ایڈڈ مصنوعات تیار کر کے ہم اپنی معیشت کو مستحکم کر سکتے ہیں۔ زراعت، ٹیکسٹائل اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ اگر ہم اپنی برآمدات کو بڑھا لیں، تو بیرونی قرضوں سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔ معاشی خودمختاری ہی وہ بنیاد ہے جس پر پاکستان کی حقیقی ترقی کا دارومدار ہے۔
سیاسی استحکام بھی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ ہمیں جمہوریت کو مضبوط بنانا ہوگا اور اداروں کی باہمی مداخلت کو کم کرنا ہوگا۔ عوامی نمائندوں کو اپنی ذمہ داریاں سمجھنی چاہییں اور عوام کے مسائل حل کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔ اگر ہم اپنی سیاسی نظام کو درست کر لیں، تو ملک میں پائیدار امن قائم ہو سکتا ہے۔ سیاسی استحکام ہی وہ کلید ہے جو پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے۔
اسی طرح، ہمیں اپنی نوجوان نسل کو پاکستان کی اصل روح سے روشناس کرانا ہوگا۔ انہیں بتانا ہوگا کہ یہ ملک صرف ایک خطہ زمین نہیں، بلکہ ایک نظریہ ہے جس کے لیے لاکھوں لوگوں نے قربانیاں دی ہیں۔ ہمیں اپنے نوجوانوں میں اعتماد، ہمت اور جذبہ پیدا کرنا ہوگا، تاکہ وہ ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ اگر ہم اپنی نسل کو صحیح سمت میں رہنمائی فراہم کریں، تو وہ پاکستان کو ایک نئی بلندی پر لے جا سکتے ہیں۔
14 اگست ہمیں یہ موقع دیتا ہے کہ ہم اپنے عہد کو تجدید کریں اور اپنے وطن کی ترقی کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں وقف کر دیں۔ ہمیں ایک بار پھر متحد ہو کر اپنے ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ اللہ تعالیٰ ہمارے ملک کو سلامتی، ترقی اور استحکام عطا فرمائے۔ آمین!