وقت کا سفر اور انسانی زندگی پر اثرات

انسان کی زندگی ہمیشہ ایک جیسی نہیں رہتی۔ کبھی خوشی آتی ہے اور کبھی غم، کبھی آسانیاں ملتی ہیں تو کبھی مشکلات سامنے آتی ہیں۔ یہ دونوں حالتیں، چاہے جتنی بھی مختلف ہوں، وقت کے ساتھ گزر جاتی ہیں۔

لیکن ان کے گزر جانے کے بعد انسان کے دل اور دماغ پر جو اثر رہ جاتا ہے، وہی دراصل زندگی کا سب سے بڑا سبق ہوتا ہے۔ یہی اثر انسان کو بدل دیتا ہے، اسے سوچنے پر مجبور کرتا ہے اور اس کے تجربات کو گہرا کر دیتا ہے۔ وقت کی اصل خوبی یہی ہے کہ یہ رکتا نہیں، لیکن جو کچھ یہ اپنے پیچھے چھوڑ جاتا ہے وہ انسان کی شخصیت اور اس کے مستقبل کا حصہ بن جاتا ہے۔

اچھے وقت کی یادیں انسان کو خوشی اور سکون دیتی ہیں اور برے وقت میں سہارا بنتی ہیں۔ وہ لمحے جب سب کچھ آسان لگ رہا ہو، جب زندگی میں خوشیاں زیادہ ہوں اور انسان خود کو کامیابی کے قریب محسوس کر رہا ہو، یہ یادیں اس کے لیے آنے والے دنوں میں روشنی کا کام کرتی ہیں۔ جب حالات سخت ہوتے ہیں اور ہر چیز ناممکن لگنے لگتی ہے تو یہی خوشگوار یادیں دل کو سہارا دیتی ہیں۔

انسان ان لمحات کو یاد کر کے مطمئن ہوتا ہے اور دل کو تسلی دیتا ہے کہ زندگی کبھی نہ کبھی دوبارہ ویسی ہی خوبصورت ہو سکتی ہے اور وہ اچھے دن دوبارہ لوٹ سکتے ہیں۔ یہ سوچ ہی انسان کو آگے بڑھنے اور ہار نہ ماننے کی ہمت فراہم کرتی ہے۔

اس کے برعکس برے وقت کے دن بہت مشکل اور کٹھن ہوتے ہیں۔ انسان کے لیے ان لمحوں کو برداشت کرنا آسان نہیں ہوتا، ہر دن ایک نئے امتحان کی طرح لگتا ہے۔ لیکن جب وہ وقت گزر جاتا ہے تو اس کے نشان ضرور دل پر رہ جاتے ہیں۔ یہ داغ یا زخم بظاہر تکلیف دہ محسوس ہوتے ہیں لیکن حقیقت میں یہی انسان کو مزید مضبوط اور تجربہ کار بناتے ہیں۔ برے وقت سے گزرنے والا شخص صبر کرنا سیکھتا ہے، مشکلات کو سہنا سیکھتا ہے اور زندگی کی اصل حقیقت کو زیادہ گہرائی سے سمجھنے لگتا ہے۔ ایسے لمحات انسان کو عاجزی اور دعا کی طرف لے جاتے ہیں اور یہ سبق دیتے ہیں کہ زندگی کی حقیقت محض خوشیوں میں نہیں بلکہ ان آزمائشوں میں بھی پوشیدہ ہے جو انسان کو اپنی اصل پہچان سے روشناس کراتی ہیں۔

زندگی کا حسن بھی اسی میں ہے کہ اچھے اور برے دونوں وقت آتے رہتے ہیں۔ اگر صرف خوشی ہی خوشی ہو تو انسان ان کی قدر نہ کرے اور غرور میں مبتلا ہو جائے۔ اگر صرف غم ہی غم ہو تو زندگی بہت مشکل ہو جائے اور انسان کا صبر ٹوٹ جائے۔ اسی لیے دونوں کا آنا ضروری ہے تاکہ انسان کا توازن برقرار رہے۔ خوشی اور غم کا یہی انسان کو مکمل کرتا ہے۔ خوشی انسان کو شکر کی یاد دلاتی ہے اور غم انسان کو اللہ کی طرف رجوع کرنے اور عاجزی اپنانے پر مجبور کرتا ہے۔ یہی دونوں حالتیں مل کر ایک پختہ، صابر اور شکر گزار انسان کو جنم دیتی ہیں۔

جب انسان خوشی میں اللہ کا شکر ادا کرتا ہے اور غم میں صبر اختیار کرتا ہے تو اس کی زندگی نہ صرف بہتر ہو جاتی ہے بلکہ وہ دوسروں کے لیے بھی مثال بن جاتا ہے۔

آخر میں یہ کہا جا سکتا ہے کہ وقت کا گزر جانا تو طے ہے، لیکن اس کے چھوڑے ہوئے اثرات ہی انسان کی سوچ، رویے اور شخصیت کو سنوارتے ہیں۔ وقت گزرنے کے بعد انسان کے پاس صرف یادیں اور تجربے رہ جاتے ہیں اور یہی تجربے اس کے لیے آنے والی زندگی کا سرمایہ ہوتے ہیں۔ اس لیے ہر وقت کو ایک سبق سمجھنا چاہیے۔ خوشی کو نعمت جان کر اس پر اللہ کا شکر ادا کریں اور غم کو امتحان سمجھ کر صبر کریں، کیونکہ یہ دونوں رویے انسان کو کامیاب اور مطمئن بنا سکتے ہیں۔ زندگی کا اصل سکون اسی میں ہے کہ ہر حال میں اللہ پر بھروسہ رکھا جائے اور ہر وقت کو اپنی اصلاح اور تربیت کا ذریعہ سمجھا جائے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے