برطانیہ، جسے یونائیٹڈ کنگڈم بھی کہا جاتا ہے، ایک ایسا ملک ہے جس کی بنیاد جمہوری اصولوں، پارلیمانی روایات اور سیاسی استحکام پر قائم ہے۔ عالمی سیاست میں اس کا کردار ہمیشہ نمایاں رہا ہے۔ اگرچہ اس جمہوری نظام نے وقت کے ساتھ خواتین اور اقلیتوں کی شمولیت کی راہ ہموار کی، لیکن ایک عرصے تک مسلمان اور دیگر نسلی گروہوں کی حکومتی سطح پر نمایاں نمائندگی کا فقدان رہا۔
بیسویں صدی کے وسط میں جنوبی ایشیا سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن نے یہاں قدم رکھا، مگر ان کی سیاسی ترقی ایک طویل اور آزمائشی سفر تھا۔ حالیہ دہائیوں میں معاشرتی تنوع کو عملی طور پر اپنانے کی سنجیدہ کوششیں شروع ہوئیں، جن کی ایک شاندار مثال شبانہ محمود کی بطور وزیر داخلہ تقرری ہے۔ یہ فیصلہ نہ صرف تاریخی اہمیت کا حامل ہے بلکہ اقلیتوں کے لیے سیاسی مساوات کی سمت ایک مضبوط قدم بھی ہے۔
شبانہ محمود برطانیہ کی وہ پہلی مسلمان خاتون ہیں جنہیں وزارت داخلہ جیسے اہم اور حساس منصب پر فائز کیا گیا ہے۔ ان کی یہ تقرری ملک کے سیاسی منظرنامے میں ایک نئے باب کا آغاز ہے۔ وزارت داخلہ کے تحت قومی سلامتی، امیگریشن، پولیس اصلاحات اور شہری آزادیوں جیسے اہم معاملات آتے ہیں۔ شبانہ کی تعیناتی اس بات کا مظہر ہے کہ برطانوی نظام اب میرٹ اور خدمت عامہ کو ترجیح دے رہا ہے، خواہ کسی کا پس منظر کچھ بھی ہو۔ وزیر اعظم سر کیر اسٹارمر کا یہ فیصلہ اس بات کی دلیل ہے کہ لیبر پارٹی اب تنوع کو صرف ایک نعرہ نہیں بلکہ عملی حقیقت میں بدلنے کے لیے پُرعزم ہے۔
شبانہ کی داستان برمنگھم کے علاقے لیڈی ووڈ سے شروع ہوتی ہے، جہاں وہ 1980 میں پیدا ہوئیں۔ ان کا خاندانی پس منظر پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے شہر میرپور سے جُڑا ہوا ہے۔ ان کے والدین بہتر مستقبل کی تلاش میں برطانیہ آئے، لیکن اپنی ثقافت، زبان اور روایات سے وابستگی برقرار رکھی۔ شبانہ نے ایک ایسے ماحول میں پرورش پائی جہاں تعلیم، محنت اور اصول پسندی کو بنیادی اہمیت حاصل تھی۔ ان کے بچپن کے کچھ سال سعودی عرب میں بھی گزرے، جہاں اسلامی تہذیب اور اقدار سے گہرا تعلق قائم ہوا۔ بعد ازاں وہ واپس برطانیہ آ گئیں اور اپنی تعلیم کو سنجیدگی سے جاری رکھا، جو ان کی شخصیت کی بنیاد بن گئی۔
تعلیمی میدان میں ان کا انتخاب آکسفرڈ یونیورسٹی کے ممتاز لنکن کالج سے قانون کی تعلیم حاصل کرنا تھا جو ان کی غیر معمولی ذہانت، لگن اور مقصدی سوچ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ قانون کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد شبانہ نے بطور بیرسٹر اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز کیا اور انسانی حقوق، انصاف، اور سماجی بھلائی جیسے اصولوں کو اپنے کام کا مرکز بنایا۔ ان کا یہ سفر انہیں سیاست کی دنیا میں لے آیا، جہاں انہوں نے عوامی مسائل کے پائیدار حل کے لیے قانون سازی کو اپنا ہتھیار بنایا۔
2010 کے عام انتخابات میں شبانہ نے برمنگھم لیڈی ووڈ سے لیبر پارٹی کی امیدوار کے طور پر حصہ لیا اور کامیابی حاصل کی۔ اسی انتخاب میں دو دیگر مسلم خواتین، یاسمین قریشی اور روشَن آرا علی بھی کامیاب ہوئیں، لیکن شبانہ کو پہلا کامیابی نامہ ملنے کے باعث انہیں برطانوی پارلیمان کی پہلی مسلم خاتون رکن ہونے کا اعزاز حاصل ہوا۔ بعد کے تین انتخابات میں بھی انہوں نے اپنی نشست کامیابی سے برقرار رکھی، جو ان کی عوامی مقبولیت اور مضبوط رابطہ کاری کی غماز ہے۔
اپوزیشن کے دور میں شبانہ نے لیبر پارٹی کے مختلف اہم شعبوں میں مؤثر کردار ادا کیا۔ قانونی، معاشی اور سماجی پالیسی سازی میں ان کی فہم و فراست ہمیشہ نمایاں رہی۔ امیگریشن جیسے نازک موضوع پر انہوں نے حقیقت پسندانہ اور متوازن مؤقف اختیار کیا، جو کئی حلقوں میں سراہا گیا، اگرچہ چند اعتراضات بھی سامنے آئے۔ شبانہ نے جذباتیت سے گریز کرتے ہوئے ہمیشہ تحقیق، عدل اور دلیل کو اپنی رہنمائی کا ذریعہ بنایا۔
وزیر اعظم اسٹارمر کی جانب سے حالیہ کابینہ میں جو اہم تبدیلیاں کی گئیں، ان میں سب سے زیادہ توجہ شبانہ محمود کی وزیر داخلہ کے طور پر تعیناتی پر مرکوز رہی۔ ان سے قبل یوٹ کوپر اس منصب پر فائز تھیں اور اب وہ وزارت خارجہ کی ذمہ داری سنبھال چکی ہیں۔ شبانہ کو یہ ذمہ داری ایک ایسے وقت میں ملی ہے جب برطانیہ امیگریشن بحران، پولیس پر عوامی اعتماد میں کمی، بچوں کے جنسی استحصال کی روک تھام، اور دہشت گردی جیسے سنجیدہ مسائل سے نبرد آزما ہے۔ ان چیلنجز کے مقابلے کے لیے شبانہ کی قیادت سے قوی امیدیں وابستہ کی جا رہی ہیں۔
وزارت داخلہ میں ان کا کردار رسمی نوعیت کا ہرگز نہیں یہ فیصلہ کن اور مؤثر ہے۔ انہیں صرف امیگریشن قوانین میں بہتری نہیں لانی بلکہ اس کے ساتھ ساتھ پولیسنگ میں اصلاحات، نسلی امتیاز کے خاتمے، اور شہریوں کے بنیادی حقوق کی حفاظت جیسے اہم اقدامات بھی کرنا ہوں گے۔ ان کے فیصلے لاکھوں افراد کی روزمرہ زندگی پر اثر ڈالیں گے، اس لیے ان کی حکمت عملی اور وژن لیبر حکومت کی ساکھ پر گہرا اثر ڈال سکتا ہے۔
شبانہ کی شمولیت سے کابینہ میں خواتین وزرا کی تعداد بارہ ہو چکی ہے، جو برطانوی تاریخ میں خواتین کی سب سے بڑی نمائندگی ہے۔ یہ صرف صنفی برابری کی طرف ایک پیش رفت نہیں بلکہ اقلیتوں کے لیے ایک مضبوط پیغام ہے کہ اب برطانیہ میں عملی تبدیلی آ رہی ہے۔ شبانہ کی حیثیت اس لیے بھی اہم ہے کہ وہ ایک ایسی شخصیت ہیں جو خاتون ہونے کے ساتھ ساتھ ایک مذہبی اور نسلی اقلیت کی نمائندہ بھی ہیں۔ ان کا عروج صرف انفرادی کامیابی نہیں یہ تو ایک اجتماعی امید کی تعبیر ہے۔
ان کی شخصیت میں سنجیدگی، تدبر، اور عملی بصیرت کا امتزاج نمایاں ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے وہ ہمیشہ مدلل، محتاط اور غیر جذباتی انداز اختیار کرتی ہیں۔ ان کی گفتگو میں علمی گہرائی ہوتی ہے، اور وہ غیر ضروری تنازعات سے اجتناب کرتی ہیں۔ پارلیمنٹ کے اراکین اور کابینہ کے ساتھی ان کی دانشمندانہ قیادت کے معترف ہیں۔ وہ ایسے وقت میں بھی واضح فیصلے لینے کی اہلیت رکھتی ہیں جب حالات پیچیدہ اور دباؤ میں ہوں۔
شبانہ کا سیاسی سفر اس حقیقت کا عملی ثبوت ہے کہ دیانتداری، تعلیم، محنت اور اصول پسندی کے ذریعے کوئی بھی فرد اعلیٰ مناصب تک پہنچ سکتا ہے، قطع نظر اس کے کہ اس کا تعلق کس مذہب، نسل یا طبقے سے ہے۔ ان کا وزیر داخلہ بننا صرف ایک سیاسی تقرری نہیں بلکہ برطانوی جمہوریت میں شفافیت اور برابری کی جیت ہے۔ وقت کے ساتھ ان کی پالیسیاں ظاہر کریں گی کہ وہ ان ذمہ داریوں سے کیسے عہدہ برآ ہوتی ہیں، لیکن آج ان کی موجودگی ہی ایک جیتی جاگتی کامیابی ہے، جسے دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔
اگرچہ شبانہ کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، لیکن ان کا ماضی اور مسلسل ترقی ہمیں یہی بتاتے ہیں کہ وہ کسی مشکل سے گھبرانے والی نہیں۔ انہوں نے اپنی قابلیت، عزم اور مسلسل محنت سے برطانوی سیاست میں جو مقام حاصل کیا ہے، وہ نہ صرف برطانیہ بلکہ پوری دنیا کی مسلمان خواتین کے لیے ایک مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے یہ سچ کر دکھایا کہ مذہب، لباس یا خاندانی پس منظر ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتے، بشرطیکہ مقصد واضح اور نیت خالص ہو۔
شبانہ محمود آج صرف ایک سیاستدان نہیں، امید، تبدیلی، اور شمولیت کی ایک علامت بن چکی ہیں۔ وہ ایک ایسی سوچ کی نمائندہ ہیں جو ہر شہریوں کے لیے برابری، شفافیت اور انصاف کی خواہاں ہے۔ ان کی قیادت سے برطانوی سیاست کو نہ صرف ایک نئی جہت ملے گی بلکہ یہ بھی ثابت ہوگا کہ سچائی، صلاحیت اور عزم کے ساتھ کوئی بھی بلند مقام حاصل کر سکتا ہے، چاہے اس کا تعلق کسی بھی مذہب، رنگ، نسل یا پس منظر سے ہو۔
یہ تقرری نہ صرف برطانوی اقلیتوں کے لیے، بلکہ دنیا بھر کی خواتین، بالخصوص مسلمان خواتین کے لیے ایک علامتِ امید ہے۔ یہ اس بات کا عملی اعلان ہے کہ جمہوریت کا اصل حسن اسی میں ہے کہ ہر فرد کو، اس کی شناخت کے قطع نظر، مساوی مواقع دیے جائیں۔ شبانہ کی موجودگی کابینہ میں اس عزم کی تجدید ہے کہ قیادت کا حق صرف چند مخصوص طبقات تک محدود نہیں، وہ ہر اس فرد کا ہے جو قوم کی خدمت کا جذبہ رکھتا ہو۔
مستقبل میں ان کی کارکردگی کس سمت جاتی ہے، یہ تو وقت بتائے گا، مگر آج شبانہ محمود کی یہ کامیابی ایک نئی صبح کی نوید ہے ایک ایسی صبح جو نمائندگی، شمولیت، انصاف اور مساوات پر مبنی ہے۔ وہ صرف ایک وزارت کی سربراہ نہیں، بلکہ ایک نئی سیاسی سوچ کی پرچم بردار ہیں۔