نکاح: دو روحوں کی ہم آہنگی، زندگی کا خوبصورت ترین اور مقدس ترین رشتہ

نکاح صرف ایک سماجی بندھن، رسمی تقریب یا قانونی معاہدہ نہیں ہوتا، بلکہ یہ دو دلوں کے درمیان ایسا روحانی اور جذباتی رشتہ ہے جو الفاظ سے نہیں، احساسات سے بنتا ہے۔ اس میں ضابطوں سے زیادہ دل کی گواہی، اور رسموں سے زیادہ باہمی اعتماد اور محبت شامل ہوتی ہے۔ جب دو انسان اس رشتے میں بندھتے ہیں، تو وہ صرف ایک چھت کے نیچے زندگی گزارنے کا فیصلہ نہیں کرتے، یہ خوابوں، خواہشوں، جذبات اور زندگی کے نشیب و فراز میں ایک دوسرے کا ہمسفر بننے کا عہد کرتے ہیں۔

یہ رشتہ اپنی حقیقی معنویت تب پاتا ہے جب دونوں فریق نہ صرف ایک دوسرے کی انفرادیت کو قبول کریں، بلکہ اس کی قدر بھی کریں۔ مرد اپنی فطری مردانگی اور عورت اپنی نسوانیت کے ساتھ اس رشتے میں داخل ہوتے ہیں، مگر یہ بندھن ان کے وجود کو محدود نہیں کرتا بلکہ انہیں مزید سنوارتا، نکھارتا اور تقویت بخشتا ہے۔ نکاح ایسا پُل ہے جو صرف جسموں کو نہیں بلکہ دلوں، سوچوں اور احساسات کو بھی جوڑتا ہے جہاں "میں” اور "تم” کی سرحدیں مٹ کر صرف "ہم” باقی رہ جاتا ہے۔

اس تعلق کی بنیاد محبت، احترام، اور ایثار پر رکھی گئی ہے۔ ان میں سے کوئی ایک عنصر کمزور پڑ جائے تو یہ رشتہ صرف رسمی یا جسمانی سطح پر باقی رہ جاتا ہے۔ محبت اگر صرف ضرورت تک محدود ہو جائے، عزت برداشت میں بدل جائے، اور قربانی صرف ایک فریق کی ذمہ داری بن جائے، تو نکاح ایک مقدس تعلق کے بجائے ایک بوجھ بن جاتا ہے۔ یہ رشتہ تبھی خوبصورت اور مضبوط بنتا ہے جب دونوں شریکِ حیات ایک دوسرے کی خامیوں کو نظرانداز کرکے خوبیوں کو سراہیں، اور محبت کی چادر میں ہر کمزوری کو چھپا لیں۔

اکثر مرد جب باہر کی دنیا میں خواتین کی خود اعتمادی، خوش لباسی اور بات چیت سے متاثر ہوتے ہیں، تو وہ یہ خواہش کرتے ہیں کہ ان کی بیوی بھی ایسی ہی ہو پرکشش، ذہین اور پراعتماد۔ مگر افسوس کہ وہ اس خواہش کو حقیقت بنانے کے لیے اپنی بیوی کو وہ وقت، وسائل، اور جذباتی سہارا نہیں دیتے، جو کسی بھی عورت کو نکھارنے کے لیے ضروری ہوتا ہے۔ ایک عورت جو ہر لمحہ گھر، بچوں، سسرال اور شوہر کی خدمت میں مصروف ہو، اس کے لیے خود پر توجہ دینے کا موقع بھی کم ہی ملتا ہے۔ ایسے میں اس کی ظاہری حالت پر تنقید کرنا نہ صرف غیر منصفانہ ہے بلکہ اس کی دل آزاری بھی ہے۔

اگر مرد چاہے تو وہی تھکی ماندی، خاموش اور مایوس نظر آنے والی عورت اپنی بھرپور نسوانیت، توانائی اور خوبصورتی کے ساتھ نکھر سکتی ہے، بشرطیکہ اسے عزت، وقت، آزادی، اور حوصلہ فراہم کیا جائے۔ بیوی کو بھی وہی عزت، اعتماد، اور سراہنے والے جملے ملنے چاہئیں، جن کا ذکر مرد اکثر دوسری خواتین کے لیے کرتے ہیں۔ ورنہ یہ رویہ بیوی کے دل میں محرومی اور احساسِ کمتری کو جنم دیتا ہے، جو دھیرے دھیرے رشتے کی بنیادوں کو کھوکھلا کر دیتا ہے۔

جب ایک عورت خود کو مسلسل نظرانداز شدہ، غیر اہم، اور صرف خدمت گزار کے طور پر محسوس کرنے لگے تو اس کی خودی ٹوٹنے لگتی ہے۔ وہ نہ صرف اپنی شخصیت بلکہ اپنے جذبات پر بھی شک کرنے لگتی ہے۔ نسوانیت صرف دلکشی یا خوش لباسی کا نام نہیں، یہ ایک ایسا لطیف احساس ہے جو نرمی، وفا، قربانی اور محبت کے جذبات سے جُڑا ہوتا ہے۔ جب بیوی کو بار بار اس کی خامیوں کا طعنہ دیا جائے یا اس کی شخصیت پر تنقید کی جائے، تو وہ خود کو ناقابلِ محبت، غیر دلکش اور غیر ضروری سمجھنے لگتی ہے۔ یہی سوچ اس کی روح کو گھن کی طرح چاٹنے لگتی ہے۔

اور جب ایک عورت یہ محسوس کرے کہ وہ سنی جا رہی ہے، سمجھی جا رہی ہے، اور اس کی کاوشوں کی قدر کی جا رہی ہے، تو اس کی روح کھلنے لگتی ہے، اس کے چہرے پر چمک آ جاتی ہے، اور وہ اپنے وجود کو مکمل محسوس کرنے لگتی ہے۔ عورت کی اصل خوبصورتی اس کی خوداعتمادی، جذباتی سکون، اور ذہنی آزادی میں چھپی ہوتی ہے اور یہ سب شوہر کے رویے سے جُڑے ہوتے ہیں۔

اسی طرح مرد جب زندگی کی تگ و دو، ذمہ داریوں اور سماجی دباؤ سے تھک کر گھر لوٹتا ہے، تو وہ ایک ایسے ماحول کا متلاشی ہوتا ہے جہاں اسے سکون، اپنائیت، اور محبت ملے۔ اگر بیوی اسے مسکرا کر خوش آمدید کہے، اس کی بات سنے، اور اس کی تھکن کو محسوس کرے، تو یہی چھوٹے لمحے اس کے لیے سکون کا باعث بن جاتے ہیں۔ مرد بظاہر جتنا بھی سخت نظر آئے، اندر سے وہ بھی محبت، نرمی اور توجہ کا خواہاں ہوتا ہے۔ ایسے میں جب بیوی صرف شریکِ حیات ہی نہیں بلکہ دوست، ہمراز، اور رفیقِ سفر بن جائے تو یہ رشتہ عمر بھر کی طاقت بن جاتا ہے۔

میاں بیوی کا تعلق صرف دو افراد کے درمیان نہیں ہوتا، بلکہ وہ اپنے بچوں کے لیے ایک عملی مثال بھی بنتے ہیں۔ بچے وہی سیکھتے ہیں جو وہ اپنے گھر کے ماحول میں محسوس کرتے ہیں۔ اگر محبت، عزت اور ہم آہنگی کا ماحول ہوگا تو وہ بھی مثبت، پراعتماد اور مہذب شخصیت کے حامل بنیں گے۔ لیکن اگر ان کا بچپن تلخی، تذلیل اور جذباتی محرومی میں گزرے گا، تو ان کے دل خوف اور عدم تحفظ سے بھر جائیں گے۔

آج کے معاشرے میں ایک تلخ حقیقت یہ بھی ہے کہ مرد مثالی عورت کا خواب تو دیکھتے ہیں، لیکن اس خواب کو حقیقت بنانے کے لیے جس حوصلے، توجہ اور جذباتی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، وہ دینے سے گریز کرتے ہیں۔ جس عورت میں خوبیاں دکھائی دیتی ہیں، اس کے پیچھے بھی کوئی ایسا شوہر ہوتا ہے جس نے اس کی شخصیت کو سنوارنے میں کردار ادا کیا ہوتا ہے۔ اپنی بیوی سے وہ معیار مانگنے سے پہلے یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ آپ نے خود اس کے لیے کیا کیا؟ کیا آپ نے اسے وہ ماحول، وہ اعتماد، اور وہ سہارا دیا جس سے وہ کھل کر سانس لے سکتی تھی؟ یا صرف اس کی خامیوں کو ہدفِ تنقید بنا کر اسے محرومی اور بے یقینی کے اندھیروں میں دھکیل دیا؟ اگر ایک مرد سچ میں چاہتا ہے کہ اس کی بیوی مثالی بنے تو اسے سب سے پہلے خود مثالی شوہر بننا ہوگا۔ محبت، حوصلہ، خلوص اور مسلسل جذباتی حمایت وہ کنجی ہے جو عورت کی روح کو جگا سکتی ہے۔

رشتہ تبھی خوشحال ہوتا ہے جب دونوں فریق ایک دوسرے کو اپنی زندگی کا قیمتی ترین انتخاب سمجھیں، نہ کہ مجبوری یا ذمہ داری۔ یہ کیوں طے ہو کہ ہمیشہ بیوی ہی سمجھوتہ کرے؟ ہمیشہ وہی قربانی دے؟ رشتہ دو طرفہ ہوتا ہے، اور دونوں کو برابر کا کردار نبھانا چاہیے۔ شوہر کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی بیوی کو یہ یقین دلائے کہ وہ تنہا نہیں، کہ اس کی موجودگی، جذبات، خواب اور احساسات اہم ہیں۔

قرآن نے شوہر اور بیوی کو ایک دوسرے کا لباس قرار دیا ہے اور لباس صرف تن ڈھانپنے کے لیے نہیں، یہ تو تحفظ، وقار، سکون اور اعتماد دینے کے لیے ہوتا ہے۔ نکاح بھی ایسا ہی تعلق ہے، جو دل کی شدتوں کو تھامے، روح کی تھکن کو سہارے، اور زندگی کے ہر موسم میں ایک دوسرے کے لیے پناہ گاہ بن جائے۔

یہ رشتہ تبھی عبادت بنتا ہے جب اس میں صرف ساتھ نہیں، احساس کا ساتھ ہو؛ صرف ذمہ داری نہیں، جذبات کی شرکت ہو؛ صرف فرائض نہیں، بلکہ دل کی خوشی سے کیے گئے عمل ہوں۔ جب شوہر بیوی کے جذبات کی حفاظت کرتا ہے اور بیوی شوہر کے خوابوں کا خیال رکھتی ہے، تو ان دونوں کے بیچ وہ رشتہ پنپتا ہے جو وقت کے ساتھ نہ صرف گہرا بلکہ بے مثال بن جاتا ہے۔

زندگی کے سفر میں جب ہر موڑ پر، ہر موسم میں، ہر خوشی اور غم میں دو انسان ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے کھڑے ہوں چاہے خاموشی سے، چاہے ایک نگاہ سے، یا محض ایک لمس سے تو یہی لمس، یہی خاموشی، اور یہی رفاقت دنیا کی سب سے بڑی نعمت بن جاتی ہے۔ یہی ہے نکاح دو روحوں کی ہم آہنگی، دو دلوں کا دائمی سنگم، اور ہر دن کیے جانے والا ایک محبت بھرا انتخاب۔ جہاں رسم سے زیادہ رشتہ ہو، اور رشتے میں رسم سے زیادہ احساس ہو۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے