امریکی قیادت میں عالمی نظم کی شکست و ریخت جس کا ثبوت ہے کہ وہ کثیرالجہتی اداروں سے دستبرداری، ماحولیاتی معاہدات کو ترک کرنا، اور منصفانہ تجارت کے اصولوں سے انکار شامل ہےنے عالمی حکمرانی میں ایک گہرے خلاء کو جنم دیا ہے۔ بڑھتے ہوئے معاشی عدم استحکام اور ابھرتی ہوئی معیشتوں کو نشانہ بنانے والی حفاظتی رکاوٹوں کے درمیان، گلوبل ساؤتھ اب ایک فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے: یا تو غیر ملکی انحصار پر مبنی ایک محو ہوتے نظام سے چمٹا رہے، یا پھر اپنی امنگوں کے مطابق ترقی کے ایک نئے راستے کی بہادری سے دریافت کرے۔
ریاست ہائے متحدہ کا کلیدی بین الاقوامی تنظیموں اور فریم ورکس جن میں اقوام متحدہ کے تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی ادارے (یونیسکو)، عالمی ادارہ صحت، پیرس معاہدہ اور اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل شامل ہیں سے پیچھے ہٹنا، عالمی مسائل جیسے ماحولیاتی تبدیلی، عوامی صحت اور سلامتی پر اجتماعی کارروائی کو شدید متاثر کر چکا ہے۔ اس انخلا ءکو مزید بڑھاتے ہوئے، امریکہ نے غیر ملکی امداد میں کٹوتی کرتے ہوئے ایجنسیوں کو بند کیا ہے اور کانگریس کی منظور کردہ 5 ارب ڈالر کی غیر ملکی امداد منقطع کی ہے، جس میں امن مشنوں کے لیے اہم تعاون بھی شامل ہے۔ یہ دستبرداری نہ صرف عالمی قیادت سے کنارہ کشی کی علامت ہے، بلکہ مشترکہ چیلنجوں کے تئیں بے اعتنائی کا اظہار بھی۔
اسی دوران، امریکہ کے غیر متوقع تجارتی اقدامات نے ترقی پذیر ممالک میں مالی عدم استحکام کو بڑھا دیا ہے۔ جیسا کہ اس وقت بھارت کو محصولات کا سامنا ہے اور امریکہ چاہتا ہے کہ یورپی یونین کے ساتھ مل کر محصولات کو 100 فیصد تک بڑھا دے۔ اسی طرح برازیل کو امریکی مارکیٹ میں اہم برآمدات پر 50 فیصد کی اسی طرح کی بلند شرحِ محصولات کا سامنا ہے، جبکہ جنوبی افریقہ 30 فیصد تک کے محصولات سے نمٹ رہا ہے۔ ایسی پالیسیاں نہ صرف سفارتی تعلقات کو کمزور کرتی ہیں، بلکہ ابھرتی ہوئی منڈیوں کی ترقی اور استحکام کو بھی خطرے میں ڈالتی ہیں۔
اس غیر یقینی صورتحال میں برکس (BRICS) — جس میں برازیل، روس، بھارت، چین، جنوبی افریقہ اور اس کے نئے شامل ہونے والے اراکین بشمول مصر، ایتھوپیا، انڈونیشیا، ایران اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں — ایک تبدیلی لانے والی قوت کے طور پر ابھر رہا ہے، جس کے پاس بین الاقوامی ڈھانچے کو نئی شکل دینے کا وژن اور پیمانہ موجود ہے۔ عالمی جی ڈی پی کے 40 فیصد سے زیادہ اور دنیا کی نصف آبادی کی نمائندگی کرنے والا، توسیع شدہ برکس ایک بین البراعظمی نیٹ ورک تشکیل دیتا ہے جو ایشیا، افریقہ اور لاطینی امریکہ کو جوڑتا ہے۔ یہ جغرافیائی اور معاشی وسعت برکس کو شمولیت، باہمی فائدہ اور نمائندگی پر مبنی تعاون کے ماڈلز کو آگے بڑھانے کی اجازت دیتی ہے۔
برکس کے تعاون نے ٹھوس منصوبوں اور مالی میکانزم کے ذریعے گلوبل ساؤتھ کے ممالک کو نمایاں فوائد پہنچائے ہیں۔ اس نے نیو ڈویلپمنٹ بینک (NDB) کے ذریعے، تقریباً 120 منصوبوں کو مالیات فراہم کیے ہیں جن کا کل حجم 39 ارب ڈالر سے زیادہ ہے، اور یہ پائیدار بنیادی ڈھانچہ، صاف توانائی اور تکنیکی جدت جیسے اہم شعبوں میں کام کر رہا ہے۔ اہم اقدامات میں جنوبی افریقہ کا ریڈ اسٹون سولر تھرمل پلانٹ شامل ہے، جو 200,000 گھرانوں کو بجلی فراہم کرے گا، اور برازیل کا گییملیرا ونڈ کمپلیکس، جو سالانہ 360 ملین کلو واٹ گھنٹے صاف بجلی پیدا کرتے ہوئے کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں نمایاں کمی لائے گا۔
بنیادی ڈھانچے سے آگے، برکس مقامی کرنسی کے تصفیات اور تجارت کے پھیلاؤ کے ذریعے خود انحصاری کو بڑھاتا ہے۔ 2017 سے 2022 تک برکس کے اندر تجارت میں 56 فیصد اضافہ ہوا۔ تکنیکی تعاون برکس AI ڈویلپمنٹ سینٹر اور زرعی جدید کاری کے پروگراموں، جیسے چین-برازیل ڈرون فارمنگ منصوبوں، کے ذریعے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ مالی استحکام 100 ارب ڈالر کے Contingent Reserve Arrangement (CRA) کے ذریعے مضبوط کیا گیا ہے، جو معاشی خراب حالات کے دوران استحکام فراہم کرتا ہے۔
یقیناً، سیاسی نظاموں اور معاشی ایجنڈے میں داخلی اختلافات مسلسل چیلنج کا باعث بنتے ہیں۔ تاہم، برکس نے "عدم مداخلت” اور اتفاق رائے پر مبنی حکمرانی کے اصول پر عمل کیا ہے، جس نے جبر کے بغیر قابلِ تطبیق اور رضامندی پر مبنی تعاون کو ممکن بنایا ہے۔ حالیہ سنگ میل، جیسے کازان ڈیکلریشن (2024) اور ریو ڈی جنیرو ڈیکلریشن (2025)، بہتر تعاون کے لیے ٹھوس راستے طے کرتے ہیں عالمی تجارتی ادارے (WTO) کے تحت عالمی تجارت کے قوانین میں اصلاحات سے لے کر مصنوعی ذہانت کے لیے اخلاقی فریم ورک قائم کرنے تک اہم ترین کام سر انجام دئیے گئے ہیں۔
جیسا کہ چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا تھا، "برکس کا جہاز بدلتی ہوئی عالمی لہروں کا مقابلہ کرتے ہوئے دور اور مستحکم سفر کرے گا۔” واقعی، برکس کا عروج ایک بنیادی فلسفیانہ تبدیلی کی عکاسی کرتا ہے۔ تسلط سے شراکت داری کی طرف؛ استحصال سے انصاف کی طرف؛ اخراج کو مسترد کرتے ہوئے شمولیت کو اپناتا ہے۔ گلوبل ساؤتھ کو مشترکہ اہداف کے گرد متحد کر کے، برکس عالمی استحکام کے لیے ایک نیا نقشہ تیار کر رہا ہے جو استحصال پر نہیں، بلکہ مشترکہ خوشحالی پر تعمیر کیا گیا ہے۔ جو بنیادی طور پر تجارت کے فروغ، پرُ امن بقائے باہمی، مسائل کا بات چیت کے ذریعےحل اور دوطرفہ جیت پر مبنی ہے۔