ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں تبدیلی کے لیے مہلت

دبئی: آئی سی سی نے پاکستان سمیت 8 مستقل ارکان کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے اعلان کردہ اسکواڈ میں 8 مارچ تک ردو بدل کی اجازت دے دی۔

آئی سی سی ترجمان نے ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ورلڈٹی ٹوئنٹی میں شریک وہ ٹیمیں جو براہ راست دوسرے مرحلے میں کھیلیں گے وہ 8 مارچ تک اپنی مرضی سے اسکواڈ میں تبدیلی کی مجاز ہیں۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ اسکواڈ میں تبدیلی کسی بھی وجہ سے کی جاسکے گی چاہے وہ تکنیکی بنیادوں پر ہو یا پھر میڈیکل بنیاد پر جس کے لیے اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر ہارون رشید کا کہنا تھا کہ اسکواڈ میں تبدیلی کی اجازت تمام ٹیموں کو ہے تاہم انھوں نے اسکواڈ میں کسی ممکنہ تبدیلی کے امکانات پر تبصرہ کرنے سے معذرت کرلی۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق خرم منظور، افتخار احمد اور رومان رئیس کی پاکستان سپر لیگ اور ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی میں کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گاجہاں ناقص کارکردگی پرسلیکشن کمیٹی ورلڈٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں تبدیلی کرسکتی ہے۔

پاکستان نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے طویل عرصے سے ٹیم کا حصہ رہنے والے اوپنر احمد شہزاد کو اسکواڈ میں شامل نہیں کیا تھا جبکہ خرم منظور کو حیران کن طورپر دستے کا حصہ بنا یا گیا ہے۔ خرم منظور نے بین الاقوامی سطح پر 2014 میں آخری دفعہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی جبکہ بین الاقوامی مقابلوں میں اب تک کوئی ٹی ٹوئنٹی میچ نہیں کھیلا۔

پاکستان ٹیم میں رومان رئیس. افتخار احمد اور محمد نواز کو ڈومیسٹک میں بہترین کارکردگی پر اسکواڈ کاحصہ بنایا گیا ہے۔

پاکستان ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں اپنا پہلا میچ 15 مارچ کو گروپ اے کی کوالیفائر ٹیم سے کھیلے گا جبکہ روایتی حریف ہندوستان کے خلاف 19 مارچ کو مدمقابل ہوگا۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے پہلے مرحلے کا آغاز 9 مارچ کو ہوگا جہاں گروپ اے اور گروپ بی سے ایک ایک ٹیم دوسرےمرحلے کے کوالیفائی کرے گی جہاں ان کا مقابلہ پاکستان سمیت آئی سی سی کے دیگر 8 مستقل ارکان سے ہو گا جو 4 ٹیموں پر مشتمل گروپ 1 اور گروپ میں تقسیم ہیں۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے دوسرے مرحلے کا آغاز 16 مار چ کو ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے درمیان میچ سے ہوگا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے