ٹرانس جینڈر افراد کی زندگیوں کا سفر تضادات سے شروع ہو کر المیوں پر ختم ہوتا ہے۔ ان کی پیدائش تو ایک انسان کی طرح ہوتی ہے لیکن شناخت پر پہلا سوال اسی وقت اٹھتا ہے جب معاشرہ ان کے وجود کو ایک معمول کی نظر سے نہیں دیکھتا۔ بچپن ہی سے ان کے ساتھ رویے عجیب ہوتے ہیں نہ گھر انہیں مکمل طور پر قبول کرتا ہے نہ معاشرہ انہیں برابر کا فرد سمجھتا ہے۔ وہ اپنے احساسات، رجحانات اور جذبات کے حوالے سے الجھن کا شکار رہتے ہیں اور یہ الجھن وقت کے ساتھ معاشرتی رویوں سے مزید پیچیدہ ہو جاتی ہے۔ اسکول، گلی، محلہ اور یہاں تک کہ اپنے خاندان میں بھی ان کی ذات کا مذاق اڑایا جاتا ہے، جس سے ان کے اندر ایک شدید نفسیاتی ٹوٹ پھوٹ کا عمل شروع ہو جاتا ہے۔ ان کی شخصیت کی تعمیر کے بجائے بربادی کا عمل پہلے دن سے ہی شروع ہو جاتا ہے۔ کوئی ان کی بات سننے کو تیار نہیں ہوتا، نہ ان کے دکھوں کی ترجمانی کی جاتی ہے اور نہ ان کے جذبات کو اہمیت دی جاتی ہے۔
وہ معاشرے کے لئے ایک تماشا بن کر رہ جاتے ہیں، جنہیں لوگ صرف تب یاد کرتے ہیں جب مزاح، تذلیل یا عبرت کی بات کرنی ہو۔ یہ سلسلہ اتنا شدید ہوتا ہے کہ اکثر ٹرانس جینڈر افراد یا تو خاموشی سے خود کو مٹا لیتے ہیں یا بغاوت کا رستہ اختیار کرتے ہیں۔ یہی بغاوت جب معاشرتی مزاحمت سے ٹکراتی ہے تو اس کا انجام یا تو تنہائی ہے، یا جلاوطنی۔
ٹرانس جینڈر فرد کے لیے سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ اسے اپنی شناخت کے لئے مسلسل صفائیاں دینا پڑتی ہیں۔ ہر قدم پر وضاحت، ہر سانس پر جواز، ہر عمل پر شک۔ ایسے میں جینے کا مقصد صرف یہی رہ جاتا ہے کہ کسی نہ کسی طرح اپنی شناخت کے بوجھ کو چھپایا جائے یا قبول کروایا جائے۔ وہ سوچتا ہے کہ شاید تعلیم، اخلاق، کردار، یا مذہب کے ذریعے خود کو قابل قبول بنا لے، مگر افسوس کہ وہ دنیا جو خود منافقت کے دائرے میں گھری ہوئی ہے، سچائی کو تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں۔ ہر جگہ سے دھتکارا جانا، نفرت انگیز سلوک، اور طنز کے تیروں کا سامنا روز کا معمول بن جاتا ہے۔ انسان جب مسلسل رد اور انکار کا سامنا کرتا ہے تو اس کی ذات میں اعتماد کی جگہ خود نفرت لے لیتی ہے۔ یہی نفرت پھر خود سے لاتعلقی میں تبدیل ہو جاتی ہے، اور وہ فرد جو کبھی اپنے ہونے پر نازاں تھا، اب اپنی شناخت سے ہی شرمندہ ہو جاتا ہے۔ معاشرتی تسلیم نہ ہونا صرف نفسیاتی مسئلہ نہیں بلکہ یہ ایک مکمل انسانی بحران ہے، جس کا انجام اکثر ڈپریشن، خودکشی یا مجرمانہ راستوں کی صورت میں نکلتا ہے۔
ان کی روزمرہ زندگی ایک مسلسل خوف اور عدم تحفظ میں گزرتی ہے۔ نہ دن سکون کا ہے، نہ رات کو چین۔ وہ کام کے لیے نکلیں تو لوگ ان پر آوازیں کستے ہیں، گھر واپس آئیں تو تضحیک کے سائے پیچھا نہیں چھوڑتے۔ ان کے لیے کوئی محفوظ جگہ نہیں نہ ادارے، نہ بازار، نہ عبادت گاہیں۔ ان کے خلاف غیر قانونی فیصلے، مثلاً ضلع بدری، صرف ظلم نہیں بلکہ آئین اور قانون کی توہین ہیں۔
حال ہی میں خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی میں ایک جرگے نے ٹرانس جینڈر برادری کو ضلع بدر کرنے کا غیر قانونی فیصلہ سنا کر ان کے بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کی ہے۔ یہ اقدام مقامی کمیونٹی کی جانب سے ایک ڈانس پارٹی میں پولیس کی مداخلت کے بعد سامنے آیا، جس کے بعد قبائلی رہنماؤں نے ان پر فحاشی پھیلانے کا الزام عائد کیا۔ اس فیصلے نے صوابی میں مقیم تقریباً 80 سو سے زائد ٹرانس جینڈر افراد کو بے گھر ہونے اور تشدد کا شکار ہونے کے خوف میں مبتلا کر دیا ہے۔ ٹرانس جینڈر برادری کے مطابق، انہیں نہ صرف گھروں سے بے دخل کیا جا رہا ہے بلکہ ان پر زنانہ لباس پہننے، بازاروں میں جانے اور عوامی مقامات پر ظاہر ہونے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ یہ لوگ برسوں کی محنت سے تعمیر کردہ اپنے گھروں اور روزگار سے محروم ہو رہے ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ اگر مقامی افراد کو کوئی اعتراض ہے تو اسے بات چیت کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے نہ کہ طاقت کے استعمال سے۔ گزشتہ دہائی میں صوبے میں 195 سے زائد ٹرانس جینڈر افراد کے قتل کیے جانے کے واقعات بھی سامنے آ چکے ہیں۔ یہ واقعہ نہ صرف انسانی حقوق کی پامالی ہے بلکہ اس بات کی ایک زندہ مثال بھی ہے کہ کس طرح معاشرتی طاقت، مذہبی تاثر، اور مقامی رسم و رواج مل کر قانون کی بالادستی کو چیلنج کرتے ہیں اور ایک کمزور طبقے کو مکمل طور پر کچل دینے پر آمادہ ہو جاتے ہیں۔
یہ سب کچھ اس وقت ہوتا ہے جب ریاست خود بھی ایسے فیصلوں پر خاموش تماشائی بنی رہتی ہے، یا بعض اوقات خاموش حمایت بھی کرتی نظر آتی ہے۔ کوئی عدالت ان کی فریاد سننے کو تیار نہیں، اور اگر سنتی بھی ہے تو برسوں بعد۔ یوں لگتا ہے جیسے قانون کی کتابوں میں ان کا کوئی مقام ہی نہیں۔ اصل مسئلہ صرف یہ نہیں کہ ان کے ساتھ ناانصافی ہوتی ہے، بلکہ یہ ہے کہ یہ ناانصافی باقاعدہ نظام اور روایت کا حصہ بن چکی ہے۔
اسی طرح سماجی سطح پر ان کے خلاف جو نفرت پائی جاتی ہے وہ محض عقیدے یا ثقافت کی بنیاد پر نہیں بلکہ اس سے کہیں زیادہ گہری ہے۔ یہ نفرت کئی نسلوں سے پروان چڑھتی آئی ہے اور اب ایک تعصب میں ڈھل چکی ہے۔ لوگ نہ صرف ان سے دوری اختیار کرتے ہیں بلکہ دوسروں کو بھی ان کے خلاف اکساتے ہیں۔
اس ماحول میں ٹرانس جینڈر افراد کی سماجی حیثیت محض ایک مذاق یا شرمندگی کی علامت بن جاتی ہے۔ اکثر اوقات انہیں غیر اخلاقی سرگرمیوں سے جوڑ کر معاشرتی استحقاق سے محروم کر دیا جاتا ہے، حالانکہ حقیقت میں ان کے پاس دوسرے ذرائع معاش ناپید ہوتے ہیں۔ یہ وہ تلخ حقیقت ہے جو کوئی تسلیم نہیں کرنا چاہتا۔ اگر انہیں عزت دار روزگار، تعلیم اور تربیت کے مواقع ملیں تو وہ دوسرے شہریوں کی طرح مفید ثابت ہو سکتے ہیں۔ مگر بدقسمتی سے معاشرہ انہیں دھکیل کر انہی راستوں پر لے جاتا ہے جس کا بعد میں الزام بھی انہی پر دھر دیتا ہے۔
ٹرانس جینڈر افراد کے لیے مذہب، اخلاقیات، اور شناخت تین ایسے ستون ہیں جو بظاہر ان کی رہنمائی کا ذریعہ ہونے چاہیے تھے، لیکن ان ہی ستونوں کو ان کے خلاف بطور ہتھیار استعمال کیا جاتا ہے۔ اکثر مولوی، عالم، اور مبلغ ان پر فتویٰ صادر کر دیتے ہیں، حالانکہ دین اسلام میں بھی ان کے لیے احکام، ہدایات اور حقوق موجود ہیں۔ قرآن پاک، احادیث اور فقہی کتب ان کی موجودگی کو تسلیم کرتی ہیں، لیکن جب بات عمل کی آتی ہے تو ہر کوئی ان سے نظریں چرا لیتا ہے۔ مذہب کی تعلیمات کو اپنی سہولت کے مطابق توڑ مروڑ کر پیش کرنا ہمارا قومی مزاج بن چکا ہے، اور یہی رویہ ٹرانس جینڈر افراد کو سب سے زیادہ نقصان پہنچاتا ہے۔ ایک طرف انہیں غیر اسلامی کہا جاتا ہے، دوسری طرف جب وہ دین کے قریب آنا چاہتے ہیں تو ان کے ماضی کا طعنہ دے کر باہر نکال دیا جاتا ہے۔ یہ دوغلا پن ان کی شخصیت کو اندر سے تباہ کر دیتا ہے۔
تعلیم و تربیت وہ واحد راستہ ہے جس سے ان کی زندگیاں بہتر بنائی جا سکتی ہیں لیکن بدقسمتی سے تعلیمی ادارے بھی ان کے لیے محفوظ نہیں ہیں۔ اسکول اور کالج کے دروازے ان پر بند ہوتے ہیں، اور جہاں کھلے بھی ہوں وہاں تضحیک، چھیڑ چھاڑ، اور بائیکاٹ کی دیواریں کھڑی ہوتی ہیں۔ اس سے ان کی ذہنی صحت بری طرح متاثر ہوتی ہے اور بہت سے ذہین بچے تعلیم ادھوری چھوڑ کر گھر بیٹھنے یا دربدر ہونے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ تعلیم سے دوری کا مطلب ہے بہتر روزگار سے محرومی، اور بہتر روزگار نہ ہونے کا نتیجہ یہ ہے کہ وہ معاشرے کے نچلے ترین طبقے تک محدود ہو کر رہ جاتے ہیں۔ ان کے پاس نہ وسائل ہوتے ہیں نہ مواقع، اور پھر لوگ ان سے سوال کرتے ہیں کہ تم معاشرے میں کیوں بگاڑ پیدا کر رہے ہو؟ معاشرہ پہلے ان سے سب چھینتا ہے، پھر ان سے بہترین کردار کی توقع رکھتا ہے۔
ٹرانس جینڈر افراد کا سب سے بڑا خواب شاید یہی ہوتا ہے کہ وہ عام انسانوں کی طرح زندگی گزار سکیں، لیکن انہیں ہر لمحہ یہ یاد دلایا جاتا ہے کہ وہ عام نہیں ہیں۔ ان کے جسمانی، نفسیاتی اور جذباتی تقاضے جتنے فطری ہوتے ہیں اتنے ہی معاشرے کے لیے ناقابل قبول سمجھے جاتے ہیں۔ وہ اگر محبت کا اظہار کریں تو فحاشی، اگر کامیابی حاصل کریں تو سازش، اگر کسی ادارے میں جگہ بنائیں تو میرٹ کی تذلیل سمجھا جاتا ہے۔ ان کے لیے ہر طرف سے بند دروازے، بند ذہن اور بند دل ملتے ہیں۔ معاشرے نے ان کے لیے زندگی کو ایک ایسا دائرہ بنا دیا ہے جس میں نہ کوئی راہِ فرار ہے نہ کوئی منزل۔ ان کی انسانیت، ان کی کوششیں، ان کی قربانیاں سب نظر انداز کر دی جاتی ہیں صرف اس لیے کہ ان کا وجود معمول سے مختلف ہے۔
ٹرانس جینڈر افراد کی نقل مکانی اور ہجرت کا فیصلہ معاشرتی ناانصافیوں کا ایک خاموش مگر پُراثر احتجاج ہے۔ وہ افراد جو اپنے وطن میں تحفظ، عزت اور شناخت سے محروم ہو جاتے ہیں، وہ جب کسی دوسرے ملک میں یہ سب کچھ حاصل کرتے ہیں تو اس ملک کے نظام پر سوالیہ نشان اٹھتے ہیں جسے وہ چھوڑ کر آئے ہوتے ہیں۔ ٹرانس جینڈر افراد کا پاکستان چھوڑ کر یورپ یا مغربی ممالک میں سکونت اختیار کرنا، محض ایک فرد کا ذاتی فیصلہ نہیں یہ تو ہمارے پورے سماجی، مذہبی اور قانونی نظام کی ناکامی کا مظہر ہے۔ ایک ایسا ملک جو اسلامی فلاحی ریاست ہونے کا دعویٰ کرتا ہے، وہاں کا ایک شہری جو صرف مختلف ہے، غلط نہیں اپنے لیے بنیادی انسانی حقوق کے لیے دربدر ہو، تو یہ صرف اس فرد کی شکست نہیں بلکہ پوری ریاستی مشینری، معاشرتی رویے اور مذہبی تشریحات کی ناکامی ہے۔ جب ایک ٹرانس جینڈر فرد مغربی ممالک میں جا کر یہ کہتا ہے کہ اب میں اپنی مرضی سے جی رہا ہوں، تو وہ درحقیقت اس آزادی، تحفظ اور قبولیت کی نشاندہی کر رہا ہے جس سے ہم نے اسے یہاں محروم رکھا۔ افسوس اس بات کا نہیں کہ وہ چلا گیا، افسوس اس بات کا ہے کہ ہم نے اسے جانے پر مجبور کر دیا۔ ہم نے مذہب، ثقافت، روایات اور اخلاقیات کے نام پر ان کی زندگی اجیرن بنائی، لیکن نہ کبھی ایمانداری سے ان کی سننے کی کوشش کی اور نہ سمجھنے کی۔
یہ مسئلہ ٹرانس جینڈر کا نہیں بلکہ ہمارے سماج کی عدم برداشت، منافقت اور تنگ نظری کا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہر شخص ہمارے بنائے گئے سانچے میں فٹ بیٹھے، ورنہ وہ یا تو مسترد کر دیا جائے، یا مٹا دیا جائے۔ ٹرانس جینڈر افراد کی حالتِ زار ہمیں آئینہ دکھاتی ہے کہ ہم کیسے ایک انسان کو اس کی انسانیت سے محروم کر دیتے ہیں صرف اس لیے کہ وہ ہم جیسا نہیں ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ان کے حوالے سے صرف ہمدردی کا مظاہرہ نہ کریں بلکہ ان کے لیے ایسے عملی اقدامات اٹھائیں جن سے وہ عزت، تحفظ اور وقار کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔ قانون سازی، سماجی آگاہی، تعلیمی اصلاحات اور مذہبی ہم آہنگی ایسے ستون ہیں جن پر ایک بہتر، شمولیتی اور مہذب معاشرہ قائم ہو سکتا ہے جہاں کوئی بھی فرد، خواہ وہ کسی بھی جنس سے تعلق رکھتا ہو، خود کو غیرمحفوظ یا کمتر نہ سمجھے۔