دیر بالا کے علاقے کاٹن پائیں عشیری درہ میں وردگ قبیلے کا عظیم الشان قومی کنونشن منعقد ہوا، جس میں وردگ قبیلے کے مشران، نوجوانوں اور معززین نے شرکت کی۔ کنونشن کا مقصد وردگ قبیلے کے باہمی اتحاد، مسائل کے حل اور ترقی کے لیے مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دینا تھا۔کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ملک عطاء اللہ وردگ نے کہا کہ وردگ قبیلے کو درپیش تمام مسائل کا واحد حل باہمی اتفاق اور اتحاد میں ہے۔ ہمیں اپنے اختلافات ختم کر کے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا ہوگا تاکہ آنے والی نسل کو بہتر مستقبل دیا جا سکے۔
صدر ملک ولی خان وردگ اور ڈاکٹر ریاض وردگ نے وردگ ویلفیئر فاؤنڈیشن کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ فاؤنڈیشن تعلیم، صحت، روزگار اور سماجی فلاح کے شعبوں میں بھرپور خدمات سرانجام دے رہی ہے، اور قبیلے کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ تقریب سے حضرت خان وردگ نے بھی خطاب کرتے ہوئے قبیلے کے اتحاد و اتفاق پر زور دیا۔نوجوان رہنما ملک اسامہ وردگ نے بھی نوجوانوں کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ قوموں کی ترقی میں نوجوان ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، ہمیں اپنے نوجوانوں کو متحد، باشعور اور منظم بنانا ہوگا۔تقریب میں وحید اللہ ،سعید محمد،ملک مجید،مومین خان ، اختر جان ملک ، ملک بخت زمان نے بھی شرکت کی۔
کنونشن میں متفقہ طور پر فیصلہ کیاگیا کہ وردگ قبیلے کے تمام افراد کو ایک دوسرے کے ساتھ تعاون، بھائی چارے اور ویلفیئر فاؤنڈیشن کی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کی ترغیب دی جائے گی۔
کنونشن کا اختتام دعائے خیر پر ہوا۔