نظریہ پاکستان کونسل و "اسرا” این ڈی یو کے مابین یادداشت خوش آئند ہے۔دونوں اداروں کے مابین مفاہمت پاکستان میں فروغ تعلیم، فکری ہم آہنگی اور نوجوان نسل میں نظریہ پاکستان کے فروغ اور قومی شعور بیدار کرنے کیلئے اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے ڈائریکٹر کولیبریشن کموڈور فاروق اقبال خٹک نے ایوان قائد میں نظریہ پاکستان کونسل ٹرسٹ کے ساتھ مفاہمتی یاداشت پر دستخطوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ انسٹیٹیوٹ فار سٹریٹجک سٹڈیز، ریسرچ اینڈ انیلسز اور نظریہ پاکستان کونسل ٹرسٹ جیسے اداروں کے درمیان نیشنل سکیورٹی ورکشاپس و دیگر اہم امور میں بھی اشتراک ممکن ہے کیونکہ کونسل پہلے ہی تحریک پاکستان کے ہیروز کے قومی دنوں پر انہیں نوجوان نسل میں روشناس کرانے کا اہم فریضہ انجام دے رہی ہے۔
نظریہ پاکستان کونسل ٹرسٹ کے ایگزیکٹو سیکرٹری گوہر زاہد ملک نے دونوں اداروں کے مابین مفاہمت کی یادداشت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس سے دوطرفہ دوستانہ روابط کو فروغ حاصل ہوگا۔ کونسل کے منصوبہ "تعلیم نیٹ ورک پاکستان” کی چیئرپرسن اور سابق سینیٹر رزینہ عالم خان نے امید ظاہر کی کہ مفاہمت کی اس یادداشت کے بعد ہم سکولوں سے باہر رہ جانے والے بچوں کو زیور علم سے آراستہ کرنے کے اپنے کام کو تیزی سے آگے بڑھا پائیں گے۔
اس موقع پر "اسرا، این ڈی یو” کی جانب سے کیپٹن حمزہ طاہر، این پی سی کی مجلس عاملہ کے سینئر اراکین نرگس ناصر، صلاح الدین چوہدری، ڈائریکٹر ایڈمن و فنانس سلطان حامد ملک اورڈائریکٹر پروگرام حمید قیصر بھی موجود تھے۔ دونوں اداروں کے مابین مفاہمتی یادداشت کا بنیادی مقصد تعلیم و تحقیق کیلئے مشترکہ کوششوں کو فروغ دینا، نئی نسل کو نظریہ پاکستان سے روشناس کرانے کیلئے مشترکہ تقریبات کا انعقاد اور باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنا ہے۔ اسرا و نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اس سے قبل بھی متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں کے ساتھ اسی نوعیت کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کر چکی ہے۔ یونیورسٹی کے مختلف اداروں کے ساتھ مضبوط ورکنگ ریلیشنز قائم ہیں اور وہ ان کے اشتراک سے کئی علمی و تحقیقی سیمینار اور کانفرنسیں منعقد کروا چکی ہے۔