دونوں بیویاں ساتھ رہتی ہیں؟

میری دوسری شادی کو دو سال گزر چکے ہیں، اور ان دو برسوں میں جتنے بھی احباب، کولیگز، دوست، رشتہ دار یا عزیز و اقارب سے ملاقات ہوئی، سب کا پہلا سوال تقریباً ایک ہی ہوتا ہے۔۔۔۔۔

"بھائی! آپ کی دونوں بیویاں ساتھ رہتی ہیں؟”

میں مسکرا کر عرض کرتا ہوں، "جی ہاں! بالکل ساتھ رہتی ہیں ایک ہی گھر میں، ایک ہی چھت کے نیچے”
پھر میں مزید وضاحت کے طور پر بتاتا ہوں کہ ہمارے گھر میں میری دونوں بیگمات کے ساتھ میری دو بہنیں، ایک بھانجی اور ایک چھوٹی اماں بھی رہتی ہیں۔ اور حیرت کی بات یہ ہے کہ ہم سب نہ صرف ساتھ رہتے ہیں بلکہ محبت، نظم اور ایک خاص طرح کی خوشگوار افرا تفری کے ساتھ رہتے ہیں۔

اب سننے والے کی آنکھوں میں تجسس مزید بڑھ جاتا ہے، تو میں ہنستے ہوئے کہتا ہوں، "جی ہاں، دونوں بیویاں صرف ساتھ نہیں رہتیں بلکہ ایک دوسرے کی خدمت بھی کرتی ہیں۔ بالخصوص ڈلیوری کے دنوں میں یا جب کسی کی طبیعت خراب ہو، تو دوسری بیوی بےحد خیال رکھتی ہے۔”

دونوں ساتھ کھانا کھاتی ہیں، اور جب میں بھی دسترخوان پر ہوتا ہوں تو ہم تینوں ایک ہی پلیٹ میں کھانا کھاتے ہیں۔ یہ معمول پہلے دن سے آج تک برقرار ہے۔

دونوں آپس میں چیزیں شیئر کرتی ہیں، مل جل کر کھانا بناتی ہیں، گھر کے دیگر کام بانٹ لیتی ہیں۔ ایک دوسری کے بچوں کو سنبھالتی ہیں، ان کے لیے چیزیں بناتی ہیں، اور کبھی کبھی تحائف خرید کر ایک دوسرے کو دیتی بھی ہیں۔ اور ایک دوسرے کے بچوں کو تو بارہا تحائف اور چیزیں خرید لیتی ہیں یا بُن لیتی ہیں۔

الحمدللہ، آج تک دونوں کے درمیان کوئی جھگڑا یا کوئی بدمزگی نہیں ہوئی۔ اور یہی میرا سب سے بڑا اطمینان ہے۔ اللہ سے دعا ہے کہ یہ محبت، اتفاق اور سمجھداری کا سلسلہ ہمیشہ قائم رہے۔

پھر اکثر اگلا سوال فوراً آتا ہے۔

"یہ سب وہ کیسے کر لیتی ہیں؟”

میں کہتا ہوں، "بھائی! اس کے لیے ایک ہی نسخہ ہے اعتدال، انصاف، اعتماد اور احترام۔

اگر مرد اپنی ذمہ داری سمجھ کر دونوں کے درمیان انصاف سے پیش آئے، ان کی عزت کرے، ان پر اعتماد رکھے اور کسی کو احساسِ محرومی نہ دے تو عورتیں یقیناً محبت سے پیش آتی ہیں۔”

یہ سن کر اکثر لوگ سنجیدگی سے سر ہلاتے ہیں، جیسے کوئی فلسفہ سن لیا ہو۔ لیکن میں جانتا ہوں کہ کہانی یہیں ختم نہیں ہوتی…

کیونکہ،
اس تمام محبت، خدمت، اور ایک پلیٹ میں کھانے کے باوجود…

جب دونوں میں سے کوئی ایک میرے ساتھ تنہائی میں ہوتی ہے، تو پھر وہی روایتی "چوں چوں” شروع ہو جاتی ہے!

اور ماننا پڑے گا، اس مسئلے کا اب تک کوئی حل دریافت نہیں کر سکا۔

شاید یہی ازدواجی زندگی کا حسن ہے، جہاں انصاف اور محبت کے بیچ کہیں نہ کہیں ہلکی سی "چوں چوں” بھی
ضروری ہوتی ہے، تاکہ زندگی میں ذائقہ برقرار رہے۔
باقی بہت ساری باتیں اگلی نشست میں!

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے