مزری کی پیداوار، استعمال اور ثقافتی اہمیت

مزری پاکستان کے گرم اور خشک علاقوں میں پیدا ہونے والا ایک قدرتی ریشہ ہے، جو اپنی مضبوطی، پائیداری اور قدرتی خوبصورتی کے باعث بہت مشہور ہے۔ یہ ریشہ دراصل کھجور کی ایک قسم کے پودے سے حاصل کیا جاتا ہے، جسے عام طور پر "مزری کھجور” کہا جاتا ہے۔ یہ پودا زیادہ تر بلوچستان،شمالی وزیرستان،سندھ اور جنوبی پنجاب کے ریگستانی علاقوں میں اُگتا ہے جہاں درجہ حرارت بلند اور بارشیں کم ہوتی ہیں۔ ایسے ماحول میں یہ پودا بخوبی نشوونما پاتا ہے اور اپنے پتوں کے اندر ایسا ریشہ پیدا کرتا ہے جو مختلف گھریلو اور ثقافتی اشیاء بنانے کے کام آتا ہے۔

مزری کے پودے کی خاص بات یہ ہے کہ یہ کم پانی میں بھی زندہ رہ سکتا ہے اور زمین کے کچے یا ریتیلی علاقوں میں باآسانی اگتا ہے۔کسان اس پودے کی باقاعدہ دیکھ بھال کرتے ہیں اور جب پتے مکمل طور پر تیار ہو جاتے ہیں تو انہیں کاٹ کر خشک کیا جاتا ہے۔

خشک ہونے کے بعد ان پتوں سے ریشہ نکالا جاتا ہے، جو نہایت مضبوط اور لچکدار ہوتا ہے۔ یہی ریشہ آگے چل کر مختلف مصنوعات بنانے کے کام آتا ہے۔

مزری سے بننے والی اشیاء صدیوں سے دیہی زندگی کا حصہ رہی ہیں۔ان میں چٹائیاں، ٹوکریاں، رسی، پنکھے، دسترخوان، چق، مصلّے، بیگ اور دیگر گھریلو استعمال کی چیزیں شامل ہیں۔

یہ اشیاء نہ صرف روزمرہ زندگی میں استعمال ہوتی ہیں بلکہ اپنی خوبصورتی اور قدرتی انداز کے باعث گھروں کی سجاوٹ کے لیے بھی استعمال کی جاتی ہیں۔ بلوچستان کے علاقے خضدار، لسبیلہ اور تربت جبکہ سندھ کے دادو، تھرپارکر اور بدین جیسے اضلاع مزری کی پیداوار اور مصنوعات کی تیاری کے مراکز سمجھے جاتے ہیں۔ان علاقوں کے ہنرمند مرد و خواتین ہاتھوں سے خوبصورت اور نفیس اشیاء تیار کرتے ہیں جو مقامی بازاروں کے ساتھ ساتھ ملک کے دوسرے حصوں میں بھی فروخت ہوتی ہیں۔

دیہی خواتین مزری کی دستکاری میں نمایاں کردار ادا کرتی ہیں۔ وہ اپنے گھروں میں بیٹھ کر مزری کے پتوں کو بُننے، رنگنے اور مختلف اشکال میں ڈھالنے کا کام کرتی ہیں۔

ان کا یہ فن نہ صرف گھریلو ضروریات پوری کرتا ہے بلکہ معاشی لحاظ سے بھی ان کے لیے آمدن کا ذریعہ بنتا ہے۔ کئی خواتین اپنے ہاتھ سے بنی مصنوعات فروخت کر کے اپنے گھر کی کفالت میں مدد فراہم کرتی ہیں۔اس طرح مزری کی دستکاری خواتین کو خود مختار بنانے اور دیہی معیشت کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

مزری کا تعلق صرف معاشی یا گھریلو استعمال تک محدود نہیں بلکہ اس کا ثقافتی پہلو بھی نہایت اہم ہے۔ پاکستان کے مختلف علاقوں میں مزری کی مصنوعات ثقافت، روایت اور مقامی فنون کی علامت سمجھی جاتی ہیں۔خاص طور پر بلوچستان اور سندھ کے میلوں، تہواروں اور ثقافتی نمائشوں میں مزری سے بنی اشیاء کی بڑی مانگ ہوتی ہے۔ ان میلوں میں مزری کی بنی چٹائیاں، ٹوکرے، پنکھے اور بیگ نہ صرف خرید و فروخت کے لیے پیش کیے جاتے ہیں بلکہ یہ مقامی لوگوں کے فخر اور ہنر کی نمائندگی بھی کرتے ہیں۔

مزری کی مصنوعات اپنی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ ماحول دوست بھی ہیں۔ان کی تیاری میں کسی قسم کے نقصان دہ کیمیکل استعمال نہیں کیے جاتے، اور چونکہ یہ مکمل طور پر قدرتی ریشہ ہے، اس لیے بآسانی تحلیل ہو کر دوبارہ زمین کا حصہ بن جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میں ماحول دوست مصنوعات کی بڑھتی ہوئی مانگ کے پیش نظر مزری کی دستکاری کو عالمی سطح پر بھی سراہا جا رہا ہے۔ کئی غیر ملکی سیاح پاکستان کے دیہی علاقوں سے مزری کی بنی اشیاء خرید کر اپنے ساتھ لے جاتے ہیں، جو ہماری ثقافت کی بین الاقوامی تشہیر کا ذریعہ بنتی ہیں۔

ثقافتی لحاظ سے مزری کی دستکاری صرف ایک پیشہ نہیں بلکہ ایک روایت بھی ہے۔دیہی علاقوں میں ماؤں سے بیٹیاں یہ فن سیکھتی ہیں،یوں یہ ہنر نسل در نسل منتقل ہوتا آ رہا ہے۔ اس کے ذریعے نہ صرف روایتی اقدار کو زندہ رکھا جاتا ہے بلکہ ایک مضبوط ثقافتی رشتہ بھی قائم رہتا ہے جو لوگوں کو اپنی زمین اور تہذیب سے جوڑے رکھتا ہے۔

حالیہ برسوں میں حکومت اور مختلف غیر سرکاری تنظیموں نے مزری کی صنعت کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ مختلف تربیتی پروگراموں کے ذریعے خواتین کو جدید طریقوں سے مزری کی اشیاء تیار کرنے کی تربیت دی جا رہی ہے تاکہ وہ اپنی مصنوعات کو ملکی اور بین الاقوامی مارکیٹوں میں متعارف کرا سکیں۔اس سے نہ صرف دیہی معیشت مضبوط ہوگی بلکہ پاکستان کی ثقافتی شناخت کو بھی عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔

مزری نہ صرف ایک قدرتی نعمت ہے بلکہ پاکستان کے دیہی علاقوں کی ثقافت، ہنر اور محنت کی عکاس بھی ہے۔ اس سے بنی اشیاء ہماری روایت، سادگی اور فنِ دستکاری کی پہچان ہیں۔ مزری کی صنعت کو مزید ترقی دے کر نہ صرف دیہی عوام کی زندگی بہتر بنائی جا سکتی ہے بلکہ اسے قومی معیشت اور ثقافت کا ایک مضبوط ستون بنایا جا سکتا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے