سردیوں میں اپنی اور بچوں کی صحت کی حفاظت آسان نہیں ہوتی۔ کھانسی، نزلہ، زکام، گلے کی خرابی، سستی، تھکاوٹ اور پاؤں کی جلد کا پھٹ جانا عام مسائل ہیں۔ اس موسم میں ہماری جلد بھی خشک اور خارش زدہ ہو جاتی ہے۔ کچھ خواتین سردی میں رنگت متاثر ہونے کی شکایت کرتی ہیں۔ اصل بات یہ ہے کہ خشک جلد سورج کی شعاعوں کو بہت تیزی سے جذب کرتی ہے، جس کے باعث نازک اور نرم و ملائم جلد جھلس جاتی ہے اور سیاہ پڑنے لگتی ہے۔
سردیوں کے موسم میں نوجوان لڑکیوں کا سب سے بڑا مسئلہ جلد کی حفاظت سے متعلق ہوتا ہے۔ اس موسم میں جلد کے امراض بھی نمایاں ہو جاتے ہیں۔ بالوں کی خشکی، بالوں کا جھڑنا اور بعض افراد میں اگزیمے کا بڑھ جانا عام ہے۔ جو لوگ اگزیمے میں مبتلا ہوں، انہیں خاص احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہیں چاہیے کہ اپنی غذا پر خاص توجہ دیں. میٹھا کم استعمال کریں، مرچ مصالحے اور بازار کے تیار شدہ کھانوں سے پرہیز کریں، بڑے گوشت کا استعمال ترک کریں، اور پھل و سبزیوں کی مقدار بڑھائیں۔
خشکی کا مسئلہ
سردیوں میں جب جلد خشک ہوتی ہے تو آنکھوں کے اوپر خشکی آنا شروع ہوجاتی ہے، جس سے خارش اور سرخی محسوس ہوتی ہے۔ بالوں میں بھی خشکی بڑھ جاتی ہے۔ ایسے موسم میں گاجر کا جوس پینا بہت مفید ہوتا ہے۔ جن بچوں کو خشک جلد کے مسائل ہوتے ہیں، انہیں سردیوں کے موسمی پھل اور سبزیاں ضرور دیں تاکہ ان کی قوتِ مدافعت مضبوط ہو۔
بالخصوص خواتین کے لیے بالوں کی دیکھ بھال ضروری ہے۔ خشک موسم میں بال روکھے، بے جان اور جھڑنے لگتے ہیں، اس لیے پروٹین سے بھرپور غذا کا استعمال بہت فائدہ مند ہے۔
چہرے کی خوبصورتی کے لیے
خوبصورتی کی بات آئے تو ہر لڑکی اور ہر عورت کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کا چہرہ تروتازہ اور دلکش دکھائی دے۔ سردیوں میں چہرے پر خشکی بڑھ جاتی ہے، جس سے رنگت متاثر ہوتی ہے۔ ہونٹ پھٹ جاتے ہیں، ایڑیاں اور پاؤں بھی خشک ہو کر جلد پھاڑ دیتے ہیں۔
ان سب مسائل سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ:
اپنی غذا پر توجہ دیں
پھل اور سبزیوں کا استعمال بڑھائیں
ناریل کھائیں اور ناریل کا پانی پیئیں
پانی زیادہ سے زیادہ پئیں تاکہ جسم کی خشکی کم ہو
سردی میں کھانسی سمیت دیگر مسائل سے بچنے کی کوشش لازمی کریں تاکہ چھوٹے مسائل بڑی بیماری بننے سے پہلے ہی قابو میں آجائیں۔