اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں درختوں کی کٹائی کے معاملے پر کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو آئندہ سماعت تک درخت کاٹنے سے روک دیا ہے اور اس حوالے سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
جسٹس خادم حسین سومرو نے شہری محمد نوید احمد کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے مدثر لطیف عباسی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ اسلام آباد کی حدود میں قواعد و ضوابط کے خلاف درختوں کی کٹائی جاری ہے، جس کے نتیجے میں ماحولیاتی تبدیلیاں جنم لے رہی ہیں جو نہایت خطرناک ہیں۔
وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ درختوں کی کٹائی پاکستان انوائرمنٹل پروٹیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی ہے۔ اس موقع پر کمرۂ عدالت میں موجود اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کو روسٹرم پر طلب کیا گیا اور عدالت نے ان سے استفسار کیا کہ درخت کیوں کاٹے جا رہے ہیں۔
عدالت نے سی ڈی اے، پاکستان انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی اور وزارتِ ماحولیاتی تبدیلی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر ہیرا وائز جواب اور درختوں کی کٹائی سے متعلق تفصیلی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس کی سماعت 2 فروری تک کے لیے ملتوی کر دی ہے.