برلن:(محمد نعمان خان ) جرمنی کی معروف تعلیمی تنظیم DAAD نے بین الاقوامی طلبہ، بشمول پاکستانی طلبہ، کے لیے مکمل فنڈڈ پی ایچ ڈی اسکالرشپس کے نئے مرحلے کا اعلان کر دیا ہے۔ دلچسپی رکھنے والے امیدوار 31 اگست 2026 تک آن لائن درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔
ادارے کی ویب سائٹ کے مطابق یہ اسکالرشپس جرمنی کی مختلف جامعات اور تحقیقی اداروں میں ڈاکٹریٹ (PhD) کی تعلیم اور تحقیق کے لیے فراہم کی جا رہی ہیں۔ پروگرام کے تحت منتخب امیدواروں کو ماہانہ وظیفہ، صحت کی انشورنس، سفری اخراجات سمیت دیگر مالی سہولیات فراہم کی جائیں گی، جبکہ بعض پروگراموں میں اضافی تحقیقی معاونت بھی شامل ہو سکتی ہے۔
اعلان کے مطابق درخواست دہندگان کے لیے ماسٹر ڈگری، مضبوط تعلیمی ریکارڈ، تحقیقی منصوبہ (Research Proposal) اور دیگر مطلوبہ دستاویزات جمع کرانا ضروری ہوں گی۔ مختلف پروگراموں کی اہلیت اور شرائط میں معمولی فرق ہو سکتا ہے، اس لیے امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متعلقہ پروگرام کی تفصیلات کا بغور جائزہ لیں۔
اس حوالے سے DAAD نے مزید بتایا ہے کہ درخواست اس کے آن لائن پورٹل کے ذریعے وصول کی جا رہی ہیں، جبکہ کامیاب امیدواروں کا انتخاب آئندہ سال کیا جائے گا اور منتخب طلبہ اپنی پی ایچ ڈی کا آغاز 2027 میں کر سکیں گے۔