روس میں حکام کے مطابق سنیچر کی صبح دبئی سے روس کے شہر روستوف اون ڈون جانے والا ایک مسافر طیارہ لینڈنگ کے وقت حادثے کا شکار ہوگیا جس میں سوار 55 مسافر اور عملے کے چھ ارکان ہلاک ہو گئے ہیں۔
حکام کے مطابق سنیچر کی صبح طیارے کو حادثہ روس کے جنوبی شہر روستوف اون ڈون کے ہوائی اڈے پر پیش آیا۔
اطلاعات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنی فلائی دبئی کے بوئنگ 800-738 طیارے کو زمین پر اترتے وقت حادثہ پیش آیا اور اس میں آگ لگ گئی۔
تاحال حادثے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکتی تاہم خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ حادثہ خراب موسم اور کم روشنی کے باعث پیش آیا۔ اطلاعات ہیں کہ یہ طیارے لینڈنگ کے انتظار میں دو گھنٹے تک فضا میں چکر لگاتا رہا۔ بعض ازاں لینڈنگ کی کوشش میں زمین پر گر کر ٹکڑے ٹکڑے ہو گیا اور اس میں آگ لگ گئی۔
مقامی وزارت ہنگامی حالات کی ترجمان مرینہ کستیوکووا نے خبررساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ’طیارے میں 55 مسافر اور چار یا پانچ عملے کے ارکان سوار تھے اور یہ دبئی سے آرہا تھا، حادثہ زمین پر اترتے وقت روستوف اون ڈون کے ہوائی اڈے پر پیش آیا۔‘
حکام کے مطابق طیارے میں سوار کوئی شخص زندہ نہیں بچا ہے۔ زیادہ تر افراد روسی بادشندے ہی تھے۔
روستوف اون ڈون آنے والی دیگر پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا ہے۔
ذرائع ابلاغ سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق جائے حادثہ پر ایک کے قریب امدادی کارکن موجود ہیں اور آگ بجھا دی گئی ہے۔