مظفرآباد: آزاد کشمیر میں ایک خاتون نے اپنے خاوند اور اس کے دوستوں پر گینگ ریپ کا الزام لگایا ہے۔
پولیس کے مطابق دارالحکومت مظفرآباد سے 18 کلومیٹر دور تھانہ گڑھی دوپٹہ کے گاؤں کائی منجہ سے تعلق رکھنے والی خاتون نے الزام لگایا کہ ان کے خاوند اور ان کے دوستوں نے منصوبہ بندی کرکے انہیں گھر بلایا اور گینگ ریپ کا نشانہ بنایا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاتون نے بتایا کہ وہ گھریلوں تنازع کے باعث کچھ عرصہ قبل اپنے والدین کے گھر چلی گئی تھیں جہاں تین روز قبل ان کا خاوند انہیں منانے کیلئے آئے اور یقین دہانیوں کے بعد اپنے چچا کی گارنٹی پر اہلیہ کو واپس گھر لے گئے۔
ایس ایچ او گڑھی دوپٹہ بابر رفیق نے بتایا کہ متاثرہ خاتون نے الزام لگایا ہے کہ جب وہ اپنے خاوند کے ساتھ گھر پہنچیں تو مبینہ طور پر پہلے سے طے شدہ منصوبے کے تحت وہاں موجود 6 افراد نے خاتون کا گینگ ریپ کیا۔
بابر رفیق کا کہنا تھا کہ گینگ ریپ کا نشانہ بننے والی خاتون کے شوہر کی تلاش جاری ہے جبکہ ملزم کے دو ساتھوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس کا مزید کہنا تھا کہ واقعے میں ملوث دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔