سپریم کورٹ نے سرکاری اداروں میں اردو زبان کو رائج کرنے سے متعلق کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے حکومت کوآئین کے آرٹیکل 251کو فوری طور پر نافذ کرنے کا حکم دیا ہے.
چیف جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی ۔
فیصلے میں کہاگیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 251کے مطابق 15برس کے اندر ملک میں انگریزی کی جگہ اردو زبان کورائج کیا جاناتھا۔
چیف جسٹس نے اس موقع پر کہا کہ آئین کا اطلاق ہم پر فرض ہے۔
پاکستان کی دستور ساز اسمبلی نے 25 فروری 1948 کو پاکستان کی سرکاری زبان اردو کو قرار دیا تھا اور قانون ساز اسمبلی میں پاکستان کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان نے کہا تھا کہ اردو پاکستان کی سرکاری زبان ہوگی، مشرقی اور مغربی پاکستان کے اراکین کی بہت بڑی اکثریت نے اس کی پر زور حمایت کی تھی اور قائداعظم محمد علی جناح نے بحیثیت گورنر جنرل کے اس پر دستخط کیے تھے۔
1973 کے منظور شدہ آئین کے مطابق بھی اردو پاکستان کی قومی زبان ہے۔