اسلام آباد ۔ ۔ ۔ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پیس اسٹڈیز کا ششماہی تحقیقاتی مجلہ ” مطالعہ برائے امن و تصادم "شائع ہو گیا ہے
پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پیس اسٹڈیز کایہ پانچواں شمارہ ہے جس میں نیشنل ایکشن پلان کے مکمل طور پر احاطہ کیا ہے ۔ مجلے میں پاکستان اور بیرون ملک کے اہم دانشوروں کی تحریریں شامل ہیں جنہیں موضوع پر مکمل گرفت رکھنے کے حوالے سے معاشرے میں بطور سند اور حوالہ کے طور پر پیش کیا جاتا ہے ۔
مجلے میں مضامین کے علاوہ دو تحقیقاتی مقالے بھی شائع کئے گئے ہیں ۔ اس کے علاوہ نیشنل ایکشن پلان کے 20 نکات پر جامع بحث کے ساتھ ساتھ نیشنل ایکشن پلان کی اب تک کی کارکردگی پر مفصل بحث بھی کی گئی ہے ۔
آئی بی سی اردو سے گفت گو کر تے ہوئے مجلے کے مدیر ، معروف تجزیہ کار اور اینکر پرسن محمد عامر رانا نے کہا کہ پاکستان میں انتہا پسندی اور شدت پسندانہ نظریات کے بارے میں بہت کم تحقیقی مواد ملتا ہے جس کی وجہ سے اس شعبے میں کام کرنے والے افراد کو پالیسی سازی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پیس اسٹدیز نے اس شعبے میں علمی اور تحقیقی بنیادوں پر کام شروع کیا ہے ْ۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پیس اسٹڈیز سال 2008 سے سال میں دوبار یہ تحقیقاتی مجلہ شائع کر رہا ہے ۔