حکومت نے قابل ترین افراد پر مشتمل نیا سول سروس گروپ متعارف کرانے کا فیصلہ کیاہے جس کا پہلا بیج 50 افسران پر مشتمل ہوگا۔ وفاقی وزیر پلاننگ احسن اقبال کی زیر صدارت اسلام آباد میں اجلاس میں سول سرونٹس کا نیا گروپ لانے کا جائزہ لیا گیا ہے۔نیشنل ایگزیکٹیو سروس گروپ میں فیڈرل
پبلک سروس کمیشن کے ذریعے براہ راست گریڈ 19 میں بھرتی ہوگی۔ سروس گروپ میں کم سے کم عمر کی حد 42 سال رکھی جائے گی۔
گروپ میں شامل افسران کو 5 سال کی مدت میں گریڈ 20 ، 10سال کی سروس پر گریڈ 21 جب کہ 12 سال کی سروس پر گریڈ 22 مل جائے گا، افسران کی ابتدائی تنخواہ 2 لاکھ 40 ہزار روپے ماہانہ ہوگی اور کارکردگی کی بنیاد پر ایک لاکھ 60 ہزار روپے اضافی ملیں گے، 20 گریڈ کی تنخواہ 6 لاکھ روپے تک ہوگی، 21 گریڈ کی تنخواہ 8لاکھ روپے جب کہ گریڈ 22 کے افسر کی تنخواہ 10 لاکھ روپے تک ہوگی۔
نیشنل ایگزیکٹیو سروس کے خدوخال طے کرنے کے لئے گریڈ 22 کے افسران پر مشتمل کمیٹی قائم کی گئی ہے جس میں سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ندیم حسن آصف، سیکرٹری کابینہ راجا حسن عباس، سیکرٹری ریلوے پروین آغا اور چیئرمین ایف بی آرطارق باجوہ شامل ہیں۔