پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سننے میں آرہا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت آمر کو بچانے کی کوشش کررہی ہے۔
اسلام آباد میں پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں والد آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ’ آج زرداری صاحب سے ملنے کا موقع ملا، ان کی طبیعت ناساز ہے لیکن حوصلہ بلند ہے، آج بھی سابق صدر زرداری اپنے مؤقف اور نظریے پر قائم ہیں، ہمارا قائد زرداری نہ جھکتا ہے نہ بکتا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ جب سے ہمارا سندھ کا کیس پنڈی میں چل رہا ہے، آصف زرداری نے اس پر درخواست دائر کی تھی لیکن اب سپریم کورٹ میں پٹیشن داخل کی جائے گی، عدالت راولپنڈی میں سماعت ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ کرے گی، امید ہے کہ ماضی کی کوتاہیوں اور غلطیوں سے جو نقصان ہوا ہے، اس بار انصاف ہوگا۔
پرویز مشرف کے کیس سے متعلق پی پی چیئرمین کا کہنا ہے کہ اِس وقت ایک آمر کا کیس بھی چل رہا ہے اور چیف جسٹس کے مطابق اس کا فیصلہ جلد آنے والا تھا مگر اب سننے میں آرہا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت ان کو بچانے کی کوشش کررہی ہے تاہم پورے ملک کی نظریں اب عدلیہ کی جانب ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ اس بار عدالت کی طرف سے پیغام جانا چاہیے کہ انصاف سب کے لیے ہے، جناح کے پاکستان میں سب کے لیے ایک قانون ہونا چاہیے، امید ہے ایک آمر کے خلاف بھی فیصلہ آئے گا جس سے جمہوریت مضبوط ہوگی۔
خیال رہے کہ سابق صدر و آرمی چیف جنرل (ر) پرویزمشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کا فیصلہ رکوانے کیلئے پرویز مشرف کے ساتھ ساتھ وفاقی حکومت نے بھی اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس پر منگل کو سماعت ہوگی۔
اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کے حوالے سے بلاول کا کہنا تھا کہ اے پی سی میں عوام کے مسائل زیر بحث لانے چاہئیں، عوام کے معاشی اور جمہوری حقوق کے لیے پیپلزپارٹی نے ہمیشہ آواز بلند کی، ہم نے غریب عوام کو ریلیف دینا ہے نہ کہ امیروں کو، اگر عام آدمی کو سبسڈی کا فائدہ ہوگا تو پیسہ معیشت میں گھومے گا اور فائدہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان این آر او کی بات کرتےہیں تو اس سے وہ اپنی سیاست بچانے کی کوشش کرتے ہیں، جب سے عمران خان حکومت میں آئے ہیں وہ ’پیسہ دو چلے جاؤ‘ کی بات کرتے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ حکومت ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کا اعلان ارب پتیوں کے لیے کرتی ہے، لیکن کسانوں اور طالبعلموں کے لیے کوئی ایمنسٹی اسکیم نہیں ہے۔
یاد رہے کہ اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے 19 نومبر کو سابق صدر پرویز مشرف کیخلاف سنگین غداری کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا جو 28 نومبر کو سنایا جانا ہے۔