بھارتی ریاست کرناٹکا کے ہولیکل گاؤں سے تعلق رکھنے والی بے اولاد خاتون نے درختوں کو گود لے کر 384 برگد کے درخت لگائے اور وہ ان کی خوب دیکھ بھال بھی کرتی ہیں۔
بھارتی ریاست کرناٹکا کے گاؤں ہولیکل کی 103 سالہ سالومرادا تھماکا نامی خاتون کی شادی ایک کسان سے ہوئی تھی لیکن ان کے ہاں کوئی اولاد نہ ہوئی تو سالومراد کو طعنے ملنے لگے جس کے بعد انہوں نے اولاد کی جگہ درختوں کا بچوں کی طرح خیال رکھنا شروع کردیا۔ خاتون نے گاؤں سے 4 کلومیٹر دور زمین کا ایک ٹکڑا حاصل کیا اوروہاں پہلے سال 10 پودے لگائے اور وہاں پانی نہ ہونے کے باوجود پودوں کو روزانہ پانی دیا جب کہ اگلے برس 15 اور اس کے بعد 20 پودے لگائے اور انہیں جانوروں، بیماریوں سے بچاکر بالکل بچوں کی طرح ان کی دیکھ بھال کی، دیکھتے ہی دیکھتے خاتون کے ہاتھوں سے لگائے گئے درختوں کی تعداد 384 تک پہنچ گئی جن کی قدر 15 لاکھ روپے کے برابر ہے۔ سالومراد خاتون اپنی 103 سالہ عمر میں بھی مزید پودے لگانے کا جذبہ رکھتی ہیں جس کے لیے درختوں کی تعداد بڑھارہی ہیں۔
خاتون کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اب کرناٹکا حکومت باقاعدہ ان درختوں کا خیال رکھتی ہے جب کہ خاتون کو ان خدمات پر کئی ملکی اور بین الاقوامی ایوارڈ سے بھی نوازا گیا ہے۔