2023 تک عوام کو بھولنے نہیں دوں گا کہ ہمیں کیسا پاکستان ملا تھا: وزیراعظم

کراچی: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت سنبھالی تو ہمیں سوئیڈن کی معیشت نہیں ملی تھی، آئندہ پانچ سال عوام کو بتاتا رہوں گا کہ ہمیں کیسی معیشت ملی تھی۔

کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تقریبِ تقسیم انعامات میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو ترقی کی منازل پر صف اول پر لے جانا ہمارا وژن ہے، انصاف اور ہمدری کی بنیاد پر دنیا میں نمایاں مقام حاصل کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں مشکل حالات میں حکومت ملی، ملک میں کاروباری مواقع کو آسان بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، ایک سال کے دوران بہت سی کامیابیاں حاصل کیں،2023 تک میں آپ کو بھولنے نہیں دوں گا کہ ہمیں کس طرح کا پاکستان ملا تھا، ہمیں سوئیڈن کی اکانومی نہیں ملی تھی۔

عمران خان نے کہا کہ ہم اپنی پرفارمنس کے بارے میں آپ کو بتاتے رہیں گے، ہماری اکنامک ٹیم ہر وقت بزنس کمیونٹی کیلئے میسر ہوگی، نئے آرڈیننس کے ذریعے بزنس کمیونٹی کیلئے آسانیاں پیدا کی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ 2019 معاشی استحکام کا سال تھا، ہم 2019 میں مشکل وقت سے گزرے، 2020 ہمارا نمو کا سال ہے، اسمال اور میڈیم انڈسٹریز کی بھرپور معاونت کریں گے۔

عمران خان نے کہا کہ شرح سود اس وقت اوپر ہے، انشاء اللہ جلد نیچے آجائے گی، نوکریاں فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے، سیاحت کے شعبے کو ماضی میں نظر انداز کیا گیا، اس میں بہتری لاکر نوجوانوں کیلئے نوکریوں کے مواقع پیدا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ چار مختلف مذاہب کے مقدس مقامات پاکستان میں موجود ہیں، مذہبی سیاحت کو بھرپور طریقے سے فروغ دیں گے۔

[pullquote]وزیر اعظم ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے[/pullquote]

وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے۔

وزیراعظم عمران خان گورنر ہاؤس میں پارٹی رہنماؤں اور ممبران قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقات کریں گے اور ان کے تحفظات بھی سنیں گے۔

عمران خان پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تقریب میں شرکت کریں گے اور تاجروں سے بھی ملاقات کریں گے۔

اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کے بیٹے کے دعوت ولیمہ میں بھی شریک ہوں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے