افغانستان کے کرکٹر نجیب ترکئی ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔
افغانستان کرکٹ بورڈ نے بلے باز نجیب ترکئی کے ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نجیب ترکئی کو افغان شہر جلال آباد میں حادثہ پیش آیا جہاں انہیں ایک تیز رفتار گاڑی نے ٹکر ماری جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوئے اور جانبر نہ ہوسکے۔
افغان کرکٹ بورڈ نے ٹوئٹر کے ذریعے 29 سالہ کرکٹر نجیب ترکئی کی موت کی تصدیق کی اور گہرے دکھ و رنج کا اظہار کیا۔
افغان کرکٹ بورڈ نے اپنے پیغام میں کہا کہ افغانستان کرکٹ ٹیم کے جارحانہ اوپننگ بلے باز کے انتقال پر کرکٹ سے پیار کرنے والے افغان شہریوں کے دل ٹوٹ گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نجیب ترکئی نے 2014 میں ہونے والے ایشیا کپ میں ڈیبیو کیا تھا اور انہوں نے اپنا پہلا میچ بنگلادیش کے خلاف کھیلا تھا جب کہ انہوں نے ٹو ٹوئنٹی میچز میں بھی حصہ لیا تھا۔
بم دھماکے میں امپائر زخمی
دوسری جانب ایک کار بم دھماکے میں افغانستان کے امپائر بسم اللہ جان شنواری شدید زخمی ہوگئے جب کہ ان کی فیملی کے 7 افراد دھماکے میں جاں بحق ہوئے۔
کار بم دھماکا افغانستان کے مشرقی صوبے ننگر ہار میں ہوا جس میں ایک سرکاری عمارت کو نشانہ بنایا گیا، دھماکے میں 15 افراد جاں بحق اور 40 کے قریب زخمی ہوئے۔