نصابی تعلیم کے ساتھ ذہنی آسودگی کے لئے کھیل بھی ضروری ہے،سعادت اللہ

غیرنصابی اور ہم نصابی سرگرمیاں طلباء کی صلاحیتوں کے اظہارکاموثرذریعہ ہوتی ہیں

فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز کینٹ گیریژن راولپنڈی ریجن کے زیراہتمام منعقدہ 34واں انٹرسکولزسپورٹس ٹورنامنٹ برائے طلباء اختتام پذیرہوگیا۔

ایف جی پبلک سکول نمبر1طارق آباد میں منعقدہ تقریب تقسیم انعامات میں جی ایس او ون راولپنڈی ریجن لیفٹیننٹ کرنل سعادت اللہ مہمان خصوصی تھے ۔

فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز کینٹ گیریژن راولپنڈی ریجن کے ترجمان واجدمسعود کے مطابق 34ویں انٹرسکولزسپورٹس ٹورنامنٹ برائے طلباء کی اختتامی تقریب تقسیم انعامات میں ایف جی ای آئی ڈائریکٹوریٹ کی ایکڈیمک اینڈٹریننگ برانچ کے سربراہ خالد محمودکیانی،ایڈمن آفیسرمحمد اشرف چیمہ،سپورٹس سیکرٹری پرنسپل خالدحسین شاہ،پرنسپل محمدافضل طاہر، پرنسپل ملک محمد اسلم اعوان،پرنسپل محمودانور ،پرنسپل طاہرقریشی،پرنسپل عزیزاحمد،پرنسپل عبدالغفارراجا،پرنسپل امجدحسین،راولپنڈی ریجن کے اداروں کے سربراہان،سپورٹس انچارجز،طلباء و طالبات نے شرکت کی ۔

انٹرسکولزسپورٹس ٹورنامنٹ کے دوران راولپنڈی ریجن کے 108سکولوں کے راولپنڈی،اٹک،مظفرآباد،باغ،کوٹلی،باڑیاں،مری اورجہلم سے1200سے زائد طلباء نے شرکت کی۔

اس دوران کرکٹ،ہاکی،فٹ بال، بیڈمنٹن،ٹیبل ٹینس، والی بال،اتھلیٹکس،پی ٹی شو،بینڈشوکے علاوہ ہم نصابی سرگرمیوں میں تلاوت،نعت،اردوانگریزی تقریری مقابلہ جات اور مقابلہ مصوری منعقد کیے گئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ کرنل سعادت اللہ نے کہاکہ فیڈرل گورنمنٹ انسٹی ٹیوشنزکے اساتذہ بچوں کو جہاں کوالٹی ایجوکیشن کے لئے شب وروزکوشاں ہیں وہیں جسمانی صحت اور صحت مندمقابلے کے رجحان کے لئے سپورٹس کوبھی ترجیح دیتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ طلباء میں ذہنی استعدادکے ساتھ ساتھ جسمانی صحت کاعمل یکساں ضروری ہے۔ نوجوان نسل کو تعلیم کے ساتھ ساتھ جسمانی صحت پربھی توجہ دینی چاہئے کیونکہ نصابی تعلیم کے ساتھ ذہنی آسودگی کے لئے کھیل بھی ضروری ہے۔

انہوں نے کہاکہ اداروں میں ہم نصابی سرگرمیاں بچوں میں اعتماد کے فروغ کاباعث بنتی ہیں۔ سعادت اللہ نے کہاکہ غیرنصابی اور ہم نصابی سرگرمیاں طلباء کی صلاحیتوں کے اظہارکاموثرذریعہ ہوتی ہیں۔ ان میں حصہ لینے والے طلباء و طالبات عملی زندگی میں کامیاب رہتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہم نصابی اور غیرنصابی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے طلباء کے شعورمیں اضافہ ہوتاہے جوان کی قوت فیصلہ اور انتظامی صلاحیتیں بہتربنانے کاباعث بنتاہے۔انہوں نے بتایاکہ ایف جی ای آئی کے باصلاحیت طلباء کوکھیلوں میں صوبائی اور ملکی سطح پراپنی صلاحیتوں کالوہامنوانے کاموقع ملتاہے ۔

بچوں کوکھیل اور نصابی تعلیم میں توازن پرزوردیتے لیفٹیننٹ کرنل سعادت اللہ نے کہاکہ کھیل میں بے جاوقت ضائع کرناسودمندنہیں۔اپنے ذوق کے مطابق کسی بھی سپورٹس میں حصہ نہ لینابھی موزوں نہیں۔

انہوں نے کہاکہ انٹرریجن ٹورنامنٹ سے طلباء کو کھیلنے کے علاوہ دوسرے علاقوں میں جانے کاموقع ملتاہے جو کہ تعلیم کااہم حصہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ جس قوم کے نوجوان طاقتورہوں وہ قوم کبھی کسی میدان میں ناکام نہیں ہوتی۔انہوں نے کہاکہ کھلاڑی کاجسم توانااور ذہن آسودہ ہوتاہے جس سے انسان میں تحمل،برداشت اور اعتدال پسندی کاجذبہ پیداہوتاہے۔

اس موقع پرجی ایس او ون راولپنڈی ریجن لیفٹیننٹ کرنل سعادت اللہ نے ایونٹس میں بہترین کارکردگی دکھانے والے طلباء و طالبات میں تعریفی اسناداورانعامات تقسیم کیے۔ایف جی ٹیکنیکل ہائی سکول طارق آباد راولپنڈی ریجن بھرکے تمام سکولوں میں اول نمبرپررہاجبکہ اسی سکول کا طالبعلم عبدالسلام بہترین کھلاڑی قرارپایا۔اس موقع پرایف جی قائداعظم پبلک سکول کے طلباء و طالبات نے بینڈشواورپی ٹی شوکابھی مظاہرہ کیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے