پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ اور حکومت پاکستان ڈیموکریٹک (پی ڈی ایم) پر شور مچارہے ہیں، یہ کام پر توجہ دیتے تو شاید مچھ جیسے واقعات نہ ہوتے۔
ٹھٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ مشکل حالات میں بھی وزیراعظم کہتے ہیں وہ ٹریننگ پر ہیں، نااہل وزیراعظم کی وجہ سے عوام کو مہنگائی کا بوجھ اٹھانا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی ڈائیلاگ اسمبلی میں ہوسکتا ہے لیکن پہلے وزیراعظم مستعفی اور حکومت گھرجائے تاکہ معاملات کے سیاسی حل نکالے جائیں۔
بلاول نے پی ڈی ایم کو آبپارہ چوک کی جانب لانگ مارچ کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ عوام کے تعاون سے سلیکٹڈ حکومت ہٹا کر عوامی حکومت لائیں گے۔
مچھ واقعے پر پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں کان کنوں پر دہشتگردی کی مذمت کرتے ہیں، حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کرنا شروع کرے، جب سے یہ حکومت آئی ہے، نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہیں ہورہا،۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد نہ ہونے سے دہشتگرد بھاگ رہے ہیں، وزیر داخلہ اور حکومت پی ڈی ایم پر شور مچارہے ہیں، یہ کام پر توجہ دیتے تو شاید مچھ جیسے واقعات نہ ہوتے۔
خیال رہے کہ بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مچھ میں کوئلہ فیلڈ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 11 کان کن جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔