اتوار : 31 جنوری 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جرمن وزیرصحت، چینی اور روسی ویکسین کے بھی حامی[/pullquote]

جرمن وزیرصحت ژینس شپاہن نے کہا ہے کہ وہ جرمنی میں روسی اور چینی ویکیسن کے استعمال کے بھی خلاف نہیں۔ ان کا یہ بیان یورپ میں ویکسین کی دستیابی کے حوالے سے جاری بحث کے تناظر میں سامنےآیا ہے۔ شپاہن نے کہا کہ اگر ویکسین محفوظ ہے اور کارآمد ہے، تو اس سے فرق نہیں پڑتا کہ اس کو بنانے والا کون سا ملک ہے۔ جرمن اخبار فرانکفرٹر الگمائنے زونٹاگ سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ عالمی وبا کے خاتمے کے لیے تمام تر کاوشوں کو بروئے کار لانا چاہیے۔ جمعے کے روز روس نے اعلان کیا تھا کہ وہ اس برس کی دوسری سہ ماہی میں یورپی یونین کو سپُٹنک فائیو ویکسین کی سو ملین خوراکیں روانہ کر رہا ہے۔

[pullquote]روس میں مظاہرے ہزار سے زائد مظاہرین گرفتار[/pullquote]

روس بھر میں اپوزیشن رہنما الیکسی ناوالنی کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کرنے والوں میں شامل 1,600 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ناوالنی کی ٹیم کے مطابق روس کے سو سے زائد شہروں میں احتجاج کیا جا رہا ہے۔ یہ مظاہرین صدر ولادیمر پوٹن کے خلاف نعرے لگا رہے ہیں۔ روس میں جمہوریت پسند ایک مانیٹرنگ ویب سائٹ او وی ڈی انفو کے مطابق صرف ماسکو میں اتوار کی صبح ایک سو چالیس سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا۔

[pullquote]شامی باغیوں کے زیرقبضہ علاقے میں کاربم حملہ، دو افراد ہلاک[/pullquote]

شام میں ترکی کے حمایت یافتہ باغیوں کے زیرقبضہ علاقے عزاز میں ایک کار بم دھماکے میں کم از کم دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اتوار کے روز یہ حملہ شمالی صوبے حلب میں کیا گیا۔ شامی تنازعے پر نگاہ رکھنے والے مبصر گروپ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق اس علاقے میں گزشتہ دو روز میں یہ دوسرا کار بم حملہ ہے۔ ایک مقامی پولیس ذریعے نے خبر رساں دارے ڈی پی اے کو بتایا کہ یہ حملہ قصبے کے ایک ثقافتی مرکز کے قریب کیا گیا۔ فی الحال کسی گروپ یا تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

[pullquote]چاقو سے حملہ کرنے والے فلسطینی کو ہلاک کر دیا گیا، اسرائیلی فوج[/pullquote]

اسرائیلی فوج کی جانب سے اتوار کے روز کہا گیا ہے کہ مغربی کنارے میں چاقو سے حملے کی کوشش کرنے والے ایک فلسطینی کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ فوجی بیان کے مطابق اس فلسطینی نے بیت اللحم کے جنوب میں گش ایتزیون کے علاقے میں ایک جنکشن پر چاقو سے حملہ کیا۔ یہ بات اہم ہے اس علاقے میں دو درجن یہودی مکانات اور ایک فوجی چوکی موجود ہیں۔

[pullquote]جرمن شہر کے مرکز سے دوسری عالمی جنگ کے دوران گرائے گئے چار بم تلف[/pullquote]

جرمنی کے ایک وسطی شہر گؤٹنگن کے مرکز سے دوسری عالمی جنگ کے دوران گرائے گئے ایسے چار بم ناکارہ بنا دیے گئے ہیں جو پھٹ نہ سکے۔ اس سرگرمی کے لیے آٹھ ہزار سے زائد افراد کو متاثرہ علاقے سے نکالا گیا۔ بم ڈسپول کے ماہرین کو یہ دس ٹن وزنی بم ناکارہ بنانے میں کئی گھنٹے لگے۔ یہ بم دوسری عالمی جنگ کے دوران امریکی فوج کی جانب سے گرائے گئے تھے۔ ماہرین نے ان بموں کو بعد ازاں کنٹرولڈ طریقے سے ناکارہ بنا دیا۔ اس مقصد کے لیے ایک ایک کلومیٹر تک کا علاقہ خالی کرایا گیا تھا۔

[pullquote]جوہری ڈیل پر مذاکرات میں کوئی نیا شریک نہیں، ایران[/pullquote]

ایران نے ہفتے کے روز جوہری معاہدے پر مزید بات چیت یا گفتگو کے لیے شرکاء میں کسی بھی تبدیلی کو رد کر دیا ہے۔ اس سے قبل فرانسیسی صدر امانویل ماکروں نے مشورہ دیا تھا کہ ایران کے ساتھ جوہری مذاکرات میں سعودی عرب کو بھی شریک کیا جانا چاہیے۔ ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ جوہری معاہدہ ایک بین الاقوامی دستاویز ہے، جو سلامتی کونسل سے تصدیق شدہ ہے، اس کے مندرجات یا فریقین میں تبدیلی کی کوئی گنجائش موجود نہیں ہے۔ واضح رہے کہ امریکا کی جانب سے جوہری معاہدے سے نکلنے کے بعد ایران نے بھی یورینیم کی افزودگی میں اضافہ کر دیا تھا۔

[pullquote]ناوالنی کے موضوع پر سلامتی کونسل کاممکنہ اجلاس[/pullquote]

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اگلے ہفتے روس میں قید اپوزیشن رہنما الیکسی ناوالنی کے حوالے سے اجلاس منعقد کرنے والی ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق اس موضوع پر اجلاس ماسکو کے ساتھ کشیدگی میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بدھ کو شامی جنگ کے حوالے سے ماہانہ بات چیت کے بعد سلامتی کونسل الیکسی ناوالنی کے موضوع پر بھی بات چیت کرے گی۔ ایک سفارتی ذریعے کے مطابق اس اجلاس کا موضوع گزشتہ برس ناوالنی کو زہر دے کر ہلاک کرنے کی کوشش سے متعلق ہو گا، تاہم کونسل کے ارکان روس میں ناوالنی کی قید پر بھی ممکنہ طور پر بات چیت کریں گے۔

[pullquote]دھماکا خیز مواد کا حامل ڈرون تباہ کر دیا گیا، سعودی عسکری اتحاد[/pullquote]

سعودی عرب کی قیادت میں عرب عسکری اتحاد کا کہنا ہے کہ یمنی فضائی حدود میں دھماکا خیز مواد کا حامل ایک ڈرون تباہ کر دیا گیا ہے۔ سعودی سرکاری ٹی وی چینل کے مطابق یہ ڈرون حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر حملے کے لیے روانہ کیا گیا تھا، تاہم اسے یمن ہی میں نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا۔ واضح رہے کہ سعودی عرب کی قیادت میں عرب عسکری اتحاد گزشتہ کئی برسوں سے یمن میں ایران نواز شیعہ حوثی باغیوں کے خلاف عسکری مداخلت میں مصروف ہے، جب کہ اس دوران حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر متعدد ڈرون اور میزائل حملے کیے جا چکے ہیں۔

[pullquote]الجزائر میں کورونا ویکسینیشن مہم شروع[/pullquote]

الجزائر میں باقاعدہ طور پر شمالی شہر بلدہ سے کورونا وائرس کے خلاف ویکسینیشن مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ الجزائر کے مطابق جمعے کے روز اسے روس کی تیار کردہ سُپٹنِک فائیو ویکسین کی پہلی کھیپ ملی۔ الجزائر نے دسمبر کے اواخر میں سپٹنِک ویکسین کی پانچ لاکھ خوراکوں کا آرڈر دیا تھا۔ وزیرصحت عبدالرحمان بن بوزید نے کہا ہے کہ ملک کی چوالیس ملین آبادی کے لیے کافی ویکسین کے حصول کی کوشش کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ الجزائر میں اب تک ایک لاکھ سات ہزار افراد کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں، جب کہ وہاں ہونے والی ہلاکتیں دو ہزار آٹھ سو اٹھاسی ہیں۔

[pullquote]ہانگ کانگ کے شہریوں کے لیے خصوصی برطانوی ویزہ[/pullquote]

ہانگ کانگ کے رہائشی آج اتوار کے روز سے برطانیہ میں سکونت کی درخواست دے سکتے ہیں۔ یہ برطانوی اسکیم گزشتہ برس ہانگ کانگ میں نافذ کردہ متنازعہ سکیورٹی قوانین کے تناظر میں شروع کی گئی ہے۔ اس سے قبل چین اور ہانگ کانگ نے اعلان کیا تھا کہ وہ اکتیس جنوری سے برطانوی نیشنل اوورسیز پاسپورٹ کو ایک قانونی سفری دستاویز کے بہ طور قبول کرنا ترک کر دیں گے۔ برطانیہ کا کہنا ہے کہ وہ ہانگ کانگ کے شہریوں کے لیے برطانوی شہریت کے دروازے کھول کر اپنے اس وعدے کی تکمیل کر رہا ہے، جو اس نے سن 1997 میں یہ شہر چین کے حوالے کرتے ہوئے ہانگ کانگ کے شہریوں سے کیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے