پیر : 01 فروری 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]میانمار میں جلد نئے الیکشن کرائے جائیں گے، فوج[/pullquote]

میانمار کی فوج نے کہا ہے کہ ملک میں جلد ہی نئے الیکشن کرائے جائیں گے، جس کے بعد اقتدار جمہوری حکومت کو سونپ دیا جائے گا۔ قبل ازیں آج ہی ملکی فوج نے آنگ سان سوچی کی حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد ملک کا انتظام فوجی کمانڈران چیف کے سپرد کر دیا۔ فوج کا الزام ہے گزشتہ برس نومبر میں ہوئے الیکشن میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کی گئی تھی۔ اس فوجی بغاوت پرجرمنی سمیت متعدد ممالک نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے کہا کہ اس پیش رفت سے میانمار میں جمہوری عمل خطرے میں پڑ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوچی اور دیگر حکومتی عہدیداروں کو فوری طور پر رہا کر دیا جائے۔

[pullquote]میانمار کی فوج جمہوریت بحال کرے، یورپی کونسل کا مطالبہ[/pullquote]

یورپی کونسل کے صدر شارل میشل نے میانمار میں حکومتی تختہ الٹنے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ملکی فوج سے مطالبہ کیا ہے کہ گرفتار کیے جانے والے تمام سیاسی رہنماؤں کو فوری طور پر رہا کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوری نظام بحال کر دینا چاہیے جبکہ الیکشن نتائج کا احترام کیا جانا چاہیے۔ ادھر میانمار کی فوج نے کہا ہے کہ وہ جلد ہی نئے الیکشن کرانے کے بعد اقتدار جمہوری حکومت کو سونپ دے گی۔

[pullquote]میانمار کی صورتحال پر عالمی برداری کا سخت ردعمل[/pullquote]

میانمار میں فوج کی طرف سے حکومت کا تختہ الٹنے پر امریکا سمیت متعدد ممالک نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ وائٹ ہاوس کی ترجمان جین ساکی نے کہا ہے کہ امریکا میانمار کی میں جمہوریت کی بحالی چاہتا ہے جبکہ ملکی سربراہ آنگ سان سوچی اور دیگر سویلین عہدیداروں کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر میانمار کی فوج ان اقدامات کو واپس نہیں لیتی تو ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ملائیشیا نے میانمار کی فوج اور سیاسی رہنماؤں پر زور دیا ہے کہ تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے۔

[pullquote]بھارت، آئندہ مالی بجٹ میں صحت کے شعبے میں دو گنا اضافہ[/pullquote]

بھارتی وزیر خزانہ نے آج پارلیمان میں آئندہ مالی سال کا ملکی بجٹ پیش کیا، جس میں ہیلتھ سیکٹر میں بجٹ کو گزشتہ سال کے مقابلے میں دوگنا کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ برس کی پہلی سہ ماہی میں بھارتی اقتصادیات میں 23.9 فیصد کی پریشان کن کمی ہوئی تھی۔ کووڈ کی عالمی وبا کی وجہ سے بھارتی اقتصادیات کو شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تاہم حکومت کا کہنا ہے کہ آئندہ برس کے بجٹ میں ان مسائل سے نمٹنے کے لیے خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ اس مجوزہ بجٹ میں صحت کے شعبے کے لیے تیس اعشاریہ چھ بلین روپے مختص کیے گئے ہیں۔

[pullquote]عالمی ادارہ صحت کی ٹیم کا چینی طبی مراکز کا دورہ[/pullquote]

عالمی ادارہ صحت کی ٹیم نے آج چین میں بیماریوں سے نمٹنے والے دو سینٹرز کا دورہ کیا۔ طبی ماہرین کی ٹیم کورونا وائرس کی عالمی وبا کے پھیلنے کی وجوہات معلوم کرنے کی خاطر گزشتہ ماہ چین پہنچی تھی۔ یہ ٹیم ووہان میں مقامی افراد اور طبی اہلکاروں سے بھی مل رہی ہے تاکہ اس وبا کے پھوٹنے کے عوامل کو جانا جا سکے۔ چین پر الزام ہے کہ اس نے کورونا کی وبا شروع ہونے کے بعد ابتدائی احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کی تھیں، جس کی وجہ سے اس سے جنم لینے والی بیماری دنیا بھر میں پھیلی۔

[pullquote]ناوالنی کی سزائے معطل حقیقی سزا میں بدل دی جانی چاہیے، وفاقی استغاثہ[/pullquote]

روسی استغاثہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن رہنما الیکسی ناوالنی کی سزائے معطل کو بدل کر انہیں حراست میں لے لینا چاہیے۔ روسی حکومت نے ناوالنی کو سزائے معطل کی بنیادی شرائط کی خلاف ورزی پر گرفتار کر رکھا ہے۔ روسی صدر پوٹن کے سخت ناقد ناوالنی پر مالی خرد برد کا الزام ہے۔ تاہم وہ اسے سیاسی الزامات قرار دیتے ہیں۔ روس میں ناوالنی کے حق میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ صرف اتوار کے دن ہی ناوالنی کے پانچ ہزار سے زائد حامیوں کو گرفتار کیا گیا۔ ناوالنی کو پوٹن کے لیے خطرہ قرار دیا جاتا ہے۔

[pullquote]بھارت، بجٹ کے اعلان سے قبل نئی دہلی میں سکیورٹی ہائی الرٹ[/pullquote]

بھارتی سکیورٹی اہلکاروں نے کسان مظاہرین کے نئی دہلی میں داخلے کو روکنے کی خاطر سکیورٹی بڑھا دی ہے۔ یہ اقدام ایک ایسے وقت پر کیا گیا، جب بھارتی وزیر خزانہ نے آج پارلیمان میں سالانہ بجٹ پیش کیا۔ بتایا گیا ہے کہ کسانوں کو دارالحکومت میں داخل ہونے سے روکنے کی خاطر گڑھے کھودنے کے علاوہ خار دار تاروں سے رکاوٹیں بھی کھڑی کردی گئیں۔ چھبیس جنوری کو بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پرکسان دہلی کے لال قلعے تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے تھے جبکہ پرتشدد جھڑپیں بھی ہوئی تھیں۔

[pullquote]صومالی دارالحکومت میں حملہ آوروں کو پسپا کر دیا گیا[/pullquote]

صومالی سکیورٹی فورسز نے موغادیشو میں ایک ہوٹل پر حملہ کرنے والے الشباب گروپ کے انتہاپسندوں پر قابو پا لیا ہے۔ حکام نے بتایا ہے کہ اس کارروائی میں کم از کم نو افراد ہلاک ہوئے۔ اتوار کے دن حملہ آور خود کش حملہ کرتے ہوئے دارالحکومت میں واقع ایک ہوٹل میں داخل ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ تاہم پیر کی صبح سکیورٹی فورسز نے ان جنگجوؤں کو پسپا کر دیا۔ دہشت گرد تنظیم القاعدہ کا حامی انتہا پسند گروہ الشباب صومالیہ کی حکومت کا تختہ الٹنے کے لیے سن دو ہزار آٹھ سے مسلح بغاوت جاری رکھے ہوئے ہے۔

[pullquote]کرپشن کے خلاف جنگ جاری رہے گی، ویت نام[/pullquote]

ویت نام میں برسر اقتدار کمیونسٹ پارٹی کے رہنما نے کہا ہے کہ وہ پارٹی کے اندر پائی جانے والی بدعنوانی کو ختم کر دیں گے۔ پیر کے دن تیرہویں نیشنل کانگریس کے اختتام پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فو ٹنگ نویہنگ نے کہا کہ بدعنوانی کے خلاف جنگ کے دوران لاکھوں امریکی ڈالرز واپس حکومتی خزانے میں آ چکے ہیں جبکہ کرپشن کے خلاف یہ جنگ جاری رہے گی۔ کووڈ انیس کی وجہ سے اس مرتبہ یہ کانگریس سخت سکیورٹی انتظامات میں منعقد کی گئی جبکہ اس کا دورانیہ بھی کم کر دیا گیا تھا۔

[pullquote]کووڈ انیس، رائن ایئر کو تاریخی مالی نقصان کا سامنا[/pullquote]

یورپ کی بجٹ ہوائی کمپنی رائن ایئر نے بتایا ہے کہ کووڈ کی عالمی وبا کی وجہ سے اسے مسلسل تیسری سہ ماہی میں بھی بڑے نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ آئر لینڈ کی اس کمپنی کو گزشتہ سہ ماہی میں تین سو چھ ملین یورو کا نقصان ہوا۔ اس کمپنی کی پینتیس سالہ تاریخ میں اسے ہونے والا یہ سب سے بڑا مالی نقصان ہے۔ رائن ایئر نے رواں سال کو ایک بڑا چیلنج قرار دیا ہے۔ کورونا وبا کی وجہ سے سیاحت کی صنعت کو بھی شدید نقصان ہو رہا ہے۔

[pullquote]میانمار میں فوج نے ملک کا کنٹرول سنبھال لیا، سوچی گرفتار[/pullquote]

میانمار کی فوج نے منتخب حکومت کا تختہ الٹ کر سیاسی رہنما آنگ سان سوچی سمیت متعدد سیاسی رہنماوں کوحراست میں لے لیا ہے۔ آج صبح ملکی فوج نے ملک کا انتظام سنبھالنے کی تصدیق بھی کر دی۔ فوج کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق وہ کمانڈر ان چیف من آنگ ہلاینگ کو اختیارات سونپ رہی ہے۔ فوج نے گزشتہ برس نومبر میں ہوئے پارلیمانی الیکشن میں دھاندلی کے الزامات عائد کیے تھے تاہم الیکشن کمیشن نے انہیں رد کر دیا تھا۔ میانمار میں پانچ دہائیوں تک فوجی جنتا کی آمریت کے بعد سن دو ہزار پندرہ میں جمہوری نظام فعال ہوا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے